سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

سمندری طوفانِ بادوباراں قریب آتے وقت بچاؤ کے اقدامات

1- سمندری طوفان آنے سے دو تین روز قبل (1)

این ایچ کے، قدرتی سانحات رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ چونکہ جاپان میں سمندری طوفانِ بادوباراں کا موسم آ چکا ہے، اس لیے اس نئی سلسلے میں ہم اس بات پر توجہ دیں گے شدید بارش اور تُندوتیز بارش کے ساتھ آنے والے سمندری طوفان آنے کی صورت میں اپنی جان بچانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ ہم سنہ 2019 کے سمندری طوفان ہاگی بِس سے ہونے والی اموات کا تجزیہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ آج کی پہلی قسط میں ہم ان تیاریوں پر توجہ مرکوز کریں گے، جو سمندری طوفان آنے سے دو تین روز قبل کی جا سکتی ہیں۔

سمندری طوفان ہاگی بِس میں، 79 افراد پانی میں یا مٹی کے تودے گرنے سے متعلقہ آفات میں ہلاک ہوئے تھے۔ ان میں سے 52 ایسے علاقوں میں تھے جن کی خطرے کے نقشوں پر آبادی میں پُرخطر مقامات کے طور پر نشاندہی کی گئی تھی۔ وہ مقامات جو آفات میں پُرخطر سمجھے جاتے ہیں اُنہیں آبادی کے خطرے کی نشاندہی کرنے والے نقشوں پر ظاہر کیا جاتا ہے۔ آپ کے علاقے کے خطرے کے مقام کی نشاندہی کے نقشے کی آن لائن تصدیق کی جا سکتی ہے، لیکن ماضی میں جب سمندری طوفانِ بادوباراں آتے تھے، بہت سی بلدیات کی ویب سائٹس اوور لوڈ ہو جاتی تھیں اور ان تک رسائی نہیں ہو پاتی تھی۔ لہٰذا پیشگی طور پر سائٹ کو چیک کرنا یقینی بنائیں اور معلومات کو پرنٹ کر کے رکھیں۔

پُر خطر سمجھے جانے والے علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی خطرات ہوتے ہیں۔ سمندری طوفان ہاگی بِس میں، خطرناک سمجھے جانے والے علاقوں سے باہر 17 افراد پانی سے متعلقہ آفات میں ہلاک ہوئے. ان میں سے 13 نشیبی جگہوں پر تھے جو بارش سے دریا میں طغیانی آ جانے کے وقت زیرِ آب آسکتے ہیں۔ اس لیے اپنے گھر کی بلندی کی جانچ کریں اور اس کا موازنہ قریبی دریا کے پُشتے یا پل سے کریں۔ اگر آپ کا گھر، پُشتے اور پل ایک ہی سطح کے قریب ہیں، تو آپ کا گھر سیلاب کی زد میں آ سکتا ہے۔

یہ معلومات 5 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

2- سمندری طوفان آنے سے دو تین روز قبل (2)

این ایچ کے، قدرتی سانحات رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ چونکہ جاپان میں سمندری طوفانوں کا موسم آ چکا ہے، اس لیے اس نئے سلسلے میں ہم اس بات پر توجہ دیں گے کہ شدید بارش اور تُندوتیز ہواؤں کا باعث بننے والا سمندری طوفان آنے کی صورت میں جان بچانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ آج اس دوسری قسط میں ہم ان تیاریوں پر توجہ مرکوز کریں گے، جو سمندری طوفان آنے سے دو تین روز قبل کی جا سکتی ہیں۔

کسی سمندری طوفان کی آمد کی تیاری کرتے وقت آپ کو چاہیے کہ کم از کم تین روز کی خوراک اور پانی ذخیرہ کر لیں۔ چونکہ ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والی غذائی اشیاء میں نشاستہ زیادہ ہوتا ہے، لہٰذا مشورہ دیا جاتا ہے کہ ڈبّہ بند غذاؤں اور سبزیوں کے جُوس ذخیرہ کریں تاکہ آپ گوشت، مچھلی اور سبزیوں سے دیگر غذائیت حاصل کر سکیں۔

اس لحاظ سے کہ کس قسم کے مشروبات کا ذخیرہ کیا جائے تو پانی کے علاوہ چائے اور غیر نشہ آور عام مشروبات سمیت دیگر مشروبات وغیرہ کی ضروری مقدار محفوظ کر لینا بہتر ہو گا۔ آپ ایسا پانی ذخیرہ کرسکتے ہیں جس کے استعمال کی میعاد پانچ سے دس سال ہو۔ چھوٹے بچّوں والے گھرانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایسے بے بی فُوڈ اور مائع دودھ کا ذخیرہ کر لیں جسے گرم کرنے یا تیار کرنے کی ضرورت نہ ہو۔

اس بات کی جانچ کر لیں کہ آپ کی فلیش لائٹ اور دستی ریڈیو کام کر رہے ہیں۔ سانحات سے متعلق معلومات جمع کرنے کیلئے کئی طرح کی ایپس کو ڈاؤن لوڈ کر لینا بھی کارآمد ہے۔ یہ بھی بہتر ہے کہ آپ کے پاس الکلائن بیٹری موبائل فون چارجر ہو کیونکہ پناہ گاہوں میں الیکٹریکل ساکٹس کی تعداد محدود ہونے کے باعث فونز چارج کرنے کیلئے لوگوں کو اکثر قطاروں میں منتظر کھڑے دیکھا گیا ہے۔

آخر میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ چھتریوں اور کپڑے لٹکائے جانے والے پولز یعنی دھاتی ڈنڈوں جیسی تمام چیزوں کو جنہیں عموماً گھر کے باہر رکھا جاتا ہے، اندر رکھ لیں تاکہ لوگ تیز ہوا کے جھکڑوں میں اچانک اڑ جانے والی ایسی اشیاء سے زخمی ہونے سے محفوظ رہیں۔

یہ معلومات 6 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

3- سمندری طوفان نزدیک آنے سے ایک روز قبل

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس حالیہ سلسلے میں موسلا دھار بارشوں اور تند و تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والے سمندری طوفانوں کے دوران بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے، کیونکہ جاپان میں سمندری طوفانوں کا موسم شروع ہو گیا ہے۔ آج ہم 2019 میں سمندری طوفان ہاگی بیس کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے تجزیے کی بنیاد پر ضروری اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ آج اس سلسلے کی تیسری قسط میں سمندری طوفانِ بادوباراں آنے سے ایک روز پہلے اٹھائے جانے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

سمندری طوفان نزدیک آنے پر بارش اور ہواؤں کی شدت بڑھنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کی جا سکتی ہے اور انخلاء کی معلومات جاری کی جا سکتی ہیں۔ ان حالات میں معلومات حاصل کرنا ناگزیر اہمیت کا حامل ہے۔

محکمۂ موسمیات اور مقامی حکومتوں کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین معلومات حاصل کیجیے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سانحات کی روکتھام کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشنوں اور ٹی وی ڈیٹا نشریات یعنی “d” بٹن کے ذریعے خود سے معلومات حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کیجیے۔

اگر رہائشی علاقے کی مقامی حکومت کی طرف سے انخلاء کی ہدایت جاری ہو جائے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ علاقے میں رہنے والوں کے انخلاء کا وقت ہے۔ ہرگز مت سوچئے کہ ابھی آپ کا علاقہ محفوظ ہے اور انخلاء کی ہدایت پر فوری عمل کیجیے۔ اردگرد حالات خراب تر ہونے سے پہلے انخلاء کرنا انتہائی ضروری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث دریا کا پانی کناروں سے باہر نکلنے کی صورت میں گاڑی بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں آ کر آسانی سے بہہ سکتی ہے۔

معمر اور معذور افراد سمیت ایسے افراد کو، جنہیں انخلا کے لیے زیادہ وقت درکار ہو، معمر اور معذور افراد کے انخلاء کی ہدایت جاری ہوتے ہی انخلاء شروع کر دینا چاہیے۔ محلے میں کسی کو مدد کی ضرورت ہو تو اس کی مدد کیجیے۔

سمندری طوفانِ بادوباراں کے دوران گھر پر ہی رہنے کی صورت میں پہلی رات کو گھر کی دوسری یا اس سے بلند منزل پر سوئیے۔ 2019 میں سمندری طوفان ہاگی بیس میں سیلابی پانی کے باعث گھر پر لقمۂ اجل بن جانے والے 21 میں سے 12 افراد دو منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر تھے۔ اگر وہ دوسری یا اس سے اوپر منزل پر چلے جاتے تو ان کی جان بچنے کا امکان تھا۔

سیلابی پانی جمع ہونا شروع ہونے اور گھر کا فرنیچر پانی میں تیرنے کی صورت میں معمر افراد کو دوسری منزل تک جانے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔ رات کو انخلاء میں نسبتاً زیادہ وقت لگ سکتا ہے اس لیے مشورہ دیا جاتا ہے کہ گھر کی دوسری یا اس سے بھی بلند منزل پر عمودی چٹانوں یا پہاڑی ڈھلوانوں سے سب سے زیادہ فاصلے پر واقع کمرے میں رات گزارئیے۔

یہ معلومات 7 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

4- سمندری طوفان آپ کے علاقے کے قریب آنے کی صورت میں (1)

این ایچ کے، قدرتی سانحات رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں ہم 2019 کے سمندری طوفان ہاگی بِیس سے ہونے والے جانی نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے آپ کو مشورہ دیں گے کہ اپنی جان بچانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ آج کی قسط میں ہم ان اقدامات پر توجہ مرکوز کریں گے جو طوفان کے آپ کے علاقے کے قریب پہنچنے کی صورت میں اٹھائے جانے چاہیئں۔

جب سمندری طوفان قریب آتا ہے تو بارش اور ہوائیں تیز ہو جاتی ہیں اور کچھ سڑکیں زیر آب آ سکتی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ خصوصی انتباہات موجود ہوں، اور یہ امکان بھی زیادہ ہے کہ گھر ڈوب جائیں اور علاقوں میں مٹی کے تودے گریں۔ ایسے حالات میں باہر نکلنا خطرناک ہے۔ 2019 میں سمندری طوفان ہاگی بِیس میں ہلاک ہونے والے 92 افراد میں سے 57 باہر ہلاک ہوئے۔ وہ کسی نہ کسی وجہ سے گھر سے باہر ہوتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں سے کچھ کو بچایا جا سکتا تھا اگر وہ گھر کے اندر رہتے۔ یاد رکھیں کہ بارش اور ہواؤں کے تیز ہو جانے کے بعد باہر نکلنا انتہائی خطرناک ہے۔

گاڑی کے ذریعے انخلاء بھی بہت خطرناک ہے۔ سمندری طوفانِ بادوباراں ہاگی بِیس کے دوران باہر ہلاک ہونے والے 57 افراد میں سے 23، یا تقریباً نصف، گاڑیوں کے اندر ہی ہلاک ہوئے۔ کچھ گاڑیاں بہہ گئی تھیں یا گڑھوں میں گر گئی تھیں کیونکہ پانی کی وجہ سے سڑک کی سطح کو دیکھنا ناممکن ہو گیا تھا۔ گاڑیاں، کم گہرے پانی میں بھی آسانی سے بہہ سکتی ہیں۔ اس لیے زیرِ آب آ جانے والے علاقوں میں گاڑی چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

یہ معلومات 8 ستمبر 2022 تک کی ہیں۔

5- سمندری طوفان آپ کے علاقے کے قریب آنے کی صورت میں (2)

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس حالیہ سلسلے میں 2019 کے سمندری طوفان ہاگی بِیس سے ہونے والے جانی نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے جان بچانے کے اقدامات پر بات کی جا رہی ہے۔ آج کی قسط میں سمندری طوفانِ بادوباراں رہائشی علاقے کے نزدیک پہنچنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

2019 میں آنے والے سمندری طوفان ہاگی بِیس میں کام پر جانے کے دوران یا کام سے گھر واپس آتے ہوئے 13 افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے۔ سمندری طوفان میں چار دیواری سے باہر مرنے والے تمام افراد کی 25 فیصد تعداد اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے لیے باہر نکلی ہوئی تھی۔ دیہی علاقوں میں ان افراد کی تعداد خاص کر زیادہ رہی جہاں کئی افراد کام پر جانے کے لیے گاڑی استعمال کرتے ہیں۔

شِزُواوکا یونیورسٹی کے مرکز برائے قدرتی سانحات کی مربوط تحقیق اور تعلیم کے پروفیسر اُوشی یاما موتویُوکی نے اس سمندری طوفانِ بادوباراں سے ہونے والے نقصان کا تجزیہ کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ کمپنیوں کیلئے یہ بات اہم ہے کہ خطرہ محسوس ہونے کی صورت میں اپنے ملازمین کو کام پر آنے یا گھر واپس جانے کے لیے مجبور نہ کریں۔ وہ کام کرنے والوں پر بھی زور دیتے ہیں کہ کام پر یا گھر واپس جانے کے بارے میں اپنی سوچ پر نظرثانی کریں اور کوئی خطرہ محسوس نہ کرنے پر ہی باہر نکلیں۔

پروفیسر اُوشی یاما مشورہ دیتے ہیں کہ گھر سے باہر جانے میں خطرہ محسوس ہونے کی صورت میں گھر کی دوسری یا اس سے بلند تر منزل پر پہاڑی ڈھلوان یا عمودی چٹان سے سب سے زیادہ فاصلے پر واقع کمرے میں رہیں۔ گھر کے نزدیک پختہ عمارت موجود ہونے کی صورت میں اس عمارت کی بلند تر منزلوں پر بھی پناہ لی جا سکتی ہے۔ انخلاء کرنا مشکل ہونے کی صورت میں ممکنہ محفوظ ترین مقام پر جانے سے جان بچانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

سمندری طوفانِ بادوباراں میں جان بچانے کے لیے خطرات کے بارے میں پیشگی آگاہی حاصل کرنا اور ان کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرنا اہم ہے۔ تاہم سمندری طوفان ہاگی بِیس سے حاصل شدہ تجربے سے ہمیں پتہ چلا کہ قدرتی سانحات کی شدت بعض اوقات ہمارے اندازوں سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ لہٰذا اس لحاظ سے ہمیں اپنے رہائشی مقام کے بارے میں روزانہ کی بنیادوں پر زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنی چاہیئں۔ ہو سکتا ہے آپ کے ذہن میں ہو کہ سمندری طوفان آنے پر بھی آپ کا گھر محفوظ رہے گا، لیکن اس کے بجائے آپ کو یہ سوچنے کی عادٹ ڈالنی چاہیے کہ نزدیکی دریا میں سیلاب آنے یا پہاڑی تودے گرنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے۔

یہ معلومات 9ستمبر 2022 تک کی ہیں۔