سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

سانحات کی تیاری کے لیے روزمرہ اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ رکھنا

1 کلید ’’رولنگ اسٹاک‘‘

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سانحات کی پیشگی تیاری میں روزمرہ اشیائے ضروریہ کا مناسب ذخیرہ جمع رکھنا ضروری ہے۔ لیکن اس بات کا علم ہونے کے باوجود، شاید کئی لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی ہو گی کہ آخر کونسی اشیاء اور کتنی مقدار میں جمع کی جانی چاہیئں۔ اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ رکھنے کے بارے میں ہمارے اس نئے سلسلے میں ہم بات کریں گے کہ کونسی اشیاء جمع کی جائیں اور زیادہ کوشش کیے بغیر باکفایت طریقے سے اشیاء ذخیرہ کرنے کے طریقے کیا ہیں۔

ہنگامی اشیائے ضروریہ جمع رکھنے کے لیے جاپان میں ’’رولنگ اسٹاک‘‘ کہلائے جانے والے طریقے کو سانحات سے متعلقہ ماہرین بہترین قرار دیتے ہیں۔

اس طریقے کے تحت مشروبات اور خوراک جیسی نسبتاً زیادہ میعاد تک قابل استعمال اشیاء کے ساتھ ساتھ روزمرہ اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ رکھا جاتا ہے اور میعاد ختم ہونے کے قریب آنے والی اشیاء کو استعمال میں لاتے ہوئے ان کی جگہ نئی اشیا کو ذخیرے میں شامل کر لیا جاتا ہے۔

ذخیرہ رکھی جانے والی اشیاء میں پانی اور خوراک شامل ہونا لازمی ہے۔

آپ کو کم سے کم تین روز کے لیے درکار ہنگامی اشیائے ضروریہ جمع رکھنا ضروری ہے، تاہم ایک ہفتے کے لیے درکار مقدار کا ذخیرہ رکھنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

ایک ہفتے کے لیے درکار پانی، خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ رکھنا آسان کام نہیں ہے۔ لیکن ’’رولنگ اسٹاک‘‘ کا طریقہ ضرورت کے مطابق تیاری میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

جہاں تک پینے اور کھانا پکانے میں استعمال ہونے والے پانی کا تعلق ہے، ایک شخص کو یومیہ 3 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور ہنگامی حالات کے لیے کم سے کم 3 روز کے لیے درکار پانی جمع رکھا جانا ضروری ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ 2 بالغ افراد کو درکار پانی کا حساب اس طرح لگایا جائے گا کہ 3 لیٹر کو 2 افراد اور 3 روز سے ضرب دی جائے گی۔ یعنی 2 افراد کو 3 روز کے لیے مجموعی طور پر 18 لیٹر پانی درکار ہو گا۔

چائے اور دیگر مشروبات کو بھی ذخیرہ کیے جانے والے پانی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

جاپان میں حالیہ دنوں میں 5 تا 10 سال استعمال کے قابل رہنے والے پانی کی مصنوعات بھی فروخت کی جا رہی ہیں۔ پانی جمع کرتے وقت پانی کی عام بوتلوں کے ساتھ ان طویل عرصے کے لیے قابل استعمال مصنوعات کو بھی رکھا جا سکتا ہے۔

یہ معلومات 29 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

2 کونسی خوراک کا ذخیرہ کیا جائے؟

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ قدرتی آفات کی تیاری کے لیے روزمرہ اشیائے ضروریہ کا مناسب ذخیرہ رکھنا ضروری ہے۔ اس حالیہ سلسلے میں اشیائے ضروریہ نسبتاً آسانی سے محفوظ رکھنے کے بارے میں بعض مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔

آج ہم محفوظ رکھی جانے والی خوراک پر توجہ مرکوز کریں گے۔ عام حالات میں ہنگامی صورتحال کے لیے محفوظ رکھی جانے والی خوراک کا انتخاب زیرِ استعمال خوراک میں سے ہی کرنا بہتر ہو گا تاکہ مناسب مقدار میں اس کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ تاہم، ہنگامی حالات میں کھانا پکانے میں مشکلات حائل ہونے کے امکان کے پیش نظر، محفوظ رکھی جانے والی خوراک میں آگ پر پکائے بغیر استعمال کی جانے والی خصوصی خوراک شامل کرنا بہتر ہو گا۔

یومیہ خوراک میں سب سے زیادہ تجویز کردہ انسٹنٹ یا خشک نوڈلز، پکے پکائے چاول اور پیکٹوں میں بند سالن یا پکے پکائے بیف کے ساتھ ساتھ ڈبوں میں بند خوراک، سبزیوں کے رس اور نسبتاً طویل عرصے تک استعمال کے قابل پھل بھی شامل ہیں۔

ہنگامی خوراک میں، محض پانی شامل کر کے استعمال کے قابل، جاپان میں ’’الفا مائی‘‘ کہلانے والے خشک چاول، گرم کرنے والے آلات کے ساتھ منسلک کیے گئے ہنگامی خوراک کے پیکٹ، اور خشک ڈبل روٹی اور بسکٹوں جیسے اسنیکس کا ذخیرہ رکھنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

ہنگامی حالات کے دوران، کاربوہائیڈریٹ یعنی نشاستہ کی زیادہ مقدار والی خوراک کھائے جانے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ لہٰذا، ڈبوں میں بند خوراک اور سبزیوں کے رس کا بھی بندوبست کیا جانا چاہیے تاکہ گوشت، مچھلی اور سبزیوں سے بھی غذائیت حاصل کی جا سکے۔

ایک بات کا خیال رہے کہ ہنگامی حالات کے دوران، دودھ، چھوٹے بچوں کی خوراک اور الرجی پیدا کرنے سے محفوظ رکھنے والی خوراک کا بندوبست کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ لہٰذا چھوٹے بچوں، معمر افراد اور دیرینہ بیماریوں اور الرجی سے متاثرہ افراد کے لیے مناسب خوراک کا ذخیرہ رکھا جانا ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق، کسی بڑی قدرتی آفت کی صورت میں اشیا کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہونے کے امکان کے پیش نظر دو ہفتے کی خوراک محفوظ رکھی جانی ضروری ہے۔

یہ معلومات 2 مئی 2022 تک کی ہیں۔

3 پانی کی فراہمی رُک جانے کیلئے تیاری کرنا

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ سانحات کی پیشگی تیاری میں روزمرہ اشیائے ضروریہ کا مناسب ذخیرہ جمع رکھنا ضروری ہے۔ ہمارے اس تازہ ترین سلسلے میں ضروری سامان نسبتاً آسانی کے ساتھ ذخیرہ کرنے کے بارے میں آپ کو کچھ مفید اشارے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

آج کی قسط میں ہم پانی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ جب کوئی سانحہ یا قدرتی آفت رونما ہو تو کچھ وقت کیلئے پانی کی فراہمی معطل ہو سکتی ہے۔ جب ایسا ہو جائے تو ہم ٹوائلٹ میں پانی تک نہیں بہا سکتے۔ لہٰذا نہ صرف پینے اور کھانا پکانے کیلئے بلکہ روزمرہ کے دیگر استعمال کیلئے بھی آئندہ کیلئے پانی کا ذخیرہ کرنا ضروری ہے۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ استعمال کے بعد پانی کو بہا دینے کے بجائے باتھ ٹب میں ہی رکھا جائے۔ لیکن چھوٹے بچوں والے خاندانوں کو لازماً محتاط رہنا ہوگا کیونکہ بچہ حادثاتی طور پر ٹب میں گر سکتا ہے اور ڈوب سکتا ہے۔

آپ کو یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ ایسی اشیاء کا ذخیرہ کر لیں جنہیں پانی کے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہو، جیسا کہ ہنگامی ٹوائلٹ کِٹس، شیمپو جس سے آپ پانی کے بغیر ہی اپنے بال دھوسکیں، تر ٹِشو اور پلاسٹک فُوڈ ریپس (ڈشوں کو ریپس سے ڈھانپنے کے بعد استعمال کرنے سے ڈشیں صاف رہیں گی لہٰذا انہیں دھونے کیلئے آپ کو پانی کی ضرورت نہیں پڑے گی)۔

یہ معلومات 3 مئی 2022 تک کی ہیں۔

4 بجلی منقطع ہونے کی پیشگی تیاری کرنا

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں ضروری پیشگی اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ قدرتی آفات کی تیاری کے لیے روزمرہ اشیائے ضروریہ کا مناسب ذخیرہ رکھنا ضروری ہے۔ اس حالیہ سلسلے میں اشیائے ضروریہ نسبتاً آسانی سے محفوظ رکھنے کے بارے میں بعض مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔

آج ہم بجلی منقطع ہو جانے سے نبٹنے کیلئے اقدامات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ بجلی نہ ہو تو صرف روشنی ہی ختم نہیں ہو جاتی، ٹی وی اور اسمارٹ فونز بھی استعمال نہیں کیے جا سکتے، جس سے معلومات حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

اس صورتحال سے نبٹنے کے لیے چھوٹی فلیش لائٹ (ٹارچ)، سر پر پہنے جانے والے ہیڈ لیمپ، گلے میں لٹکائی جانے والی بتیاں اور (گھر کے اندر استعمال کے لیے) بڑی فلیش لائٹس جیسے روشنی مہیا کرنے والے مختلف آلات کا پہلے سے بندوبست کیجیے۔ طویل عرصہ انخلاء کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں ایل ای ڈی فلیش لائٹس اور دیگر لائٹس بہتر ہوں گی کیونکہ یہ بجلی کے عام بلبوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ثابت ہوتی ہیں۔

معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دیگر کے علاوہ، پورٹیبل ریڈیو اور ڈرائی بیٹری سیل یا شمسی توانائی سے چلنے والے اسمارٹ فون چارجرز کا بھی پہلے سے انتظام کیجیے۔

بڑے سانحات یا آفات کی صورت میں باور کیا جاتا ہے کہ بنیادی سہولیات میں گیس کی فراہمی کی بحالی میں سب سے زیادہ وقت لگتا ہے۔ لہٰذا کھانا گرم کرنے کے لیے گیس سے چلنے والے پورٹیبل چولہوں اور کھانا پکانےکے لیے درکار دیگر لوازمات کا بندوبست کیجیے۔

یاد رکھیے، پورٹیبل گیس سے ایک شخص کا ہفتے بھر کا کھانا پکانے کے لیے گیس کے تقریباً چھ سلنڈروں کی ضرورت ہو گی۔

یہ معلومات 4 مئی 2022 تک کی ہیں۔

5 روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں ضروری پیشگی اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ قدرتی آفات کی تیاری کے لیے روزمرہ اشیائے ضروریہ کا مناسب ذخیرہ رکھنا ناگزیر ہے۔ اس حالیہ سلسلے میں اشیائے ضروریہ نسبتاً آسانی سے محفوظ رکھنے کے بارے میں بعض مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔

آج ہم انخلا کے بعد پناہ گاہوں میں قیام کے دوران روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیائے ضروریہ پر توجہ مرکوز کریں گے۔

ہمارا مشورہ ہے کہ مندرجہ ذیل اشیاء اور خاص کر دیگر لوگوں کے ہمراہ مل کر استعمال نہ کی جا سکنے والی اشیاء کا باقاعدگی سے اضافی ذخیرہ رکھیں۔

– ٹوتھ برش، منہ کی صفائی اور غراروں کے لیے استعمال ہونے والا ماؤتھ واش
– نظر کا چشمہ، کنٹکٹ لینز اور ان کی صفائی کے لوازمات
– پورٹیبل ٹوائلٹ، ٹوائلٹ پیپر اور خواتین کی ضرورت کے نیپکن
– لمبی جرابیں (اکانومی کلاس سنڈروم یعنی تنگ جگہ پر ایک ہی انداز میں دیر تک بیٹھنے سے خون جمنے کی تکلیف روکنے میں بھی معاون)
– آنکھوں پر پہنا جانے والا ماسک اور شور روکنے کے لیے کانوں کے پلگ
– کچرے کے لیے پلاسٹک کے تھیلے (عارضی برساتی اور ٹوائلٹ کے لیے بھی استعمال کے قابل)
– عارضی استعمال کی جوتیاں
– کاغذی پنکھے، ٹھنڈک پہنچانے کے لیے تولیے (موسم گرما کیلئے)
– گرمائش پہنچانے کے لیے پاکٹ وارمر، دستانے (سردیوں کے لیے)

سب اشیاء کا یکدم انتظام کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن یاد رکھیے کہ قدرتی آفت کل بھی آ سکتی ہے۔ ان اضافی روزمرہ اشیائے ضروریہ کا باقاعدگی سے ذخیرہ رکھنا ضروری ہے۔

یہ معلومات 5 مئی 2022 تک کی ہیں۔