سانحات سے بچاؤ سے متعلق سوال و جواب

طاقتور زلزلہ آنے کی صورت میں کیا اقدام کرنا چاہیے؟

1- سب سے پہلے اپنا تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات کیجیے

این ایچ کے، کوئی بڑا قدرتی سانحہ رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ یہ پہلا سلسلہ کسی بڑے زلزلے کے بعد جاری کی جانے والی معلومات و انتباہات اور اقدامات سے متعلق آپ کو آگاہ کرنے کیلئے ہے اور یہ کہ آپ کو کیا ذہن میں رکھنا چاہیے۔

جاپان کا محکمۂ موسمیات بعض اوقات زلزلے کے طاقتور ارتعاش کے خدشے کی صورت میں ’’زلزلے کا پیشگی انتباہ‘‘ جاری کرے گا۔ تاہم، اس انتباہ اور حقیقتاً زلزلہ آنے کے درمیان بہت کم وقت ہوتا ہے۔ مزید برآں، محکمۂ موسمیات اکثر بروقت انتباہ جاری نہیں کر سکتا۔ بہرحال، آپ کی ترجیح اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات ہونے چاہیئں۔

★ عمارت کے اندر ہونے کی صورت میں
1۔ اپنے سر کا تحفظ کریں، اور کسی ٹھوس میز کے نیچے جیسی محفوظ جگہ پر پناہ لیں۔

2۔ باہر نکلنے کے لیے جلد بازی نہ کریں، یا چولھے یا آگ والے کسی آلے کو بند کرنے کی حد سے زیادہ کوشش نہ کریں۔

3۔ جب کسی عمارت میں دیگر کئی افراد کے ساتھ ہوں تو باہر نکلنے کے راستے کی جانب ہلہ نہ بولیں۔

4۔ لٹکی ہوئی بتیوں یا چھت میں لگی ہوئی کسی چیز کے نیچے نہ کھڑے ہوں۔

5۔ لفٹ کے اندر ہونے کی صورت میں قریب ترین منزل پر لفٹ روک دیں۔

★ باہر ہونے کی صورت میں
عمارتوں کی دیواریں گرنے، کھڑکیوں کے شیشے یا سائن بورڈ وغیرہ جیسی چیزیں اوپر سے گرنے کی صورت میں عمارتوں سے دور رہیں۔

قریب میں کوئی مضبوط عمارت ہونے کی صورت میں اس کے اندر پناہ لیں۔

کنکریٹ کی اینٹوں کی دیواروں اور وینڈنگ مشینوں کے ڈگمگا کر گرنے سے خبردار رہیں۔

پہاڑوں یا ایسی ڈھلوانوں سے دور رہنے کی کوشش کریں، جن سے پتھر، مٹی یا برف کے تودے گرنے کا خدشہ ہو۔

اگر گاڑی چلا رہے ہوں تو فوری طور پر رفتار کم نہ کریں۔ پہلے ہزارڈ لیمپس جلائیں، اس کے بعد رفتار کم کریں۔ گاڑی سے نکلے وقت، گاڑی میں چابی لگی ہوئی رہنے دیں۔

یہ معلومات 4 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

2- زلزلے کی شدّت اور ممکنہ اثرات 1: سطح 1 تا 4

این ایچ کے، کوئی بڑا قدرتی سانحہ رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج سے ہم زلزلے کی شدّت کے اُس پیمانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں جو جاپان کا محکمۂ موسمیات استعمال کرتا ہے۔

زلزلے کا پیشگی انتباہ جاری کرتے وقت جاپان کا محکمۂ موسمیات جو پیمانہ استعمال کرتا ہے، اُسے جاپانی زبان میں ’شِندو‘ کہتے ہیں۔ اس کی پیمائش ملک بھر میں نصب میٹروں سے کی جاتی ہے۔

اس پیمانے کی 10 سطحیں ہیں۔ صفر، 4،3،2،1، 5 زیریں، 5 بالائی، 6 زیریں، 6 بالائی اور 7۔

ہر سطح جو اثرات مرتب کرتی ہے محکمۂ موسمیات نے انہیں استعمال کر کے اس طرح واضح کیا ہے۔

0: لوگوں کیلئے ناقابلِ محسوس، لیکن زلزلہ پیما ریکارڈ کرلیتا ہے۔

1: کسی خاموش اندرونی جگہ پر بعض لوگ معمولی سا محسوس کرتے ہیں۔

2: کسی خاموش اندرونی جگہ پر کئی لوگ محسوس کرتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ نیند سے جاگ جائیں۔ لیمپوں جیسی بعض اشیاء معمولی جھُول سکتی ہیں۔

3: کسی اندرونی جگہ پر بیشتر لوگ محسوس کرتے ہیں۔ پیدل چلنے والے کچھ لوگ محسوس کرتے ہیں۔ کئی لوگ نیند سے بیدار ہو جاتے ہیں۔ الماریوں میں رکھی ڈشیں کھڑکھڑا سکتی ہیں۔ بجلی کی تاریں معمولی سی لہرا جاتی ہیں۔

4: بیشتر لوگ ڈر جاتے ہیں۔ پیدل چلنے والے بیشتر لوگ محسوس کرتے ہیں۔ کئی لوگ نیند سے بیدار ہو جاتے ہیں۔ لیمپوں جیسی لٹکی ہوئی اشیاء معمولی سی لہرا جاتی ہیں اور الماریوں میں رکھی ڈشیں کھڑکھڑاتی ہیں۔ غیر مستحکم آرائشی اشیاء گر سکتی ہیں۔ برقی تاریں واضح طور پر لہرا جاتی ہیں۔ جو لوگ گاڑی چلا رہے ہوں، ہوسکتا ہے کہ وہ زلزلے کا جھٹکا محسوس کریں۔

یہ معلومات 5 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

3- زلزلے کی شدت اور ممکنہ اثرات 2: سطح 5

این ایچ کے کوئی بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں زلزلوں کی شدت کے لیے زیرِاستعمال پیمانے سے متعلق ہمارے سلسلے کے اس دوسرے حصے میں ہم زلزلے کی سطح 5 پر توجہ مرکوز کریں گے۔

اس سطح کو مزید دو ضمنی سطحوں، زیریں اور بالائی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ہر سطح کو اس کے مندرجہ ذیل ممکنہ اثرات کے ساتھ واضح کیا ہے۔

5 زیریں
کئی لوگ خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور انہیں فرش یا دیوار میں گڑی ہوئی کسی مضبوط چیز کا سہارا لینے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ چھت سے لٹکنے والی روشنیوں جیسی اشیاء بری طرح ہچکولے کھاتی ہیں۔ الماریوں میں رکھی پلیٹیں اور بک شیلف میں رکھی اشیاء نیچے گر سکتی ہیں۔ مضبوطی سے کھڑی نہ رہ سکنے والی کئی سجاوٹی و آرائشی اشیاء گر جاتی ہیں۔ فرش، دیوار وغیرہ کے ساتھ ضروری لوازمات کے ذریعے پیوست نہ کیا گیا فرنیچر اپنی جگہ سے ہل سکتا ہے اور گر سکنے والا فرنیچر سامنے الٹ سکتا ہے۔ بعض حالات میں کھڑکیاں ٹوٹ اور گر سکتی ہیں۔ لوگوں کو بجلی کے کھمبے ہلتے نظر آئیں گے۔ سڑکوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

5 بالائی
کئی افراد کو اپنی جگہ سے حرکت کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ کسی مضبوط سہارے کو پکڑے بغیر چلنا دشوار ہو جاتا ہے۔ الماریوں میں رکھی گئی پلیٹیں اور بک شیلفوں پر رکھی گئی اشیاء کے گرنے کا زیادہ احتمال ہو گا۔ ٹی وی اپنے اسٹینڈ سے گر سکتے ہیں اور ضروری لوازمات کے ذریعے فرش یا دیوار کے ساتھ پیوست نہ کیا گیا فرنیچر سامنے الٹ سکتا ہے۔

کھڑکیاں ٹوٹ اور گر سکتی ہیں، لوہے کا سریا ڈال کر مضبوط نہ بنائی گئی کنکریٹ کے بلاکس سے بنی دیوار منہدم ہو سکتی ہے اور عام طور پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی وینڈنگ مشینیں جنہیں اچھی طرح نصب نہ کیا گیا ہو، سامنے الٹ سکتی ہیں۔ چلتی ہوئی گاڑیاں رک سکتی ہیں کیونکہ بعض ڈرائیوروں کو گاڑی چلانا دشوار محسوس ہو سکتا ہے۔

یہ معلومات 6 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

4- ارتعاش کی سطح اور ممکنہ اثرات 3: سطح 6 اور 7

این ایچ کے، کوئی بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج اس سلسلے کی تیسری قسط میں ہم جاپان میں زیرِ استعمال ارتعاش کی سطح 6 اور 7 پر توجہ مرکوز کریں۔ ارتعاش کی سطح 6، مزید 2 ذیلی سطحوں زیریں اور بالائی میں تقسیم ہے۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی ارتعاش کی ہر سطح کی تعریف اس کے ممکنہ اثرات کے لحاظ سے کرتی ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔

■6 زیریں■
اس سطح کے ارتعاش کی صورت میں کھڑا رہنا مشکل ہوتا ہے۔ فکس نہ کیا گیا کئی قسم کا فرنیچر، اپنی جگہ سے حرکت کر سکتا ہے یا گر سکتا ہے۔ بند دروازے اس طرح جام ہو سکتے ہیں کہ انہیں کھولنا ممکن نہ رہے۔ دیواروں کے ٹائل اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور وہ نیچے گر سکتی ہیں۔

■6 بالائی■
اس سطح کے ارتعاش کی صورت میں کھڑا رہنا یا رینگنے کے علاوہ اپنی جگہ سے حرکت کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ لوگ ہوا میں اچھل بھی سکتے ہیں۔ فکس نہ کیا ہوا زیادہ تر فرنیچر اپنی جگہ چھوڑ دیتا ہے اور زیادہ امکان یہ ہے کہ گر جائے گا۔ دیواروں کے ٹائل اور کھڑکیوں کے ٹوٹ کر گرنے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔ سریا ڈالے بغیر بنائی گئی کنکریٹ کی اینٹوں کی زیادہ تر دیواریں گر جاتی ہیں۔

7 (ارتعاش کی بلند ترین سطح)
فکس نہ کیا ہوا زیادہ تر فرنیچر ہلتا ہے اور گر جاتا ہے یا پھر ان میں سے کئی چیزیں ہوا میں اچھل کر دوسری جگہ گر بھی سکتی ہیں۔ دیواروں کے ٹائل اور کھڑکیوں کے ٹوٹ کر گرنے کا امکان کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ کنکریٹ کی اینٹوں سے بنی دیواریں، چاہے ان میں سریا ڈلا ہوا ہو، گر سکتی ہیں۔

یہ معلومات 7 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

5- دیر تک زمین ہلنے پر

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج ہم زلزلے میں دیر تک زمین ہلنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

کسی بڑے زلزلے کے نتیجے میں زمین میں ارتعاش دیر تک جاری رہ سکتا ہے، جس سے بلند و بالا عمارت طویل وقت تک ہلکا سا جھول سکتی ہیں اور یہ زلزلہ اپنے مرکز سے سینکڑوں کلومیٹر دور واقع عمارات کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

زلزلہ جتنا بڑا ہو گا اور اس کا مرکز سطح زمین سے جتنا نزدیک ہو گا، دیر تک زمین ہلنے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہو گا۔ زمین پر زلزلے کے جھٹکوں کی شدت کم ہونے پر بھی دیر تک زمین ہلنے کی صورت میں بلند و بالا عمارات کی بالائی منزلیں زیادہ جھولنا شروع کر سکتی ہیں۔

شمال مشرقی جاپان میں مارچ 2011 میں آنے والے زلزلے میں، صرف ٹوکیو کی ہی نہیں بلکہ زلزلے کے مرکز سے تقریباً 700 کلومیٹر دور واقع اوساکا کی اونچی عمارات کو دیر تک زمین ہلنے کی وجہ سے نقصان پہنچا تھا۔ اس وقت اوساکا میں سطح زمین پر زلزلے کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی تھی۔

لمبے دورانیے تک زمین ہلنے کی صورت میں چھوٹے پہیوں پر کھڑا فرنیچر یا فوٹو کاپی مشینیں وغیرہ اپنی جگہ سے پھسل کر دور دور تک جا سکتی ہیں۔ دیوار یا فرش کے ساتھ مضبوطی سے نصب نہ کیا گیا فرنیچرحرکت کرسکتا ہے یا اُلٹ سکتا ہے۔ان حالات میں جان بچانے کے لیے زمین کا ارتعاش ختم ہونے تک کسی ایسی جگہ پناہ حاصل کیجیے جہاں کم سے کم فرنیچر اور دوسری اشیاء رکھی ہوں۔

یہ معلومات 8 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

6- بنیادی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر پڑنے والے اثرات

>این ایچ کے کوئی بڑا قدرتی سانحہ رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج اس سلسلے میں ہم بتائیں گے کہ بجلی، پانی و گیس جیسی بنیادی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر زلزلے کے کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ ایک طاقتور زلزلہ لوگوں کی زندگیوں کو درج ذیل انداز میں متاثر کر سکتا ہے۔

* گیس: گیس میٹروں میں لگے حفاظتی آلات زلزلے کا ارتعاش محسوس کرتے ہی خودکار طور پر آن ہو سکتے ہیں، جس سے گیس کی فراہمی منقطع ہو جائے گی۔ شدید تر ارتعاش کی صورت میں پورے رہائشی بلاک کیلئے بجلی کی فراہمی منقطع ہوسکتی ہے

* پانی اور بجلی : پانی اور بجلی کی فراہمی منقطع ہو سکتی ہے۔

* ٹرینیں اور ہائی ویز: ریلوے خدمات معطل ہو سکتی ہیں اور ہائی ویز کو محفوظ ہونے کی تصدیق کے لیے بند کیا جا سکتا ہے۔ ریلوے کی انتظامیہ خود اپنی صوابدید پر رفتار کی حد اور دیگر پابندیاں عائد کر سکتی ہیں۔

ٹیلیفون اور رابطے کے دیگر ذرائع: متاثرہ علاقوں اور ارد گرد کے علاقوں کے لوگوں کی جانب سے عزیز و اقارب کی خیریت معلوم کرنے یا سانحے سے متعلق دیگر معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹیلیفون لائنوں اور انٹرنیٹ پر دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ٹیلی مواصلاتی کمپنیاں میسیج بورڈز یا میسیج ڈائل سروس کا نظام متعارف کروا سکتی ہیں۔

* لفٹیں: زلزلہ کنٹرول آلات سے لیس لفٹیں، حفاظتی نکتۂ نظر سے خودکار طور پر رک جائیں گی۔ یہ خدمات تحفظ کی تصدیق ہونے کے بعد ہی بحال ہوں گی، جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

یہ معلومات 11 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

7- کسی بڑے زلزلے کے بعد کیا دیکھنا چاہیے؟

این ایچ کے کوئی بڑا قدرتی سانحہ رونما ہونے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سامعین کے سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کسی بڑے زلزلے کے بعد کیا دیکھنا چاہیے۔

1) زلزلہ برداشت کرنے کی کم صلاحیت کی حامل عمارات منہدم ہو سکتی ہیں۔ اگر آپ پریشان ہوں تو انخلائی مراکز میں پناہ لیں۔

2) چٹانی ٹیلوں اور ڈھلوانوں پر مٹی کے تودے گرسکتے ہیں۔ اگر آپ پریشانی محسوس کریں تو انخلائی مراکز میں پناہ لیں۔ اگر آپ ایسے مراکز پر جانے سے قاصر ہوں تو دوسری منزل یا اس سے بلندی پر رہیں یا پھر چٹانی ٹیلوں اور ڈھلوانوں سے دور واقع کمروں میں چلے جائیں۔

3) بھرائی کے ذریعے حاصل کردہ زمین اور دریاؤں کے کنارے واقع علاقوں میں مٹی گداختہ ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے سطح نرم ہو جائے گی اور دراڑیں پڑ جائیں گی۔ انخلاء کے دوران آپ کو احتیاط کے ساتھ قدم رکھنے چاہیئں۔

4) کسی متصل علاقے میں آگ پھیل سکتی ہے اور آپ کے قرب و جوار تک پہنچ سکتی ہے۔ تاخیر ہو جانے سے قبل ہی انخلائی مراکز میں پناہ لے لیں۔

5) ہوسکتا ہے کہ بجلی منقطع ہو جانے کے دوران آپ کو موم بتی پر انحصار کرنا پڑے، لیکن جب کبھی بھی آپ کو اس کی ضرورت نہ ہو تو آپ کو انہیں بجھانا یقینی بنانا چاہیے۔ بجلی کی فراہمی بحال ہو جانے کے بعد بجلی کی وائرنگ کے ٹوٹے ہوئے حصوں پر آگ لگنا شروع ہو جانے کی روکتھام کی غرض سے آپ کو چاہیے کہ گھر کے سرکٹ بریکرز کو بند کر دیں۔

یہ معلومات 12 اپریل 2022 تک کی ہیں۔

8- زلزلہ آنے کے بعد مزید جھٹکے آنے کے خطرے سے خبردار رہیں

این ایچ کے بڑی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ آج ہم پہلے زلزلے کے بعد مزید زلزلے آنے کے امکان سے متعلق توجہ طلب اُمور پر بات کریں گے۔

انتہائی شدید زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کہلانے والے زلزلے کے نسبتاً چھوٹے جھٹکے اکثر آتے ہیں۔

لیکن بعض اوقات پہلے زلزلے کے بعد مزید طاقتور زلزلہ بھی آ سکتا ہے۔ اپریل 2016 میں جنوب مغربی جاپان کے کُماموتو پریفیکچر میں آنے والے زلزلے کا میگنی چیوڈ 6.5 تھا، اور صفر سے سات تک کے پیمانے پر زلزلے کی شدت کی سطح ریکارڈ کرنے والے جاپانی زلزلہ پیما پر اس کی سطح سات ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی علاقے میں مذکورہ زلزلے کے تقریباً 28 گھنٹوں بعد ایک اور زلزلہ آیا تھا، جس کا میگنی چیوڈ 7.3 تھا۔

لہٰذا علاقے میں زلزلہ آنے کی صورت میں مندرجہ ذیل باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے

1) پہلے جھٹکے کے بعد ایک ہفتے کے قریب عرصے تک زلزلے کے اسی شدت کے مزید جھٹکے لگنے کے خطرے سے خبردار رہیں۔
2) پہلے جھٹکے کے بعد 2 یا 3 روز تک زلزلے کے اور زیادہ شدید جھٹکوں کے لیے تیار رہیے۔
3) پتھروں کے گرنے اور مٹی کے تودے گرنے کے امکان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کیجیے۔
4) جاپانی زلزلہ پیما پر 6 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیے جانے پر عمارات کے منہدم ہونے کے امکان کے پیش نظر چوکس رہیں۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والوں کو کچھ عرصے تک آفٹر شاکس اور مزید شدید جھٹکے لگنے کے امکان کے باعث چوکنا رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

یہ معلومات 13 اپریل 2022 تک کی ہیں۔