روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

موسمِ برسات اور گرمیوں میں عام اشیاء کے حادثات

1- واٹر پروف کپڑوں کی دھلائی

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ برقی آلات کے غلط استعمال کے نتیجے میں غیر متوقع پریشانی پیدا ہو سکتی ہے، اور کچھ حادثات سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں کسی خاص موسم میں زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ تازہ ترین سلسلہ مصنوعات کے ایسے حادثات کے بارے میں ہے جو اکثر و بیشتر موسمِ برسات اور گرمیوں میں ہوتے ہیں۔ اِس پہلی قسط میں واٹر پروف کپڑوں کی وجہ سے واشنگ مشین میں پیدا ہونے والی غیر معمولی تھرتھراہٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن (این آئی ٹی ای) نے برساتی کوٹ یا دیگر واٹر پروف کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھونے اور خشک کرنے کی صورت میں خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معمولی تھرتھراہٹ یا ارتعاش حادثات کا باعث بن سکتا ہے۔ جب ایسے کپڑے کو واشنگ مشین میں ڈالا جائے جس میں سے پانی نہ گزر سکے تو پانی کپڑے کے مواد کی تہوں کے درمیان پھنس جائے گا۔ اگر ایسی حالت میں اُسے گھما کر خشک کیا جائے تو ٹب غیر متوازن ہو جائے گا۔ بیشتر مواقعوں میں، مشین کا حفاظتی فنکشن خرابی کا پتہ لگاتا ہے اور مشین کو گھومنے سے روک دیتا ہے، لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ تیز رفتار مشینی گردش کے دوران ٹب کا توازن بگڑنے کی صورت میں حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ اگر تیزرفتار گردش غیر متوازن حالت میں جاری رہتی ہے تو، کپڑے اُچھل کر ٹب سے باہر نکل سکتے ہیں، یا مشین یا دیواروں اور مشین کے ارد گرد کے فرش کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کچھ صورتوں میں واشنگ مشین گر جاتی ہے۔ ایسی پریشانی کی روکتھام کیلئے این آئی ٹی ای واٹر پروف کپڑے واشنگ مشین میں دھونے کے خلاف خبردار کرتا ہے۔ برساتی کوٹ کے علاوہ واٹر پروف لباس کی مثالوں میں گیلے کپڑے، اِسکی کے ملبوسات اور پلاسٹک کی چادریں شامل ہیں۔ این آئی ٹی ای کے مطابق، آپ مذکورہ کپڑوں یا کوٹ وغیرہ کو اپنے منہ سے لگا کر اور اس پر پھونک مار کر یہ جانچ کر سکتے ہیں کہ آیا کوئی مواد واٹر پروف ہے یا نہیں۔ اگر اُس میں سے ہوا نہیں گزرے تو وہ واٹر پروف ہے۔

یہ معلومات 27 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

2- ٹریکنگ کے باعث آتشزدگی

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ برقی آلات کے غلط استعمال کے نتیجے میں غیر متوقع پریشانی پیدا ہو سکتی ہے، اور کچھ حادثات سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں کسی خاص موسم میں زیادہ ہوتے ہیں۔ اِس تازہ ترین سلسلے میں مصنوعات کے ایسے حادثات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو اکثر و بیشتر موسمِ برسات اور گرمیوں میں ہوتے ہیں۔ آج دوسری قسط میں ٹریکنگ کی وجہ سے ہونے والے آتشزدگی واقعات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

ٹریکنگ سے مُراد ایک ایسا عمل ہے جس میں بجلی کے پاور پِلگ اور آؤٹ لیٹ کے درمیان جمع ہو جانے والی دُھول، نمی کو جذب کرتی ہے، جو برقی مؤصل کا باعث بن سکتی ہے، اور اس کے نتیجے میں آگ بھڑک سکتی ہے۔ موسمِ برسات میں بارش کی وجہ سے نمی بڑھ جاتی ہے، اس لیے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ٹوکیو کے آگ بُجھانے والے محکمے کے ایک سروے کے مطابق، 2022ء تک کے 10 سالہ عرصے کے دوران، ٹوکیو کی رہائش گاہوں میں ٹریکنگ کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے 170 واقعات کی اطلاع دی گئی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن (NITE) اس طرح کی آتشزدگی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی سفارش کرتا ہے۔ اِن میں بجلی کے پاور پِلگ اور آؤٹ لیٹ کے اِرد گرد کی جگہ کو کثرت سے صاف کرنا، اگر برقی اشیاء کئی گھنٹوں تک استعمال نہیں ہوتیں تو بجلی کے پاور پِلگ کو آؤٹ لیٹ سے نکال دینا، اور آؤٹ لیٹ اور پِلگ پر یا اُن کے اِرد گرد پانی جمع ہونے پر نظر رکھنا شامل ہے۔ اگر آؤٹ لیٹ کے قریب کوئی چنگاری یا دھواں نکلتا نظر آئے تو فوری طور پر زیرِ استعمال مصنوعات کی تار کو پاور پِلگ سے نکال دیں، یا سرکِٹ بریکر کو بند کر دیں۔

یہ معلومات 28 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

3- برقی اشیاء گیلی ہونے کے باعث ہونے والے حادثات

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ برقی آلات کے غلط استعمال کے نتیجے میں غیر متوقع پریشانی پیدا ہو سکتی ہے، اور کچھ حادثات سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں کسی خاص موسم میں زیادہ ہوتے ہیں۔ اِس تازہ ترین سلسلے میں مصنوعات کے ایسے حادثات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو اکثر و بیشتر موسمِ برسات اور گرمیوں میں ہوتے ہیں۔ آج اِس تیسری قسط میں گیلی ہو جانے والے برقی آلات کے باعث پیش آنے والے حادثات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن، این آئی ٹی ای، نے برقی آلات گیلے ہو جانے کے باعث رونما ہونے والے کئی حادثات کی اطلاع دی ہے۔ جولائی 2015ء میں، اوساکا پریفیکچر میں ایک صارف نے ساحلِ سمندر پر استعمال کیے گئے ایک واٹر پروف ڈیجیٹل کیمرے کو ری چارج کرتے ہوئے محسوس کیا کہ کیمرہ غیر معمولی طور پر گرم ہو رہا ہے۔ صارف نے جب چارجنگ کیبل کو الگ کیا تو کنکشن پوائنٹ پر آگ بھڑک اٹھی۔ این آئی ٹی ای کا خیال ہے کہ کنیکٹر کے اندر باقی رہ جانے والے پانی کی وجہ سے ری چارجنگ کے باعث شارٹ سرکٹ ہوا، جس کی وجہ سے غیر معمولی حِدّت پیدا ہوئی۔ مذکورہ انسٹی ٹیوٹ صارفین پر، چارجنگ کیبل کے کنکشن پوائنٹس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ایسے گیلے، واٹر پروف آلات کو ری چارج کرنے سے پہلے اُن کی دیکھ بھال اور خشک کرنے کے لیے مناسب اقدامات اُٹھانے پر زور دے رہا ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ ایسے آلات جو واٹر پروف نہ ہوں، اور گیلے ہو رہے ہوں، اُن کے طریقۂ استعمال پر عمل کریں یا اُن کے مصنوعات سازوں سے معلوم کریں کہ آیا ان کا استعمال جاری رکھنا محفوظ ہے یا نہیں۔

یہ معلومات 29 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

4- بلند درجۂ حرارت کے باعث ہونے والے حادثات

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ برقی آلات کے غلط استعمال کے نتیجے میں غیر متوقع پریشانی پیدا ہو سکتی ہے، اور کچھ حادثات سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں کسی خاص موسم میں زیادہ ہوتے ہیں۔ اِس تازہ ترین سلسلے میں مصنوعات کے ایسے حادثات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو اکثر و بیشتر موسمِ برسات اور گرمیوں میں ہوتے ہیں۔ آج کی قسط میں گرم موسم میں بعض مصنوعات کو گاڑی میں چھوڑ دینے سے پیدا ہونے والے خطرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن، (این آئی ٹی ای) کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2022ء میں ہیوگو پریفیکچر میں، باہر کھڑی ایک گاڑی میں چھوڑے گئے موبائل فون کی بیٹری میں آگ لگنے سے گاڑی کی نشست جل گئی تھی۔ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ اُس وقت بیرونی درجۂ حرارت 30 ڈگری کے قریب تھا اور آگ گاڑی کھڑی کیے جانے کے تقریباً دو گھنٹے بعد لگی۔ اس ادارے نے کہا ہے کہ گاڑی میں بیٹری کا بلند درجۂ حرارت میں ہونا آگ لگنے کی ایک وجہ تھی۔ زیادہ تر موبائل بیٹریاں لیتھیم آئن بیٹریاں ہوتی ہیں۔ ہلکی اور اعلی کارکردگی کی حامل لیتھیم آئن بیٹریاں اسمارٹ فون اور ذاتی کمپیوٹروں جیسے برقی آلات میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں۔ لیکن کسی چیز سے ٹکرانا یا گرمی اِن بیٹریوں کے پھٹنے یا آگ پکڑنے کا سبب بن سکتی ہے۔ ان مصنوعات کو ایسی گاڑی کے اندر چھوڑنا بہت خطرناک ہوتا ہے جس کے گرم ہو جانے کا زیادہ امکان ہو۔

کیڑے بھگانے والی اور کُولنگ اسپرے وغیرہ جیسی وہ مصنوعات بھی زیادہ گرمی میں پھٹ سکتی ہیں جن میں پروپیلنٹ استعمال ہوتا ہے۔ لہٰذا براہ مہربانی اُنہیں کسی جگہ پر رکھتے ہوئے احتیاط کریں۔

یہ معلومات 30 مئی 2024 تک کی ہیں۔

5- پورٹیبل برقی پنکھوں کی وجہ سے آتشزدگی حادثات

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ برقی آلات کے غلط استعمال کے نتیجے میں غیر متوقع پریشانی پیدا ہو سکتی ہے، اور کچھ حادثات سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں کسی خاص موسم میں زیادہ ہوتے ہیں۔ اِس تازہ ترین سلسلے میں مصنوعات کے ایسے حادثات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو اکثر و بیشتر موسمِ برسات اور گرمیوں میں ہوتے ہیں۔ آج کی قسط ایسے پورٹیبل برقی پنکھوں سے جنم لینے والے خطرے کے بارے میں ہے جو آپ اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں اور استعمال کر سکتے ہیں۔

موسم گرما میں شدید گرمی کی وجہ سے حالیہ برسوں میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پورٹیبل برقی پنکھے استعمال کر رہی ہے۔ اس طرح کے زیادہ تر پنکھوں میں لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال ہوتی ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ ایویلُوایشن (این آئی ٹی ای) نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ پنکھا لوگوں سے گر جائے تو بیٹریاں زمین سے ٹکرانے کے باعث دُھواں خارج کر سکتی ہیں یا آگ پکڑ سکتی ہیں۔

این آئی ٹی ای استعمال کنندگان پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنے پنکھے کو احتیاط سے سنبھالیں اور بیٹریوں کو جھٹکا لگنے کی صورت میں پنکھے کا استعمال روک کر اُس کے تیار کنندہ یا فروخت کرنے والے سے مشورہ طلب کریں۔

انسٹی ٹیوٹ لوگوں پر یہ زور بھی دے رہا ہے کہ وہ قابلِ بھروسہ مصنوعات خریدیں، کیونکہ کچھ پورٹیبل پنکھے تیار کنندہ سے متعلقہ معلومات کے بغیر ہی آن لائن فروخت کیے جا رہے ہیں، اور کوئی مسئلہ پیدا ہونے پر رابطہ کرنے کی صورت میں بعض فروخت کرنے والے جواب تک نہیں دیتے۔

یہ معلومات 31 مئی 2024ء تک کی ہیں۔