روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

ایئرکنڈیشنروں اور پنکھوں کا محفوظ استعمال

1- حادثات کی تعداد

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں موسم گرما کی شدید گرمی کے دوران لُو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے ایئرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں پر انحصار کیے بغیر چارہ نہیں۔ لیکن بوسیدگی اور گھنٹوں مسلسل استعمال سے اِن آلات پر بوجھ پڑتا ہے، جس کا نتیجہ آتشزدگی جیسے حادثات کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ ہمارے اِس سلسلے میں ایئرکنڈیشنروں اور پنکھوں سے لاحق خطرات اور اِن کے محفوظ استعمال سے متعلق مفید مشورے دیے جائیں گے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن کے مطابق، مارچ 2024ء تک کے پانچ سالہ عرصے کے دوران ائیرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں سے متعلقہ مجموعی طور پر 403 حادثات رونما ہوئے۔ اِن میں سے 340 حادثات ایئرکنڈیشنروں اور 63 حادثات پنکھوں کے باعث ہوئے۔ ان حادثات میں 9 افراد کی موت واقع ہونے سمیت 90 فیصد سے زائد حادثات آتشزدگی کے تھے۔ بیشتر حادثات موسمِ گرما میں پیش آئے، جن میں 174 واقعات یا 43 فیصد سے زائد جُون تا اگست کی تین ماہ کی مدت کے دوران ہوئے۔ اس دورانیے میں ایئرکنڈیشنر یا پنکھے اکثر استعمال کیے جاتے ہیں۔ یاد رکھیے کہ زیادہ استعمال سے اِن آلات پر بوجھ پڑتا ہے اور بوسیدہ آلات کے استعمال سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ معلومات 9 جولائی 2024ء تک کی ہیں۔

2- وقت گزرنے کے ساتھ آلات میں انحطاط

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں موسم گرما کی شدید گرمی کے دوران لُو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے ایئرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں پر انحصار کیے بغیر چارہ نہیں۔ لیکن بوسیدگی اور گھنٹوں مسلسل استعمال سے اِن آلات پر بوجھ پڑتا ہے، جس کا نتیجہ آتشزدگی جیسے حادثات کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ ہمارے اِس رواں سلسلے میں ایئرکنڈیشنروں اور پنکھوں سے لاحق خطرات اور اِن کے محفوظ استعمال سے متعلق مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔ آج کی قسط میں گزرتے وقت کے ساتھ آلات میں آنے والے انحطاط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن، این آئی ٹی ای، کے مطابق مارچ 2024 تک کے پانچ سالہ عرصے کے دوران ائیرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں سے متعلقہ مجموعی طور پر 403 حادثات کی اطلاع دی گئی۔ اِن میں سے نصف سے زائد واقعات دس سال سے زائد عرصہ پہلے بنائے گئے آلات کے باعث رونما ہوئے۔ پُرانی اشیاء کے پُرزوں میں انحطاط کے باعث مسائل پیدا ہونے کا نسبتاً زیادہ امکان ہوتا ہے اور ان سے حادثات رونما ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

ستمبر 2020ء میں آئِیچی پریفیکچر میں 33 سال سے استعمال ہونے والے ایک ائیرکنڈیشنر کے کمپریسر کو آگ لگ گئی۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ حادثہ ایک پُرزے کی غیر موصل کاری کی صلاحیت کم ہونے سے شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔

اگست 2021ء میں شِزُواوکا پریفیکچر میں 47 سال سے زائد عرصہ استعمال ہونے والے ایک پنکھے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ اس حادثے میں بھی ایک آلے کی غیر موصل کاری کی صلاحیت میں کمی کو شارٹ سرکٹ کا سبب قرار دیا گیا۔

این آئی ٹی ای نے استعمال کنندگان کو مشورہ دیا ہے کہ خاص کر پُرانے آلات استعمال کرتے وقت کسی بھی قسم کی خلافِ معمول حالت پر نظر رکھیں۔

یہ معلومات 10 جولائی 2024ء تک کی ہیں۔

3- مصنوعات کی متوقع عمر

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں موسم گرما کی شدید گرمی کے دوران لُو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے ایئرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں پر انحصار کیے بغیر چارہ نہیں۔ لیکن بوسیدگی اور گھنٹوں مسلسل استعمال سے اِن آلات پر بوجھ پڑتا ہے، جس کا نتیجہ آتشزدگی جیسے حادثات کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ ہمارے اِس سلسلے میں ایئرکنڈیشنروں اور پنکھوں سے لاحق خطرات اور اِن کے محفوظ استعمال سے متعلق مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔ آج کی قسط میں مصنوعات کی متوقع عمر کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پُرزوں کی وقت کے ساتھ ساتھ بوسیدگی کی وجہ سے ایئر کنڈیشنرز اور برقی پنکھے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ اِسی وجہ سے حکومت مصنوعات سازوں کو پابند کرتی ہے کہ وہ ایسی مصنوعات پر ’ڈیزائن پر مبنی معیاری مدّتِ استعمال‘‘ کا لیبل چسپاں کریں۔ تمام مصنوعات سازوں کی جانب مدت کا تعین لازمی کیا جاتا ہے اور مصنوعات کے نظر آنے والے حصے پر یہ لکھ دیا جاتا ہے کہ عام حالات میں اِسے کتنے عرصے تک بغیر کسی مسئلے کے، محفوظ انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن کا استعمال کنندگان کو یہ مشورہ ہے کہ وہ اس مدّت کو مصنوعات کی تبدیلی کے لئے رہنماء اُصول کے طور پر استعمال کریں، اور یہ مدّت گزرنے کے بعد زیرِ استعمال ہر مصنوعات کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کروائیں۔

مذکورہ ادارہ استعمال کنندگان کو مشورہ دیتا ہے کہ مصنوعات میں کوئی غیرمعمولی خرابی پائے جانے کی صورت میں اُس کا سوئچ فوری طور پر بند کر دیں اور اِس کے بنانے والے وغیرہ سے اس کی جانچ پڑتال کروائیں۔

یہ معلومات 11 جولائی 2024ء تک کی ہیں۔

4- حفاظتی جانچ کے طریقے

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں موسم گرما کی شدید گرمی کے دوران لُو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے ایئرکنڈیشنروں اور برقی پنکھوں پر انحصار کیے بغیر چارہ نہیں۔ لیکن بوسیدگی اور گھنٹوں مسلسل استعمال سے اِن آلات پر بوجھ پڑتا ہے، جس کا نتیجہ آتشزدگی جیسے حادثات کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ ہمارے اِس سلسلے میں ایئرکنڈیشنروں اور پنکھوں سے لاحق خطرات اور اِن کے محفوظ استعمال سے متعلق مفید مشورے دیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے کی چوتھی قسط میں ہم گرمی کی شدّت میں کمی لانے والے ایسے کُولنگ آلات کی جانچ کرنے کے اہم نکات پیش کر رہے ہیں جن کی ’’ڈیزائن پر مبنی معیاری مدتِ استعمال‘‘ ختم ہو چکی ہو۔

جب آپ کے زیرِ استعمال مصنوعات کی ’’ڈیزائن پر مبنی معیاری مدّتِ استعمال‘‘ ختم ہو چکی ہو تو ضروری ہے کہ اُسکی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کر وائی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ وہ درست طریقے سے کام کر رہی ہیں۔

ایئرکنڈیشنر سے متعلق اس بات کی تصدیق ضروری ہے کہ اندرونی آلات سے پانی تو نہیں رِس رہا، یا غیر معمولی تھرتھراہٹ یا بدبُو تو پیدا نہیں ہو رہی۔ علاوہ ازیں یہ تصدیق بھی کریں کہ اس پر کوئی error code تو نہیں آ رہا اور آیا یہ اچانک چلنا بند تو نہیں ہو جاتا۔

بجلی کے پنکھے کی جانچ کرتے وقت یہ یقینی بنائیں کہ پنکھڑی کی گردش سُست یا غیر ہموار تو نہیں، غیرمعمولی شور یا ارتعاش تو پیدا نہیں ہو رہا، بجلی کی تار کا کنکشن ڈھیلا یا خراب تو نہیں، موٹر کے آس پاس کی جگہ زیادہ گرم تو نہیں ہو رہی، جلنے کی بُو تو نہیں آ رہی۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن، این آئی ٹی ای، کی جانب سے خبردار کیا جاتا ہے کہ کسی خرابی کی صورت میں آپ کو فوری طور پر ایسے آلات کا استعمال بند کر دینا چاہیے۔ بجلی کا پلگ نکال دیں اور معلومات کے لیے مصنوعات ساز کمپنی یا اُس دُکان سے رجوع کیا جائے جہاں سے آلات خریدے گئے تھے۔

یہ معلومات 12 جولائی 2024ء تک کی ہیں۔