سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟

1- پانی کے مرکزی والو کو بند کرنا

این ایچ کے، سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں، نل کا محفوظ پانی ہر وقت دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن جب زلزلے یا دیگر آفات کی وجہ سے پانی کی فراہمی رُک جائے تو لوگوں کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں اطمینان سے ردعمل کرنے میں مدد دینے والی معلومات فراہم کریں گے۔ پہلے حصے میں، ہم پانی بند کرنے والے والوز پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں آپ کو سب سے پہلا قدم یہ اُٹھانا چاہیے کہ مرکزی والو کو بند کر دیں۔ اس سے آپ کے گھر کے پانی کے پائپوں میں گدلا پانی داخل ہو جانے کی روکتھام میں مدد ملے گی۔ ماضی کے سانحات میں ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں کہ جب گدلے پانی کی وجہ سے بیت الخلاء اور واٹر ہِیٹر خراب ہو گئے۔

عام گھروں میں، مین والو آپ کے گھر کی حدود میں پانی کے میٹر کے بکس کے اندر ہوتا ہے، جس کے اُوپر، دھات یا پلاسٹک کا ایک مربع ڈھکن ہوتا ہے۔

ہو سکتا ہے کہ رہائشی کمپلیکس میں، فلیٹوں اور اپارٹمنٹس کے لیے پانی کے میٹر مختلف طریقے سے لگے ہوں۔ فلیٹوں میں، یہ میٹر اکثر ہر رہائشی یونٹ کے داخلی دروازے کے قریب، الماری جیسی بند جگہ کے اندر ہوتے ہیں۔

اپارٹمنٹس میں، پانی کے میٹر عام گھروں کی طرح زمین میں یا پھر راہداری یا دوسری مشترکہ جگہوں پر ہو سکتے ہیں۔ غالباً دیگر اپارٹمنٹس کے میٹر بھی اُسی جگہ ہو سکتے ہیں، لہٰذا پہلے میٹر کا کمرہ نمبر چیک کر کے اس بات کی تصدیق کر لیں کہ آپ اپنے اپارٹمنٹ کے والو کو ہی بند کر رہے ہیں۔

پانی بند کرنے کے لیے والو کو گھڑی وار اور پانی کا بہاؤ دوبارہ شروع کرنے کے لیے گھڑی وار کی اُلٹی طرف گھمائیں۔ مزید احتیاط کے لیے، آپ اپنے ٹوائلٹ، واٹر ہِیٹر اور واشنگ مشین کے والو کو بھی بند کر سکتے ہیں۔

یہ معلومات 20 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

2- بیت الخلاء کیسے استعمال کریں؟

این ایچ کے، سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں، نل کا محفوظ پانی ہر وقت دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن جب زلزلے یا دیگر آفات کی وجہ سے پانی کی فراہمی رُک جائے تو لوگوں کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں اطمینان سے ردعمل کرنے میں مدد دینے والی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ آج بیت الخلاء کے استعمال کے طریقے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

زلزلے اور کسی دوسرے واقعے میں نکاسی آب کے پائپ ٹوٹ جانے کی صورت میں، ٹوائلٹ کا فلش چلا کر بہایا گیا پانی واپس آ سکتا ہے۔ ٹوائلٹ استعمال کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں غیر یقینی کا سامنا ہونے کی صورت میں آپ کو چاہیے کہ نکاسی آب کے نظام کی موجودہ حالت کے بارے میں پلمبر یا اپنے مکان کے مالکان کی تنظیم سے مشورہ کریں۔

ٹوائلٹ کو فلش کر سکنے یا نہ کر سکنے کا یقین نہ ہونے یا پانی بند نظر آنے کی صورت میں، آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ پورٹیبل ٹوائلٹ استعمال کریں۔ ایسا کوئی ٹوائلٹ دستیاب نہ ہو تو ایک سادہ سے تھیلے کو بیت الخلاء کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسے بنانے کا طریقہ نوٹ کر لیں۔ سب سے پہلے، آپ ٹوائلٹ کے کموڈ میں پلاسٹک کا ایک بڑا بیگ بچھائیں۔ پھر دو تہیں لگانے کے لیے اس کے اندر ایک اور بڑا تھیلا بچھائیں۔ تھیلے کے اندر ڈائپرز، پالتو جانوروں کی چادریں یا پانی جذب کرنے والی کوئی دوسری چیز رکھیں۔ گھر کے بیت الخلاء میں کموڈ نہ ہونے کی صورت میں موٹے اور مضبوط گتے کا ایک ڈبہ بنائیں اور ڈبے کے اُوپری حصے کے بیچ میں ایک سوراخ کریں۔ اس کام کے لیے بالٹی بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ لیکن گتے کے ڈبے یا بالٹی پر بیٹھتے وقت اُس پر زیادہ وزن نہ ڈالنے کو یقینی بنائیں۔

ڈائپرز یا پالتو جانوروں کی چادروں کی جگہ مروڑے گئے اخبارات استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ اخبارات کم جاذب اور اِسی وجہ سے کم حفظانِ صحت والے ہوتے ہیں اور انہیں زیادہ کثرت سے ٹھکانے لگانا چاہیے۔ ٹوائلٹ کے استعمال شدہ تھیلے کو ٹھکانے لگانے سے پہلے اس کا منہ مضبوطی سے باندھ دیں اور اپنی بلدیہ کی فُضلہ ٹھکانے لگانے کی ہدایات کے مطابق پھینکیں۔

یہ معلومات 21 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

3- پانی مہیا کرنے والے مراکز پر پانی بھرنے کے لیے کیا لے جانا چاہیے؟

این ایچ کے، سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں، نل کا محفوظ پانی ہر وقت دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن جب زلزلے یا دیگر آفات کی وجہ سے پانی کی فراہمی رُک جائے تو لوگوں کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں اطمینان سے ردعمل کرنے میں مدد دینے والی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ آج ہم ہنگامی حالات میں پانی مہیا کرنے والے مراکز میں پانی بھرنے کیلیے لیکر جانے والی اشیاء پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

سب سے پہلے، پانی بھرنے کے لیے بڑے منہ والا کوئی کنٹینر تیار کرنا چاہیے. پانی کے ٹرک کی ٹونٹی کا سائز ایک عام نل سے بڑا ہوتا ہے، اس لیے بڑے منہ والا کنٹینر استعمال کر کے، آپ پانی ضائع کیے بغیر اسے کم وقت میں بھر سکتے ہیں۔

اس کے بعد، پانی مہیا کرنے والے مراکز جانے سے پہلے آپ کو یہ سوچنا چاہیے کہ پانی سے بھرے کنٹینر کو کیسے گھر واپس لانا ہے۔ جتنا زیادہ پانی ڈالیں گے وہ اُتنا ہی بھاری ہو جائے گا۔ اگر آپ کو پانی لے کر پیدل گھر واپس جانا ہے، تو مشورہ دیا جاتا ہے کہ پُشتی بیگ، اُٹھا کر لے جا سکنے والا کیس یا چھکڑی استعمال کریں، تاکہ آپ اپنی کمر کے نچلے حصے پر بوجھ کم کر سکیں۔ پُشتی بیگ استعمال کرنے کی صورت میں اندر پلاسٹک کا ایک بڑا تھیلا رکھیں، جو اکثر کوڑا پھینکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تھیلے کو پانی سے بھرنے کے بعد اُس کا سِرا مضبوطی سے باندھنا یقینی بنائیں۔ اضافی حفاظتی اقدام کے طور پر اُوپر تلے دو تھیلے استعمال کریں۔

حال ہی میں پانی بھرنے کے ایسے مراکز بھی سامنے آئے ہیں، جہاں آپ گاڑی میں جا سکتے ہیں اور مرکز کا عملہ آپ کے کنٹینر کو پانی سے بھر دیتا ہے۔

پانی مہیا کرنے کے لیے قائم کردہ مراکز کی دستیابی کے بارے میں معلومات عموماً متعلقہ مقامی حکومتوں کی ویب سائٹس کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

براہ مہربانی، پانی کی فراہمی کے مراکز پر وہاں کے عملے کی ہدایات پر عمل کریں۔

یہ معلومات 22 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

4- بچوں کی پانی کی کم سے کم مقدار کے ساتھ دیکھ بھال

این ایچ کے، سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں، نل کا محفوظ پانی ہر وقت دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن جب زلزلے یا دیگر آفات کی وجہ سے پانی کی فراہمی رُک جائے تو لوگوں کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں اطمینان سے ردعمل کرنے میں مدد دینے والی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ آج ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ پانی کی محدود مقدار کے ساتھ اپنے بچّے کی دیکھ بھال کیسے کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ آپ اپنے بچے کو روزانہ غسل دیں کیونکہ اُن کی جلد میں میٹابولزم یعنی جسم میں کیمیائی تبدیلیوں کے عمل کی شرح زیادہ ہوتی ہے اور اس طرح یہ بڑی مقدار میں پسینہ اور لِپیڈ یعنی چکنائی خارج کرتے ہیں۔ لیکن پانی کی فراہمی رُک جانے کے دوران جب بچوں کو غسل دینا مشکل ہو تو بوتل میں جھاگ بننے والا صابن استعمال کرتے ہوئے، جُزوی صفائی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ عام طور پربچے کے غسل کے لیے کم از کم دس لیٹر پانی درکار ہوتا ہے۔ لیکن آپ سپلائی اسٹیشنوں سے حاصل کردہ محدود پانی کے ساتھ پورے جسم کے بجائے چوتڑ اور سر، گردن اور چہرے کو دھو کر بچوں کو صاف رکھ سکتے ہیں۔

سب سے پہلے، اپنے بچے کو تولیے یا واٹر پروف شیٹ پر پیٹھ کے بَل لٹائیں۔ اُس کے جسم کے مذکورہ بالا حصوں کو بہت سارے صابن سے آہستہ آہستہ دھونے سے پہلے جسم کو گرم پانی سے صاف کریں۔ اس کے بعد صابن کو گرم پانی سے دھو لیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ تولیے سے ان کی جلد کو خشک کرنے کے فوراً بعد نم کرنے والی شے لگائیں۔ اس سے جلد کی بیماریوں اور دانوں وغیرہ سے بچا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ، پانی کی فراہمی منقطع ہونے کے دوران اگر آپ بچّے کی بوتلوں کو جراثیم سے پاک نہ کر سکیں تو بچّے کی صحت کے لیے خطرات پیدا کیے بغیر اُسے خوراک دینے کے لئے کاغذ کے کپ استعمال کر سکتے ہیں۔ اپنے ہاتھوں کو الکحل سے صاف کریں اور پورٹیبل چولہے وغیرہ کی مدد سے پانی اُبال لیں۔ کچھ پانی تھرمل برتن میں، اور کچھ مَگ میں ڈال دیں، جہاں یہ ٹھنڈا ہو سکے۔ اب ایک کاغذ کے کپ میں تقریباً ایک تہائی کپ گرم پانی میں بچے کے فارمولا دودھ کو حل کریں اور مَگ سے پانی شامل کر دیں۔ اب اسے کمرے کے درجۂ حرارت پر ٹھنڈا کر کے مکس کریں۔ دودھ کی معمول سے کچھ زیادہ مقدار تیار کرنا یقینی بنائیں کیونکہ اکثر اوقات دودھ بچّے کے منہ سے گر جاتا ہے۔

یہ معلومات 23 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

5- گندا پانی بہہ کر واپس آنے کی روکتھام

این ایچ کے، سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں، نل کا محفوظ پانی ہر وقت دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن جب زلزلے یا دیگر آفات کی وجہ سے پانی کی فراہمی رُک جائے تو لوگوں کو بڑی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو پانی کی فراہمی رُک جانے کی صورت میں اطمینان سے ردعمل کرنے میں مدد دینے والی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ آج، ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ سیوریج بیک فُلو یعنی گندے پانی کے واپس آنے کو کیسے روکا جائے۔

سیلاب کی آنے صورت میں، پانی کی فراہمی منقطع ہونے کے ساتھ سیوریج کے آلودہ پانی کا بیک فُلو یعنی گندے پانی کا واپس آنا باعثِ تشویش امر ہوتا ہے۔ گندا پانی اُس وقت واپس آتا ہے جب گھر ڈوب جاتے ہیں اور گٹروں کا پانی اُلٹی طرف بہنے لگتا ہے۔ غسل خانوں، بیت الخلاء اور واشنگ مشینوں کے پانی کے اخراج کے سوراخوں سے گندا پانی باہر آنے کے بعد اِن کی صفائی کرنا پریشان کُن عمل ہوتا ہے۔ جراثیم اور وائرس بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، اور بدبُو باقی رہ سکتی ہے۔

بیک فُلو کو روکنے میں پانی کے تھیلے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ پانی کا یہ تھیلہ کچرے کے بڑے تھیلے سے بنایا جا سکتا ہے، جو زیادہ تر گھرانوں میں موجود ہوتے ہیں۔ کچرے کے تھیلے کو ڈبل کر لیں اور پانی سے نصف تک بھر لیں۔ تھیلے سے ہوا خارج کر کے بیگ کو گِرہ لگا دیں۔ بیت الخلاء کے بیک فُلو کو روکنے کے لیے، ٹوائلٹ کے سوراخ کو خالی بیگ سے ڈھانپیں اور اُس پر پانی کا بیگ رکھ دیں۔ یہ طریقہ مرکزی اور مقامی حکومتوں کی طرف سے تجویز کردہ ہے۔

جہاں تک احتیاط کے وقت کا سوال ہے تو جب سیلاب کا خطرہ ہو تو جس قدر جلد ممکن ہو احتیاطی تدبیر کرنا بہتر ہو گا۔ اگر آپ اپنے بیت الخلاء سے بُلبُلہ آوازیں سُنیں یا بدبُو محسوس کریں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بیک فُلو کا خطرہ ہے، لہٰذا خاص احتیاط کریں۔ بیت الخلاء کے علاوہ اپنے گھر میں پانی وغیرہ کے اخراج کے دیگر تمام راستوں کا بھی معائنہ کریں۔ ہاتھ دھونے کے واش بیسن، واشنگ مشین، کچن کے سِنک اور دیگر خارجی سوراخوں پر پانی کے تھیلے رکھیں۔ اس سے سیوریج کے بیک فُلو کو روکنے میں مدد ملے گی۔

یہ معلومات 24 مئی 2024ء تک کی ہیں۔