روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

مشکوک جُز وقتی ملازمتوں سے دور رہیں

1- بینک بُک اور کیش کارڈز کی فروخت

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ ایسے واقعات کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں جاپان میں مقیم غیرملکی باشندے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی “آسان، زیادہ تنخواہ والی نوکریوں” کے لیے درخواست دینے کے بعد جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو نام نہاد مشکوک جُز وقتی ملازمتوں کے شبہ میں گرفتار یا جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ اِس تازہ ترین سلسلے میں، ہم آپ کو ایسی ملازمتوں کی مثالوں سے آگاہ کریں گے جو آپ کو کبھی نہیں کرنی چاہیئں۔

غیرملکیوں کو بھرتی کرنے والے مشکوک کاموں میں سے ایک بینک بُک اور کیش کارڈز کی فروخت ہے۔ ان بینک اکاؤنٹس کو بعد میں اکثر دھوکہ دہی جیسے جرائم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کی خرید و فروخت غیر قانونی ہے۔

ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اور مِئے میں رہنے والے تیس کے پیٹے کے دو ویتنامی مردوں نے اوساکا میں مقیم ایک اور ویتنامی شخص کو مئی 2022ء کے آس پاس مجبور کیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے رقم کے عوض اپنا کیش کارڈ اُنہیں بھیجے۔ اِن تینوں کو مجرمانہ کارروائیوں کی روکتھام کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

جاپان میں رہنے والے ویتنامیوں کی مدد کرنے والی ایک غیر منافع جاتی تنظیم، نِچِئتسُو توموئِیکی شِئینکائی کا کہنا ہے کہ بہت سے ویتنامی باشندوں کے سوشل میڈیا گروپوں میں بینک اکاؤنٹس فروخت کرنے کا کہنے والی کئی پوسٹس ہیں، جن میں سے کچھ میں مخصوص بینکوں کے نام بھی ہیں۔ مذکورہ تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ویتنامیوں کے بارے میں اکثر سُنتی ہے کہ وہ اپنے ملک واپس جانے سے پہلے اپنی بینک بُک اور کیش کارڈ بیچ دیتے ہیں۔

ٹوکیو میٹرو پولیٹن پولیس جاپان میں غیرملکی باشندوں کو غیرقانونی جُز وقتی ملازمتوں کے خلاف خبردار کر رہی ہے، اور کہا ہے کہ اگر وہ بغیر سوچے سمجھے ایسی ملازمتوں کے لیے درخواست دیتے ہیں تو اُنہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے یا اُنہیں جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک واپس بھیجا جا سکتا ہے۔

یہ معلومات 13 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

2- اسمارٹ فون کے غیرقانونی معاہدے

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ ایسے واقعات کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں جاپان میں مقیم غیرملکی باشندے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی “آسان، زیادہ تنخواہ والی نوکریوں” کے لیے درخواست دینے کے بعد جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو نام نہاد مشکوک جُز وقتی ملازمتوں کے شبہ میں گرفتار یا جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ ہمارے اِس رواں سلسلے میں، ایسی ملازمتوں کی مثالیں پیش کی جا رہی ہیں جو آپ کو کبھی نہیں کرنی چاہیئں۔ آج کی قسط میں اسمارٹ فون کے غیرقانونی معاہدوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

جنوری 2024ء میں، 40 کے پیٹے کی ایک فلپائنی خاتون کو ٹوکیو میں برقی آلات کی دُکان اور موبائل فون کی ایک دُکان پر نئے اسمارٹ فون خریدنے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد دھوکہ دہی کے شُبہ میں گرفتار کیا گیا۔ وہ خاتون مذکورہ ٹیلی فون درحقیقت کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے کے لیے خرید رہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دیکھنے کے بعد اسمارٹ فونز خریدے جس میں ہر اسمارٹ فون کی خریداری پر تقریباً 1 لاکھ ین معاوضہ دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اُس نے خریدنے کے بعد اسمارٹ فونز کو جرائم پیشہ گروپ کے ایک رکن کے حوالے کر دیا، جس نے اُنہیں فونز خریدنے کی ہدایت کی تھی۔ پولیس کو بعد میں پتہ چلا کہ فون کے اندر موجود سِم کارڈز کو الیکٹرانک ادائیگیوں میں دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیا گیا۔

پولیس کے مطابق، سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں غیرملکیوں کو یہ لالچ دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ وہ اسمارٹ فون کے معاہدے کریں اور اپنا اسمارٹ فون یا سِم کارڈ معاوضے کے بدلے دوسرے شخص کے حوالے کر دیں۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے کئی واقعات میں جرائم پیشہ گروپ کا رکن خریدار کے ہمراہ جاتا ہے اور معاہدہ ہوتے ہی ٹیلی فون وصول کر لیتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون کا غیرقانونی معاہدہ کرنا جُرم ہے۔ مزید برآں، خریدار ٹیلی فون دوبارہ فروخت ہونے کے بعد بھی فون اور اس کے استعمال کی فیس کی ادائیگی جاری رکھنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ پولیس لوگوں کو خبردار کر رہی ہے کہ بظاہر آسان اور بھاری مشاہرے پر نوکری کی پیشکش کبھی قبول نہ کریں۔

یہ معلومات 14 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

3- پیکیج وصول کرنا اور آگے پہنچانا

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ ایسے واقعات کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں جاپان میں مقیم غیرملکی باشندے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی “آسان، زیادہ تنخواہ والی نوکریوں” کے لیے درخواست دینے کے بعد جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو نام نہاد مشکوک جُز وقتی ملازمتوں کے شبہ میں گرفتار یا جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ ہمارے اِس رواں سلسلے میں، ایسی ملازمتوں کی مثالیں پیش کی جا رہی ہیں جو آپ کو کبھی نہیں کرنی چاہیئں۔ آج کی قسط میں پیکیج وصول کرنے اور آگے بھجوانے کے کام پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

ٹوکیو محکمۂ میٹروپولیٹن پولیس نے سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس سے خبردار کیا ہے جن میں پیکیجز وصول کرنے کی آسان سی جُز وقتی ملازمت کے عوض بھاری معاوضے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاپان میں غیرملکی رہائشیوں کے زیرِ استعمال سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملازمت کی پیشکش کرنے والی اس طرح کی پوسٹس میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے۔

اِن پوسٹس میں کہا جاتا ہے کہ اس کام میں آپ کے گھر بھیجے گئے پیکیج کو ایک مخصوص پتے پر صرف بھجوانا، یا کسی مخصوص خالی گھر میں پیکیج وصول کرنا ہے۔ لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، جُرم کا شک کیے بغیر اس کام کی حامی بھر لیتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اِن پیکیجز میں دوسرے لوگوں کی آئی ڈی اور پاس ورڈ استعمال کر کے غیرقانونی طور پر آن لائن شاپنگ کے ذریعے خریدی گئی اشیا، دھوکہ دہی کے ذریعے ٹھگی گئی نقدی، اور غیرقانونی منشیات جیسی اشیاء شامل ہوتی ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کا پیکیج وصول کرنا یا آگے بھجوانا جُرم ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر، پیکیج وصول کرنا، چوری اور دیگر الزامات کا باعث بن سکتا ہے۔ پیکیج حاصل کرنے کے لیے کسی خالی گھر میں داخل ہونے پر بیجا مداخلت کرنے کا اضافی الزام بھی لگ سکتا ہے۔

محکمۂ پولیس نے عوام کو ایسی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ معمولی جُز وقتی ملازمت سمجھ کر کیے جانے والے اس کام کے باعث اُنہیں کسی سنگین جُرم میں ملوّث شخص کے ساتھی کے طور پر گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

یہ معلومات 15 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

4- خریداری ایجنٹس

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ ایسے واقعات کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں جاپان میں مقیم غیرملکی باشندے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی “آسان، زیادہ تنخواہ والی نوکریوں” کے لیے درخواست دینے کے بعد جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو نام نہاد مشکوک جُز وقتی ملازمتوں کے شبہ میں گرفتار یا جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ ہمارے اِس رواں سلسلے میں، ایسی ملازمتوں کی مثالیں پیش کی جا رہی ہیں جو آپ کو کبھی نہیں کرنی چاہیئں۔ آج، ہم خریداری ایجنٹوں پر نظر ڈالیں گے۔

ٹوکیو محکمۂ میٹرو پولیٹن پولیس نے ایسے واقعات کی اطلاع دی ہے جن میں غیرملکی باشندوں کو اُن کے جاننے والوں کی طرف سے صرف خریداری کرنے کے بدلے بڑی اُجرت کا لالچ دیا جاتا ہے، جس کا نتیجہ صرف شریکِ جُرم ہونے کی صورت میں نکلتا ہے۔ ایک واقعے میں 20 کے پیٹے کے ایک چینی باشندے کو جُون 2022 میں ایک ریلوے کمپنی کے انعامی پوائنٹ پروگرام کے غیر مجاز استعمال کے ذریعے ٹوکیو میں ایک کاسمیٹکس اسٹور سے تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار ین یعنی تقریباً آٹھ سو تیس ڈالر مالیت کے بیوٹی سیرم اور دیگر مصنوعات کی خریداری میں دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور چینی باشندے نے مذکورہ شخص سے کاراؤکے پارلر میں رابطہ کیا اور اُسے ’’خریداری ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کی آسان جُز وقتی نوکری‘‘ کی پیشکش کی۔ ملزم نے مبینہ طور پر ویب سائٹ میں لاگ اِن کرنے کے لیے گروپ کی جانب سے فراہم کردہ کسی اور کی آئی ڈی اور پاس ورڈ کا استعمال کیا اور پوائنٹس کے ساتھ خریداری کی۔

اس شخص کو مبینہ طور پر، دھوکہ دہی پر مبنی خریداری کے عوض، گروپ سے چالیس ہزار ین (تقریباً 260 ڈالر) ملے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بہت سے چینی باشندے اس طرح کی غیرقانونی جُز وقتی ملازمتوں میں ملوث ہیں، جن کی تشہیر زبانی کلامی یا سوشل میڈیا کے ذریعے بار بار کی جاتی ہے۔ پولیس لوگوں کو خبردار کر رہی ہے کہ وہ صرف اِس بنیاد پر مشکوک ملازمت کی پیشکشوں کا جواب نہ دیں کہ وہ اُن کے ملک سے تعلق رکھنے والے کسی جاننے والے کی طرف سے متعارف کروائی گئی ہیں یا اُن کے دوست ایسا کام کر رہے ہیں۔

یہ معلومات 16 مئی 2024ء تک کی ہیں۔

5- آن لائن سیلز ایجنٹس

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ ایسے واقعات کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں جاپان میں مقیم غیرملکی باشندے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی “آسان، زیادہ تنخواہ والی نوکریوں” کے لیے درخواست دینے کے بعد جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو نام نہاد مشکوک جُز وقتی ملازمتوں کے شبہ میں گرفتار یا جاپان بدر کر کے اُن کے آبائی ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ ہمارے اِس رواں سلسلے میں، ایسی ملازمتوں کی مثالیں پیش کی جا رہی ہیں جو آپ کو کبھی نہیں کرنی چاہیئں۔ آج کی قسط میں آن لائن سیلز ایجنٹس کی نوکریوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

پولیس ایسے واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کی اطلاع دیتی ہے جن میں غیرملکیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مشکوک ملازمتوں کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر ’’صرف آن لائن مصنوعات بیچ کر زیادہ معاوضہ‘‘، یا ’’محض اپنا فِلی مارکیٹ سائٹ اکاؤنٹ مستعار دینے پر رقم کی ادائیگی‘‘ جیسے پیغامات استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایسی مشکوک ملازمتیں جن میں جعلی برانڈ کی اشیاء یا غیرقانونی طور پر حاصل کی گئی مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں، مجرمانہ فعل کے زُمرے میں آتی ہیں۔

اوساکا پریفیکچر کی پولیس نے اگست 2023ء میں ایک چینی شخص کو ادویات اور طبّی آلات قانون کی خلاف ورزی کرنے کے شُبہ میں گرفتار کیا۔ 30 کے پیٹے کا یہ شخص مشہور برانڈز کی 148 جعلی کاسمیٹکس اشیاء فروخت کے مقصد سے ذخیرہ کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق، یہ شخص ایک ایسے جرائم پیشہ گروہ کا حصہ ہے جو جعلی کاسمیٹکس فروخت کرتا ہے۔ یہ گروپ مصنوعات کو پوسٹ کرنے یا پہنچانے کے لیے چینی سوشل نیٹ ورک سائٹ استعمال کر کے لوگوں کو جمع کر رہا تھا۔ پولیس نے دو دیگر چینی باشندوں کو بھی جعلی مصنوعات کی فروخت کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

آپ کو اس بات سے محتاط رہنا چاہیے کہ ’’آسان کیش‘‘ یا ’’یہ غیرقانونی نہیں ہے‘‘ جیسے فریب بھرے فِقروں سے جُرم کے چنگل میں نہ پھنس جائیں۔ لیکن اگر آپ خود کو کسی مشکل یا پریشانی میں پائیں تو پولیس سے ضرور رابطہ کریں۔

یہ معلومات 17 مئی 2024ء تک کی ہیں۔