سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

شدید بارش کا انتباہی پیمانہ اور انخلاء پر مفید معلومات

1- انتباہ کے درجات

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں جون سے جولائی تک کے عرصے کو “تسُویُو” یا موسمِ برسات کہا جاتا ہے۔ اس عرصے کے دوران مٹّی کے تودے گرنے اور سیلاب جیسی آفات اکثر آتی ہیں۔ ہمارا یہ تازہ ترین سلسلہ، شدید بارشوں اور دیگر آفات کی پیشگوئی کی صورت میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ اور انخلاء کی ہدایات کے ساتھ ساتھ ایسے موقع پر اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ہے۔ اس سلسلے کی پہلی قسط میں، شدید بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق پانچ درجات پر مشتمل انتباہ کے پیمانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

شدید بارشوں کی صورت میں مختلف معلومات جاری کی جاتی ہیں، جن میں جاپان کے محکمۂ موسمیات کی طرف سے جاریکردہ انتباہ اور ہدایات کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کی طرف سے جاری کردہ انخلاء کے احکامات بھی شامل ہیں۔ ایسی مختلف معلومات کو خطرے کی سطح اور رہائشیوں کے لیے لازمی قرار دیے گئے اقدامات کی بنیاد پر ترتیب دینے کے لیے پانچ درجات پر مشتمل انتباہ کا پیمانہ متعارف کروایا گیا ہے۔

ہر درجے کے لیے مختلف رنگ استعمال کیے جاتے ہیں، تاکہ لوگ لاشعوری طور پر خطرے کی سطح کو سمجھ سکیں۔ مثال کے طور پر خطرے کا سب سے بلند درجہ 5، سیاہ رنگ سے ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطرے کا سب سے کم درجہ 1، سفید ہے۔

محکمۂ موسمیات اپنی ویب سائٹ پر 14 زبانوں میں موسم اور آفات سے متعلق ہر وقت تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔ اِس محکمے کا ریئل ٹائم رسک میپ رنگوں کے ذریعے تباہی کے خطرے کے درجے کو ظاہر کرتا ہے، اور یہ رنگ انتباہی پیمانے کے درجات کے رنگوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔

اس سلسلے کی اگلی اقساط میں، ہم انتباہ کے ہر درجے اور کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات کا جائزہ لیں گے۔

یہ معلومات 12 جون 2024ء تک کی ہیں۔

2- انتباہی درجہ اوّل اور دوم

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں جُون سے جولائی تک کے عرصے کو “تسُویُو” یا موسمِ برسات کہا جاتا ہے۔ اس عرصے کے دوران مٹّی کے تودے گرنے اور سیلاب جیسی آفات اکثر آتی ہیں۔ ہمارا یہ تازہ ترین سلسلہ، شدید بارشوں اور دیگر آفات کی پیشگوئی کی صورت میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ اور انخلاء کی ہدایات کے ساتھ ساتھ ایسے موقع پر اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ہے۔ آج اِس دوسری قسط میں ہم پہلے اور دوسرے درجے پر نظر ڈالیں گے۔

جب درجہ اوّل کا انتباہ جاری ہو جائے تو متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو موسم کی تازہ ترین معلومات سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

محکمۂ موسمیات اپنی ویب سائٹ پر ممکنہ انتباہات اور مشوروں سے متعلق معلومات شائع کرتا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو چند دنوں کے دوران موسم سے متعلق انتباہ جاری ہونے کے امکان کے بارے میں مطلع رکھنا ہے۔ انتباہ کے پہلے درجے میں محکمۂ موسمیات کی ویب سائٹ پر شدید بارش اور موسم کی تازہ ترین معلومات سے آگاہ رہیں۔

درجہ دوم کا انتباہ جاری ہونے کی صورت میں آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ یہ تصدیق کر لیں کہ آپ نے کیسے اور کہاں انخلاء کرنا ہے۔

اُس وقت تک، محکمۂ موسمیات نے ممکنہ طور پر شدید بارش اور سیلاب کے لئے مشورہ یا ہدایت جاری کر دی ہو گی۔ اگر آپ کسی نامزد علاقے میں ہیں، تو اِس بات کا جائزہ لیں کہ کہ گھر چھوڑتے اور پناہ حاصل کرتے وقت کیا اقدامات کرنے ہیں۔

ہزارڈ میپ یعنی خطرے کے نقشے کی جانچ کریں کہ آپ کے علاقے میں کس طرح کی تباہی آ سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قریب ترین پناہ گاہ اور وہاں جانے کے راستے کی جانچ بھی کر لیں۔

یہ معلومات 13 جون 2024ء تک کی ہیں۔

3- انتباہی درجہ 3 اور 4

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں جُون سے جولائی تک کے عرصے کو “تسُویُو” یا موسمِ برسات کہا جاتا ہے۔ اس عرصے کے دوران مٹّی کے تودے گرنے اور سیلاب جیسی آفات اکثر آتی ہیں۔ ہمارا یہ تازہ ترین سلسلہ، شدید بارشوں اور دیگر آفات کی پیشگوئی کی صورت میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ اور انخلاء کی ہدایات کے ساتھ ساتھ ایسے موقع پر اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ہے۔ آج اس تیسری قسط میں ہم انتباہ کے درجہ 3 اور 4 پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

درجہ 3 پر رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ معمّر افراد اور جسمانی معذوری کا شکار افراد کا انخلاء شروع کر دیں۔

مقامی حکومتیں معمّر افراد اور دیگر کے لیے “انخلاء کا انتباہ” جاری کرتی ہیں۔ اس صورتحال میں محکمۂ موسمیات غالباً شدید بارش اور سیلاب کا انتباہ یا دریاؤں میں طغیانی کا انتباہ جاری کر چکا ہوتا ہے۔

اس مرحلے پر معمّر اور جسمانی معذوری کے حامل افراد کو فوری طور پر انخلاء شروع کر دینا چاہیے۔

اس دوران دوسروں کو انخلائی مقامات کے محلِ وقوع کی تصدیق اور اُن ضروری اشیاء کو باندھنا یا لپیٹنا شروع کر دینا چاہیے جو وہ ساتھ لے جانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ خطرہ محسوس کریں تو آپ کو احکامات کے بغیر رضاکارانہ طور بھی انخلاء کر لینا چاہیے۔

درجہ 4 کا انتباہ خطرناک علاقوں میں موجود ہر فرد کے لیے انخلاء کے حکم کے مترادف ہے۔ مٹّی کے تودے گرنے کا خطرہ زیادہ ہونے پر بلدیات احکامات جاری کرتی ہیں۔ حکام ممکنہ طور پر مٹّی کے تودے گرنے کا انتباہ اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات جاری کر چکے ہوتے ہیں۔

اس مرحلے پر خطرناک جگہوں پر موجود نہ صرف معمّر لوگوں بلکہ تمام افراد کو اپنی حفاظت کے لیے کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو جانا چاہیے۔ ضروری نہیں کہ محفوظ جگہ کوئی انخلائی مرکز ہی ہو۔ محلّے میں قریب ترین ٹھوس عمارت یا جگہ بھی محفوظ پناہ گاہ ثابت ہو سکتی ہے۔

لوگوں کو مقامی حکومتوں کے تیار کردہ ہَزارڈ میپ یعنی خطرات کی نشاندہی کرنے والے نقشوں کی مدد سے ایسے محفوظ مقامات کے بارے میں پیشگی آگاہی رکھنی چاہیے۔

یہ معلومات 14 جون 2024ء تک کی ہیں۔

4- سطح پانچ کا انتظار نہ کریں

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ سطحی انتباہی پیمانے اور ہر سطح کے لحاظ سے کیے جانے والے اقدامات پر یہ ہمارے سلسلے کی چوتھی قسط ہے۔ آج ہم پانچویں سطح ’آخری انتباہ‘ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

سطح پانچ کا انتباہ رہائشیوں کے لیے ایک فوری درخواست ہے کہ وہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ضروری اقدام کریں۔ مقامی حکومتیں اس انتہائی زیادہ امکان کے سبب لوگوں کو فوری طور پر اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لیے حکم جاری کرتی ہیں کہ کوئی آفت آنے ہی والی ہے یا پہلے ہی آ چکی ہے۔

اس مرحلے پر، غالب امکان یہ ہے کہ حکام اُن مقامات کے بارے میں معلومات جاری کر چکے ہوں گے جہاں پر دریا پُشتوں کو توڑ چکے ہوں گے، یا محکمۂ موسمیات نے انتہائی ہنگامی انتباہ جاری کیا ہو گا۔ یہاں تک کہ کسی پناہ گاہ میں جانے کے لیے بھی ہو سکتا ہے بہت دیر ہو گئی ہو۔

سطح چار کا انتباہ جاری ہونے پر آپ کو وہاں سے نکل جانا چاہیے، سطح پانچ تک انتظار نہ کریں، کیونکہ ہو سکتا ہے آپ اپنی حفاظت کو یقینی نہ بنا سکیں۔ سطح پانچ کے انتباہ کو اُن لوگوں کے لیے کال کے طور پر سمجھا جانا چاہیے جو اُس وقت تک انخلاء میں ناکام رہے ہوں، اپنی جان بچانے کے لیے دوسرا بہترین اقدام کریں۔ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کے پاس ابھی بھی وقت ہے، کیونکہ حتمی سطح کا انتباہ ابھی نہیں آیا ہے۔

سطح چار کا انتباہ جاری ہونے پر پناہ گاہ میں چلے جائیں۔

یہ معلومات 17 جون 2024ء تک کی ہیں۔

5- انخلاء میں مشکلات کی صورت میں اقدامات

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ سطحی انتباہی پیمانے اور ہر سطح کے لحاظ سے کیے جانے والے اقدامات پر ہمارے سلسلے کی اِس پانچویں قسط میں آج ہم انخلاء کرنے میں مشکل پیش آنے کی صورت میں اُٹھائے جا سکنے والے ممکنہ اقدامات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں صورتحال اچانک تبدیل ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ معمّر افراد اور جسمانی طور پر معذور افراد کے انخلاء کی معلومات کے ساتھ ساتھ انخلاء کے لیے ہدایات بروقت جاری نہ کی جا سکیں۔ اردگرد علاقوں اور محلے میں سیلابی پانی داخل ہونے کی صورت میں دور دراز مقام پر کسی پناہ گاہ میں منتقل ہونا مشکل ہو سکتا ہے۔ ایک راستہ یہ ہو سکتا ہے کہ ایسے حالات میں کسی قریبی محفوظ جگہ یا عمارت میں پناہ حاصل کی جائے۔ باہر نکلنے میں انتہائی خطرہ درپیش ہونے کی صورت میں اپنے گھر کی بالائی منزل میں، یا کسی گرتی چٹان کی لپیٹ میں آنے سے بچنے کے لیے عمارت کے مخالف سمت میں واقع حصے میں منتقل ہوا جا سکتا ہے۔

پہاڑوں میں واقع چھوٹے اور درمیانے سائز کے دریاؤں کا پانی کناروں سے باہر نکلنے کی صورت میں، آبادیوں اور دریاؤں کے درمیان فاصلے اور ان آبادیوں اور دریاؤں کی اونچائی میں فرق کے اعتبار سے پہنچنے والے نقصانات کی شدّت مختلف ہو سکتی ہے۔

دریا کے کنارے واقع مقامات یا علاقوں میں سیلاب آنے کی صورت میں زیرِ آب آ سکنے والے مقامات میں مکانات کے منہدم ہونے یا بہہ جانے کا زیادہ خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

حکومت اور دیگر حکام ایسے علاقوں کو ممکنہ سیلاب زدہ علاقہ نامزد کرتے ہیں جہاں عمارات منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار ہوں ۔ ایسے نامزد علاقوں میں عمارت کی صرف دوسری منزل تک انخلاء کرنا جان بچانے کے لیے کافی نہیں ہو سکتا۔ اس صورتحال میں زیادہ محفوظ مقام تلاش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

یہ معلومات 18 جون 2024 تک کی ہیں۔

6- ’’انخلا کے بٹن‘‘ کی تیاری

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ سطحی انتباہی پیمانے اور ہر سطح کے لحاظ سے کیے جانے والے اقدامات پر ہمارے سلسلے کی اِس چھٹی قسط میں ’’انخلاء کا بٹن‘‘ خود تیار کرنے کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

سانحات سے متعلقہ ادارے اور مقامی حکومتیں مختلف اقسام کے انتباہ جاری کرتی ہیں۔ قدرتی آفت آنے کا فوری خطرہ درپیش ہونے کی صورت میں مقامی حکام ہر ایک فرد کی مدد کو نہیں پہنچ سکتے۔ لہٰذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ انخلاء کرنے کے لیے قدم اُٹھانے کے وقت کا پیشگی تعین کرنے کی غرض سے ’’انخلاء کا اپنا بٹن‘‘ تیار کیا جائے۔ دوسرے الفاظ میں ان حالات کا پہلے سے تعین کر کے رکھیے، جن میں آپ کو انخلاء کے لیے قدم اٹھانا ہو گا۔

عام حالات میں، لوگوں کو اپنے اپنے علاقوں میں قدرتی آفات آنے کی صورت میں درپیش خطرات کی آگاہی بھی ضرور حاصل کرنی چاہیے اور آفت آنے کا انتہائی خطرہ لاحق ہونے پر فوری انخلاء کرنا چاہیے۔

حالات بدترین صورت اختیار کرنے سے پہلے فوری قدم اُٹھانا انتہائی ضروری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث دریاؤں کی سطح بلند ہونے کی صورت میں سیلابی پانی کا ریلہ گاڑی کو آسانی سے بہا کر لے جا سکتا ہے۔ مقامی حکومت کی جانب سے انخلاء کی ہدایت جاری ہونے کی صورت میں، انتہائی خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والوں کو فوری انخلاء شروع کر دینا چاہیے۔

نقل و حرکت میں معمول سے زیادہ وقت لینے والے معمّر اور جسمانی طور پر معذور افراد یا ایسے دیگر افراد کو انتباہ کا درجہ تین جاری ہونے پر انخلاء کرنا شروع کر دینا چاہیے۔

یہ معلومات 19 جون 2024ء تک کی ہیں۔

7- پیدل انخلاء

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ سطحی انتباہی پیمانے اور ہر سطح کے لحاظ سے کیے جانے والے اقدامات پر ہمارے سلسلے کی اِس قسط میں ہم پیدل انخلاء کرتے وقت احتیاط کے خصوصی نکات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

انخلاء کرتے وقت آپ کو ٹراؤزر وغیرہ جیسے ملبوسات پہننے چاہیئں جن کے ساتھ نقل و حرکت کرنا آسان ہو۔ چوٹ سے بچنے کے لئے گرمیوں میں بھی لمبی آستین والی قمیض اور لمبی پتلون پہنیں۔ جہاں تک جوتوں کا تعلق ہے تو ایسے آرام دہ اسنیکرز یا جوگرز پہننا مناسب رہے گا جو آپ عموماً پہنتے ہیں۔ بُوٹ پہننا مناسب نہیں کیونکہ بھیگنے پر وہ بھاری ہو جاتے ہیں جس سے چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ساحل پر استعمال والی چپلیں نہ پہنیں کیونکہ وہ با آسانی پیر سے اُتر جاتی ہیں۔

ہمیشہ ایک ہنگامی بیگ پہلے سے تیار رکھیں جس میں ضروری اشیاء کم سے کم ہوں تاکہ وہ وزن میں ہلکا ہو اور اُسے آسانی سے لے جایا جا سکے۔ آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ پُشتی بیگ استعمال کریں تاکہ پھسلنے یا گرنے وغیرہ کی صورت میں دونوں ہاتھوں میں کچھ نہ ہو۔ چھتری کی جگہ برساتی کوٹ وغیرہ کا استعمال بھی زیادہ محفوظ ہو گا۔

یہ معلومات 20 جون 2024ء تک کی ہیں۔

8- تنہاء اقدامات اُٹھانے سے گریز کریں

این ایچ کے، قدرتی سانحات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹّی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ سطحی انتباہی پیمانے اور ہر سطح کے لحاظ سے کیے جانے والے اقدامات پر ہمارے سلسلے کی اس قسط میں بھی پیدل انخلاء کرتے وقت احتیاط کے خصوصی نکات پر نظر دوڑائی جا رہی ہے۔ آج ہم ’’تنہاء اقدامات اٹھانے سے گریز‘‘ کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

تنہاء کوئی بھی قدم اُٹھانے سے گریز کریں۔ جس حد تک ممکن ہو سکے انخلاء کرتے وقت دو یا دو سے زیادہ لوگوں کے گروپ میں رہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہیں۔ سیلاب کا پانی 50 سینٹی میٹر سے زیادہ بلند ہونے یا گھٹنوں کی سطح سے اُوپر تک آ جانے پر پانی کے دباؤ کے سبب بالغ مردوں تک کے لیے چلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ بہاؤ کے زور سے، کم گہرے پانی میں بھی آپ اپنا توازن کھو کر پانی کی زد میں آ سکتے ہیں۔

سڑکوں پر پر پانی بھرنے کی صورت میں زمین کو دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے، جس کے باعث کوئی بھی شخص آسانی سے ٹھوکر کھا سکتا ہے، یا کسی کھلے یوٹِیلیٹی ہول، گٹر یا نہر میں گر کر بہہ سکتا ہے۔

جب آپ کے پاس سیلاب زدہ علاقے سے گزرنے کے سوا کوئی چارہ نہ ہو، تو گہرے سیلاب والے مقامات اور پانی کے بہاؤ والی جگہوں سے دور رہیں۔

آگے بڑھنے کے عمل کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے لئے چھتری یا لمبی چھڑی استعمال کریں اور محتاط رہتے ہوئے آگے بڑھیں۔

یہ معلومات 21 جون 2024ء تک کی ہیں۔

9- گاڑی بچ نکلنے کا ہمیشہ محفوظ ترین طریقہ نہیں ہے

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ شدید بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے متعلق جاپان کے پانچ درجات پر مشتمل پیمانے کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ ہمارے اس سلسلے میں انخلاء کرتے وقت مخصوص احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ آج ہم گاڑی کے ذریعے انخلاء پر مفید معلومات فراہم کررہے ہیں ۔

یہ قیاس نہ کیجیے کہ آپ گاڑی کے ذریعے ہمیشہ محفوظ انداز میں انخلاء کرسکتے ہیں۔
اکتوبر 2019ء میں ہاگی بِیس نامی سمندری طوفانِ بادوباراں کے دوران گھر سے باہر ہلاک ہونے والوں کی 40 فیصد تعداد گاڑی میں انخلاء کرتے وقت اپنی جانیں کھو بیٹھی تھی۔ بعض لوگوں کی گاڑیاں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سیلاب میں بہہ گئیں۔ دیگر لوگ اپنی گاڑی کسی زیرِ آب سڑک پر گڑھے میں گرنے کے بعد جاں بحق ہوئے۔

ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ خصوصاً جب علاقہ شدید بارش اور تیز ہواؤں سے پہلے ہی متاثر ہو رہا ہو تو جلد بازی میں یہ سوچ کر گھر یا کام پر جانے کی کوشش نہ کریں کہ جب تک گاڑی استعمال کی جارہی ہے تو ایسا کرنا محفوظ ہو گا۔

دریاؤں یا چاول کے کھیتوں کے کنارے بنی سڑکوں پر گاڑی چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔جب بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے سے یا چاول کے کھیتوں کے کناروں سے پانی باہر نکلا ہو تو سڑک اور پانی کے درمیان حد بندی کا پتہ نہیں چلتا ہے۔کوئی بھی شخص اپنی گاڑی دریا یا سیلابی کھیتوں میں بہ آسانی گرا سکتا ہے۔ماضی کے طوفانِ بادوباراں اور موسلا دھار بارشوں میں کچھ لوگ اس طرح ہلاک ہو چکے ہیں۔سڑک کو اچھی طرح جاننے کے باوجود موسلا دھار بارش کی صورت میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ جس سڑک پر جارہے ہیں وہ محفوظ ہے۔

یہ معلومات 7 جون 2022 تک کی ہیں۔

10- سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے کا امکان

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ شدید بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے بارے میں جاپان کے پانچ درجات پر مشتمل پیمانے سے متعلق ہمارے اس سلسلے میں انخلاء کے دوران ملحوظ خاطر رکھی جانے والی مخصوص احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ آج گاڑی کے ذریعے انخلاء پر بات جاری رکھتے ہوئے اس امر پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ سیلابی پانی کے ریلے میں گاڑیاں بہ آسانی بہہ کر دور جاسکتی ہیں۔

سیلاب سے زیر آب آنے والی سڑکوں پر گاڑی چلانا خطرناک عمل ہے۔ سڑکوں پر سیلابی پانی کی سطح تشویشناک حد تک زیادہ محسوس نہ ہونے کے باوجود پانی کافی گہرا ہو سکتا ہے۔ پانی میں گاڑی کا انجن بند ہو جانے یا گاڑی بہہ جانے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ سیلابی پانی موجود ہونے کی صورت میں سڑک نظر نہیں آتی اور نظروں سے اوجھل سڑک کی سطح پر بنے چھوٹے گڑھوں، سڑک کے کنارے نکاسیٔ آب اور آبپاشی کے لیے بنے نالوں میں گاڑی گرنے یا پھنسنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

ان حالات میں زیر آب سڑکوں پر جانے سے گریز کیا جائے اور متبادل راستے کا انتخاب کیا جائے۔ ناگزیر حالات میں زیر آب سڑک پر گاڑی چلانے کی صورت میں رفتار نہایت کم رکھی جائے اور آگے جانے والی گاڑی سے تسلی بخش فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ وجہ یہ ہے کہ اگلی گاڑی کے چھینٹوں سے سامنے کا سارا منظر دھندلا سکتا ہے اور اگلی گاڑی کے اچانک بریک لگانے کی صورت میں آپ کی گاڑی اس سے ٹکرا سکتی ہے۔ نیز، تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر پانی میں بڑی لہریں پیدا ہوں گے، جو گاڑی کے انجن تک پہنچ کر نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

زیر آب سڑکوں پر پانی کی کی سطح 30 سینٹی میٹر اونچی ہونے کی صورت میں گاڑی کا انجن بند ہو جائے گا۔ پانی کی سطح 50 سینٹی میڑ یا اس سے زیادہ بلند ہونے کی صورت میں گاڑی کے تیرنا شروع کرنے اور پانی کے ریلے کی لپیٹ میں آنے کا امکان ہے۔ مسافر گاڑی ہونے کی صورت میں سڑک پر پانی کی سطح گاڑی کے دروازوں یا نچلی تہہ سے نیچی ہونی چاہیے۔ لیکن یہ بھی خیال رہے کہ اتھلے یا کم گہرے پانی میں بھی، دریا کے پشتوں کے اوپر سے بہنے والے پانی کی طرح، پانی کا تیز بہاؤ گاڑی کو اپنے ساتھ بہا کر لے جا سکتا ہے۔

یہ معلومات 8 جون 2022 تک کی ہیں۔

11- گاڑی کے ذریعے انڈرپاس سے گزرتے ہوئے محتاط رہیں

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ شدید بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے بارے میں جاپان کے پانچ درجات پر مشتمل پیمانے سے متعلق ہمارے اس سلسلے میں انخلاء کے دوران ملحوظ خاطر رکھی جانے والی مخصوص احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ آج ہم ان نکات پر توجہ مرکوز کریں گے، جن کا انخلاء کے وقت خیال رکھا جانا ضروری ہے۔ آج ہمارے اس سلسلے کی آخری قسط میں آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ گاڑی سے انخلاء کی صورت میں انڈرپاس یعنی زیر راستے سے گزرتے وقت محتاط رہیے۔

ریلوے لائن یا دیگر سڑکوں کے نیچے سے گزرنے والے انڈرپاس میں خصوصاً پانی بھرجانے کا خدشہ موجود ہوتا ہے۔ چونکہ یہ ارد گرد کی سطحِ زمین سے نیچے ہوتے ہیں اس لیے بارش کا پانی وہاں جلد جمع ہو جاتا ہے، ماضی میں اندر پانی بھر جانے سے بے خبر ڈرائیوروں کے انڈرپاس میں چلے جانے کے باعث جان لیوا حادثات ہو چکے ہیں۔ چنانچہ انخلاء کے وقت انڈر پاس استعمال نہ کرنا بہتر ہوگا۔ اس کی بجائے متبادل راستہ اختیار کیجیے۔ اگر انڈرپاس استعمال کیے بغیر چارہ نہ ہو تو گاڑی آہستہ چلائیے اور پانی کی سطح پر نظر رکھیے۔

گاڑی زیرِ آب آجانے کی صورت میں باہر سے پڑنے والے پانی کے دباؤ کے باعث اندر سے دروازے کھولنا مشکل ہو سکتا ہے۔ دروازہ جتنا بڑا ہوگا اس پر دباؤ بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا۔ چنانچہ بڑے دروازے یا سلائیڈنگ دروازے والی گاڑی کے پانی میں ڈوب جانے کی صورت میں اندر سے نکلنا زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔

چنانچہ بہتر یہ ہوگا کہ ہنگامی صورتحال میں گاڑی کی کھڑکی کا شیشہ توڑنے کے لیے کوئی اوزار ہمیشہ گاڑی میں رکھا جائے۔ اگر آپ کے پاس ایسا کوئی اوزار نہیں ہے تو اپنی گاڑی کی نشست کا ہیڈ ریسٹ نکالیے، اس میں لگی ہوئی دو دھاتی سلاخوں میں سے ایک کو کھڑکی کے شیشے اور دروازے کے فریم کے درمیان پھنسا کر سلاخ کو اپنی جانب کھینچ کر کھڑکی کا شیشہ توڑیے۔ یاد رکھیے کہ بدترین صورتحال میں بھی گاڑی کے اندر کافی پانی بھر جانے اور گاڑی کے اندر اور باہر پانی کی سطح تقریباً یکساں ہوجانے پر دروازہ کھولا جا سکتا ہے۔

یہ معلومات 9 جون 2022 تک کی ہیں۔