سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

ہنگامی انتباہ

1- ہنگامی انتباہ کیا ہے؟

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سنگین قدرتی آفات رونما ہونے کا انتہائی امکان ہونے یا رونما ہونے پر جاپان کا محکمۂ موسمیات، جے ایم اے، ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔

اس حالیہ سلسلے میں ہم ’’ہنگامی انتباہ‘‘ اور معمول کے ’’انتباہ‘‘ کے درمیان فرق سمیت ’’ہنگامی انتباہ‘‘ کا تفصیل سے جائزہ لیں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ انتباہ کن حالات میں جاری کیا جاتا ہے۔

غیر معمولی قدرتی حالات کے باعث ممکنہ تباہی سے خبردار کرنے کے لیے جے ایم اے ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔ موسمیاتی حالات سے متعلق محکمہ چھ طرح کے ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔ یہ انتباہ، شدید بارشوں، طوفان، طوفان کے باعث سمندر کی سطح غیر معمولی بلند ہونے، بلند لہریں اٹھنے، شدید برفباری اور برفباری کے طوفان کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔ ہنگامی انتباہ میں لوگوں کو’’انتباہ‘‘ کے درجے سے بھی زیادہ غیر معمولی قدرتی حالات کے لیے تیار رہنے کی غرض سے متنبہ کیا جاتا ہے۔ انتہائی امکان ہے کہ انتباہ جاری ہونے تک سنگین قدرتی آفت آ چکی ہو۔

ہنگامی انتباہ جاری کیے جانے والے علاقے کو عشروں میں ممکنہ طور پر صرف ایک بار آنے والی قدرتی آفت کے سنگین خطرے کا سامنا ہوتا ہے اور کئی لوگوں نے اس طرح کی قدرتی آفت کا پہلے کبھی سامنا نہیں کیا ہوتا۔ ان حالات میں متعلقہ علاقے میں رہنے والوں کو جان بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

یہ معلومات 15 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

2- ہنگامی انتباہ کا نظام متعارف کرانے کا پس منظر

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سنگین قدرتی آفات رونما ہونے کا انتہائی زیادہ امکان ہونے یا رونما ہونے پر جاپان کا محکمۂ موسمیات ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔

اس حالیہ سلسلے میں’’ہنگامی انتباہ‘‘ اور معمول کے ’’انتباہ‘‘ کے درمیان فرق سمیت ’’ہنگامی انتباہ‘‘ کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا اور یہ بھی دیکھا جائے گا کہ انتباہ کن حالات میں جاری کیا جاتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ہنگامی انتباہ کا نظام متعارف کروایا ہے کیونکہ ماضی میں بڑی قدرتی آفات کے وقت شدید بارشوں، مٹی کے تودے گرنے اور دیگر سانحات سے خبردار کرنے کے لیے متعدد بار انتباہ جاری کیے جانے کے باوجود، لوگوں کے انخلاء یا نقصان کی روکتھام میں یہ زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوئے تھے۔ ستمبر 2011 میں مغربی جاپان کے جزیرہ نما کی ای سے ٹکرانے والے سمندری طوفانِ بادوباراں سے پہلے محکمے کی جانب سے سنگین قدرتی آفت کا انتباہ جاری کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود طوفان کے باعث 90 سے زائد اموات ہوئیں۔

مارچ 2011 میں مشرقی اور شمال مشرقی جاپان میں تباہی مچانے والے شدید زلزلے اور تسونامی سے پہلے محکمے نے بڑی تسونامی آنے کے انتباہ جاری کیے تھے، لیکن اس کے باوجود تمام رہائشیوں نے فوری انخلاء نہیں کیا۔ اس کے بعد محکمے نے ہنگامی انتباہی نظام شروع کرنے کے لیے متعلقہ قانون میں 2013 میں ترمیم کی، جس کا مقصد آنے والے بحران کے انتہائی خطرے کا آسان فہم انداز میں بھرپور احساس دلانا اور لوگوں کو محفوظ رہنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دینا تھا۔

یہ معلومات 16 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

3- اعلان کی شرائط

این ایچ کے، قدرتی سانحات رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ کسی سنگین سانحے کے رونما ہونے کے شدید امکان، یا سانحہ رونما ہونے کی صورت میں، جاپان کا محکمۂ موسمیات ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔ اس سلسلے میں ہم ان ’ہنگامی انتباہات‘ کی تفصیل، مثلاً ’ہنگامی انتباہ‘ اور عام ’انتباہ‘ کا فرق جانیں گے، اور دیکھیں گے کہ کس صورتحال میں کون سا انتباہ جاری کیا جاتا ہے۔

کون سی صورتحال ہنگامی انتباہ جاری کرنے کا باعث بنتی ہے، جو حکام کے مطابق اس وقت جاری کیا جائے گا جب سنگین آفت کا بہت زیادہ خطرہ ہو۔ یہ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب کسی علاقے میں ’نصف صدی میں ایک بار‘ آنے والی غیرمعمولی آفت کی پیش گوئی کی جاتی ہے، یا اُس علاقے میں حقیقتاً ایسی صورتحال پیش آتی ہے۔ گزشتہ موسمیاتی حالات جو ہنگامی انتباہ جاری کرنے کا باعث بن سکتے تھے، ان میں 2011 کے مشرقی جاپان کے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تسُونامی جس میں 18 ہزار سے زائد لوگ ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے، 1959 کے ’اِسے وان‘سمندری طوفان کی لہریں، جو اُس وقت جاپان میں ریکارڈ کی جانے والی بلند ترین لہریں تھیں اور اس کے نتیجے میں 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے اور 2019 کے طوفان سے ہونے والی بارشیں، جو مشرقی جاپان کے بڑے حصے میں سیلاب کا باعث بنی تھیں اور 100 سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے، شامل ہیں۔ بہت سی آفات جنہوں نے حکام کو ہنگامی انتباہ جاری کرنے پر مجبور کیا، ایسی تھیں جنہوں نے ملک میں تباہی پھیلا دی تھی۔

یہ معلومات 19 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

4- ہنگامی انتباہ سے پہلے انخلاء کریں

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سنگین قدرتی آفات رونما ہونے کا انتہائی زیادہ امکان ہونے یا رونما ہونے پر جاپان کا محکمۂ موسمیات ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔

اس سلسلے میں ہم ’’ہنگامی انتباہ‘‘ کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں جیسا کہ ’’ہنگامی انتباہ‘‘ اور معمول کے ’’انتباہ‘‘ کے درمیان فرق اور یہ کہ انتباہ کس قسم کی صورتحال میں جاری کیے جاتے ہیں۔

لوگوں کو ہنگامی انتباہ پر کیا ردعمل کرنا چاہیے؟ شدید بارش ہونے کی صورت میں اگر کوئی ہنگامی انتباہ جاری کیا جاچکا ہو تو پھر غالباً لوگ خود کو ایک غیر محفوظ حالت میں پائیں گے کیونکہ ممکنہ طور پر آفت آ رہی ہوگی۔ ایسی صورت میں یہ بات اہم ہے کہ لوگ ہنگامی انتباہ جاری ہونے سے قبل ہی انخلاء کرلیں۔ موسلا دھار بارش سے متعلقہ انخلاء کی باضابطہ خبریں اور موسم سے متعلق انتباہات پانچ درجات پر مشتمل پیمانے پر ہیں۔ ہنگامی انتباہ سطح 5 کا انتباہ ہے جو اس پیمانے پر بلند ترین درجہ ہے۔

مشورہ دیا جاتا ہے کہ جب سطح 3 کا موسلا دھار بارش یا سیلاب کا انتباہ جاری ہو جائے تو معمر اور معذور افراد کا انخلاء کروالیا جائے۔ سطح 4 کا انخلاء پُرخطر جگہوں پر موجود تمام لوگوں پر زور دیتا ہے کہ وہ فوری طور پر وہاں سے نکل جائیں۔ سطح 5 کا انتباہ دریاؤں میں سیلاب آنے کی باضابطہ خبروں کے ساتھ ساتھ ہنگامی انتباہ بھی ہے۔ اس مرحلے پر ہو سکتا ہے کہ کوئی قدرتی آفت پہلے ہی رونما ہو رہی ہو، اور ہوسکتا ہے کہ لوگوں کیلئے انخلائی مراکز کی طرف جانے میں مشکلات پیش آئیں۔

انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سیڑھیوں سے دوسری منزل یا اس سے اُوپر چلے جائیں، یا پھر اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے تحفظ کیلئے دیگر اقدامات کریں جن میں یہ اقدام بھی شامل ہے کہ اگر اُن کے گھر چٹانوں یا ڈھلوان کے نزدیک ہیں تو پھر ان چٹانوں وغیرہ سے دور واقع کمروں میں منتقل ہو جائیں۔

یہ معلومات 20 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

5۔ تیاری اور پیش بندی

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سنگین قدرتی آفات آنے کا انتہائی امکان ہونے یا آفت آنے پر جاپان کا محکمۂ موسمیات ہنگامی انتباہ جاری کرتا ہے۔

موجودہ سلسلے میں ’’ہنگامی انتباہ‘‘ اور عام ’’انتباہ‘‘ کے درمیان فرق اور انتباہ جاری کیے جانے کے حالات سمیت ’’ہنگامی انتباہ‘‘ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قدرتی آفات میں پہلے سے تیاری رکھنا اتنا ہی اہم ہے، جتنا فوری انخلاء کرنا۔

اںخلاء کی ضرورت پیش آنے سے قبل علاقے میں آنے والی ممکنہ آفات سے متعلق معلومات اور محفوظ پناہ گاہوں کا اتا پتا معلوم ہونے سے بے حد مدد ملتی ہے۔ ضروری معلومات کے حصول کے لیے، آفات سے ممکنہ متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار مقامات کی نشاندہی کرنے والے مقامی حکومتوں کے تقسیم کردہ ہیزرڈ میپ ضروری معلومات کے حصول میں کافی مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اسمارٹ فون پر آفات کی معلومات سے متعلق ایپس انسٹال کرنے سے بھی ضروری معلومات بروقت مل سکتی ہیں۔

ایک اور بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ طوفان کی انتہائی شدت کم ہونا شروع ہونے کے بعد انتباہ کا درجہ ’’ہنگامی انتباہ‘‘ سے کم کر کے ’’انتباہ‘‘ کر دیا جاتا ہے۔ لیکن انتباہ کا درجہ کم ہونے پر بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اکتوبر 2019 میں سمندری طوفان ہاگی بِس کے باعث موسلا دھار بارشوں کے لیے جاری کردہ ہنگامی انتباہ واپس لیے جانے کے بعد کئی دریاؤں کا پانی کناروں سے باہر نکل آیا تھا۔ انتباہ ختم ہونے کا سن کر بعض لوگ پناہ گاہوں سے گھر واپس چلے گئے تھے، لیکن پانی کی سطح بلند ہونے سے ان کے گھر زیر آب آ گئے تھے۔

محکمۂ موسمیات اور وزارت اراضیات اور نقل و حمل نے اس سے سبق حاصل کرتے ہوئے اب یہ کہنا بند کر دیا ہے کہ ’’ہنگامی انتباہ‘‘ واپس لے لیا گیا ہے۔ اس کے بجائے کہا جا رہا ہے، ’’ہنگامی انتباہ کا درجہ کم کر کے انتباہ کر دیا گیا ہے‘‘۔ ہنگامی انتباہ کا درجہ کم کرنے پر بھی حکام دریاؤں کا پانی کناروں سے باہر آنے اور دیگر خطرات سے چوکنا رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

یہ معلومات 21 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔