سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

آفات کے موقع پر انخلاء سے متعلق مددگار معلومات

1- انخلاء کے مقامات

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا ۔اس تازہ ترین سلسلے میں ہم آپ کو اس بارے میں مددگار معلومات مہیا کریں گے کہ کوئی قدرتی آفت وغیرہ آنے کے بعد آپ کو کب پناہ لینی چاہیے۔ آج ہم انخلائی مراکز سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

جاپان میں بلدیاتی حکومتیں اُن لوگوں کیلئے اسکولوں کے جمنازیم یا کمیونٹی ہالوں میں انخلائی مراکز قائم کرتی ہیں جن کے گھروں کو نقصان پہنچا ہو، یا قدرتی آفت وغیرہ کی وجہ سے گھر رہنے کیلئے غیر محفوظ ہو گیا ہو۔ ایسے واقعات بھی ہوئے ہیں کہ رہائشیوں نے خود اقدامات اٹھاتے ہوئے انخلائی مراکز قائم کیے۔ آپ کو ایسے مراکز کے مقامات کی معلومات، آفات سے بچاؤ کے نقشوں یا آپ کی بلدیہ کی ویب سائٹس پر مل سکتی ہیں۔

خوراک، کمبل اور روزمرہ ضرورت کی اشیاء انخلائی مراکز پر تقسیم کی جاتی ہیں لہٰذا انخلاء کرنے والے وہاں طویل عرصہ قیام کرسکتے ہیں۔ اپنی گاڑیوں میں انخلاء کرنے والے لوگ بھی ضرورت پڑنے کی صورت میں ان مقامات سے خوراک اور دیگر اشیاء لے سکتے ہیں۔

نظم و ضبط برقرار رکھنے کی غرض سے ہر انخلائی مرکز کے اپنے ضوابط ہوتے ہیں۔ وہاں قیام کرنے والے ہر شخص کیلئے ضروری ہے کہ وہ عملے کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرے۔ کھانا وصول اور غسل خانہ استعمال کرتے وقت اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ پہلے سے لگی قطار کے آخر میں کھڑے ہوں۔ یہ بات بہت اہم ہے کہ انخلائی مراکز پر قیام کے دوران لوگ ایک دوسرے کی مدد کریں۔

یہ معلومات 16 جنوری 2024ء تک کی ہیں۔

2۔ ہائپوتھرمیا

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم موسمِ سرما کی سردی میں ہائپوتھرمیا یعنی جسمانی درجۂ حرارت معمول سے کم ہو جانے سے بچنے میں مددگار معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

موسم سرما میں پناہ گاہوں میں پناہ لیتے وقت ہائپوتھرمیا ہونے کے خطرے سے خبردار رہنا چاہیے۔ مثال کے طور پر اسکولوں کے جمنازیم میں قائم مراکز جیسی پناہ گاہوں میں اکثر خاطر خواہ گرمائش کا بندوبست نہیں ہوتا۔

ہائپوتھرمیا کے باعث کپکپاہٹ طاری ہو جاتی ہے، جو بدترین صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ موسمِ سرما میں کئی گرم کپڑے پہنتے ہوئے اور اخباری کاغذ کو بل دے کر جیکٹ یا کوٹ کے اندر رکھ کر جسم کو گرم رکھا جانا چاہیے۔ جسم کو کمبل میں لپیٹنا بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ جسم کی حرارت کم ہو جانے سے بچنے کے لیے فرش پر بیٹھتے یا لیٹتے وقت کمبل یا گتا بچھائیے۔ جسم کو اندر سے گرمائش پہنچانے کے لیے گرم پانی یا دیگر مشروبات کا استعمال کارگر ثابت ہوتا ہے۔ گرم پانی سے بھری پلاسٹک کی بوتلیں اور ڈسپوزیبل ہینڈ وارمر بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ نسبتاً بڑی عمر کے افراد خاص کر ہائپوتھرمیا کے خطرے سے دوچار ہوتے ہیں، کیونکہ اُنہیں اپنے جسم کا درجۂ حرارت برقرار رکھنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ ہائپوتھرمیا کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اُن کے جسم کو فوراً گرمائش پہنچائیے اور ضروری ہو تو ہسپتال منتقل کیجیے۔

یہ معلومات 17 جنوری 2024 تک کی ہیں۔

3- اکانومی کلاس سنڈروم

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج کی قسط میں اکانومی کلاس سنڈروم سے بچنے میں مددگار معلومات مہیا کی جا رہی ہیں۔

اکانومی کلاس سنڈروم اُس وقت ہوتا ہے جب خون کے خراب بہاؤ کی وجہ سے خون میں لوتھڑے بن جاتے ہیں اور پھیپھڑوں کی رگوں میں خون کے بہاؤ کو روکتے ہیں۔ سنڈروم کی علامات میں سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں، اور بدترین صورت میں یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔ جب لوگ انخلائی مرکز یا گاڑی میں پناہ لیتے ہیں تو اکثر ایک ہی حالت میں رہتے ہیں، جس سے سنڈروم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

آپ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس کیفیت سے بچ سکتے ہیں۔ ان میں اپنے ہاتھوں اور ٹانگوں کو باقاعدگی سے حرکت دینا اور پنڈلیوں کی نرمی سے مالش کرنا شامل ہے۔ مشروبات کثرت سے لیں۔ ورزش کے لیے دن کا وقت باہر گزارنا بھی مؤثر ہے۔ اگر آپ میں سینے میں درد یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں تو اپنے آس پاس کے لوگوں سے مدد کے لیے پوچھنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔

یہ معلومات 18 جنوری 2024ء تک کی ہیں۔

4- کاربن مونو آکسائیڈ سے زہر جسم میں جانے کا خطرہ

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج کی قسط میں کاربن مونو آکسائیڈ سے زہر پھیلنے کے خطرے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

پناہ گاہوں میں گرمائش وغیرہ کے لیے کوئلہ جلانے یا پورٹیبل پاور جنریٹر استعمال کرتے وقت کاربن مونو آکسائیڈ سے زہر پھیل کر سانس کے ذریعے جسم میں جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔ کاربن مونو آکسائیڈ کا نہ تو کوئی رنگ اور نہ ہی کوئی بُو ہوتی ہے۔ اس گیس میں مسلسل سانس لینے کی صورت میں سردرد اور متلی کے ساتھ ساتھ بے ہوشی طاری ہو سکتی ہے، جس کا نتیجہ بالآخر موت کی صورت میں برآمد ہو سکتا ہے۔ بند جگہوں کے اندر کاربن مونو آکسائیڈ خارج کرنے والا ایندھن ہرگز نہیں جلانا چاہیے۔

گاڑی کے ذریعے انخلاء کرتے وقت کاربن مونو آکسائیڈ سے زہر پھیل کر بدن میں جانے کے خطرے کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ پٹرول سے چلنے والی گاڑی چلاتے وقت گیراج کے اندر انجن نہ چلائیے۔ باہر کھلی فضاء میں برفباری کے دوران گاڑی کا دھواں نکالنے والے پائپوں کو برف سے ڈھک جانے سے بچائیے۔ ان دونوں صورتوں دھواں خارج کرنے والے پائپ کے ذریعے نکلنے والا دھواں گاڑی کے اندر داخل ہو سکتا ہے اور یہ سانس کے ذریعے زہریت بدن میں جانے کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ معلومات 19 جنوری 2024 تک کی ہیں۔

5- انفیکشن سے بچاؤ

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم انفیکشن سے بچاؤ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

انخلاء کے مراکز میں پناہ لینے والے زیادہ لوگوں کی وجہ سے اکثر بِھیڑ ہو جاتی ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ وہاں کافی مقدار میں صاف پانی یا الکحل والی جراثیم کش ادویات نہ ہوں، جو حفظانِ صحت کے لیے ضروری ہیں۔ ایسے ماحول میں چونکہ انفلوئنزا، گیسٹرو اینٹرائیٹس یعنی معدے اور انتڑیوں کی سوزش یا کووِڈ-19 انفیکشن آسانی سے پھیل سکتا ہے، اس لیے اجتماعی انفیکشن سے بچنے کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے۔

متعدی امراض کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ ’’کھانے سے پہلے اور بیت الخلاء استعمال کرنے کے بعد لازمی ہاتھ دھونا انفیکشن سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر پانی یا جراثیم کش محلول مناسب مقدار میں دستیاب نہیں ہے تو، سینیٹائزنگ وائپ یا تھوڑی مقدار میں پانی یا سبز چائے سے گیلے ٹِشو سے ہاتھوں کو صاف کرنا بھی انفیکشن کے خطرات کو کم کرنے میں مؤثر ہے”۔

جب آپ کو بخار یا کھانسی جیسی علامات ہوں، تو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ماسک پہنیں اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوسروں سے الگ کمرے میں رہیں۔ ماہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب آپ خود کو بیمار محسوس کریں تو آپ کو اپنے آس پاس کے لوگوں سے مدد مانگنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

یہ معلومات 22 جنوری 2024ء تک کی ہیں۔

6- جرائم سے بچنا

این ایچ کے قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم کسی قدرتی آفت کے بعد افراتفری کے دوران ہونے والے ممکنہ جرائم سے بچنے کیلئے مفید معلومات فراہم کریں گے۔

سانحے سے متاثرہ علاقے میں چوری کے واقعات پر اکثر سب سے زیادہ تشویش ظاہر کی جاتی ہے۔ رہائشیوں کے پناہ گاہوں میں رہنے کے دوران چور گھروں اور اسٹوروں میں گھس کر نقدی اور دیگر اشیاء چُرا سکتے ہیں۔ گزشتہ قدرتی آفات کے مواقعوں پر اس طرح کے جرائم کی اکثر و بیشتر اطلات دی گئی تھیں۔ زلزلہ زدہ علاقے میں پولیس نے گشت اور تفتیشی کاروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔

انخلائی مراکز میں اپنی ذاتی چیزوں کی چوریوں پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ انخلاء کرنے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ قیمتی چیزیں پہنے رکھیں یا اُن پر مستقل نظر رکھیں۔

انخلاء کر کے پناہ لینے والے دھوکہ دہی کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ قدرتی آفات میں ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں دھوکہ بازوں نے بدنیتی سے متاثرین سے معاہدوں پر دستخط کروائے یا اُن سے رقم ٹھگ لی۔

یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ جنسی جرائم سے ہوشیار رہیں۔ ماضی میں غیر ضروری طور پر خواتین کے بدن کو چھوا گیا یا اُنہیں پناہ گاہوں میں جنسی حرکتوں میں شریک ہونے پر مجبور کیا گیا۔ یہ بات توجہ طلب ہے کہ غسل خانوں اور دیگر تاریک جگہوں پر خواتین اور بچوں کو اکیلا نہ چھوڑا جائے۔

یہ معلومات 23 جنوری 2024ء تک کی ہیں۔

7- اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہونے میں مدد کے لیے اعانت

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ نئے سال کے پہلے دن جزیرہ نُما نوتو میں آئے شدید زلزلے نے بہت سے لوگوں کو اپنے گھروں سے انخلاء کر کے قریبی جگہوں پر قائم کی گئیں پناہ گاہوں میں قیام کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس حالیہ سلسلے میں کسی آفت کے بعد پناہ حاصل کرتے وقت قابل توجہ اُمور کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم زلزلہ زدگان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دینے کی غرض سے بنائے گئے اعانتی نظاموں کا جائزہ لیں گے۔

مکان کو نقصان پہنچنے کی صورت میں سرکاری امداد حاصل کرنے کے لیے آپ سب سے پہلے مقامی حکومت کی جانب سے جاری کیا جانے والا “سانحے سے متاثرہ ہونے کا تصدیق نامہ” (رِیسائی شومے شو) حاصل کریں، جس میں پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کی جاتی ہے۔ آپ کو اس تصدیق نامے کے اجراء کے لیے درخواست دینی چاہیے اور ہونے والے نقصان کی حد کا مقامی حکومت سے سروے اور تعین کروانا چاہیے۔ اس تصدیق نامے کی مدد سے آپ دیگر کے علاوہ سانحہ متاثرین کو اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہونے میں مدد دینے والی اعانت حاصل کر سکتے ہیں، جسےانگریزی میں “Support Grants for Reconstructing Livelihoods of Disaster Victims” کہا جاتا ہے۔

مقامی بلدیہ کے سروے میں، مکان ’’مکمل تباہ‘‘ یا خطرناک اور طویل عرصے کے لیے ناقابلِ رہائش سمجھے جانے پر دس لاکھ ین کی امداد دی جائے گی۔

رہائشیوں کو چھت، باورچی خانے، بیت الخلاء اور روزمرہ زندگی گزارنے کے لیے گھر کے دیگر ضروری حصوں کی مرمت کروانے میں مدد دینے کے لیے ایک ہنگامی اعانتی نظام بھی موجود ہے۔ سروے میں ’’جُزوی طور پر تباہ شدہ‘‘ یا اس سے بھی خراب حالت میں پائے جانے والے مکانات کے گھرانے 7 لاکھ 6 ہزار ین یا تقریباً 4 ہزار 760 ڈالر کے قریب اعانت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

وہ لوگ جن کے گھروں کو نقصان پہنچا ہو، اُن کیلئے ہنگامی قرضے کے ساتھ ساتھ قرضے کی واپسی کی شرائط میں نرمی یا قرضے کی معافی سمیت دیگر امدادی اقدامات بھی موجود ہیں۔ مزید معلومات کے لیے مقامی بلدیہ کی غیرملکیوں کے لیے ویب سائٹ یا دیگر ذرائع سے مدد حاصل کیجیے۔

یہ معلومات 24 جنوری 2024ء تک کی ہیں۔