روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

خود کو جرائم سے بچانا

1- پولیس افسران یا سفارتخانہ اہلکار کے بھیس میں دھوکہ دہی کے واقعات

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ جاپان میں مقیم غیرملکیوں کی تعداد گزشتہ سال 32 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر کے ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ حال ہی میں جہاں غیرملکی مشتبہ افراد کے مقدمات کی تعداد کم ہو رہی ہے، وہیں بہت سے غیرملکی جرائم کا شکار ہو رہے ہیں۔

اس نئے سلسلے میں، ہم معلومات فراہم کریں گے کہ غیرملکی کس طرح اپنے آپ کو دھوکہ دہی سے بچا سکتے ہیں اور جاپان میں محفوظ طریقے سے رہ سکتے ہیں۔ پہلی قسط میں، ہم غیرملکیوں کے آبائی ملک کے پولیس افسر یا سفارت خانے کا عملہ ہونے کا بہانہ کر کے پیسے ہتھیانے کی کوشش کرنے والے مجرموں کے معاملات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں، 20 کے پیٹے کی ایک چینی طالبہ کو ایک شخص کی طرف سے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ایک موبائل فون کمپنی کا ملازم ہے۔ کال کرنے والے نے چینی زبان میں بات کرتے ہوئے، وضاحت کی کہ طالبہ کا فون نمبر فراڈ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اور اسے چینی پولیس سے رابطہ کرنے کو کہا۔ دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کے بعد طالبہ کا تعلق پولیس اہلکار ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص سے ہو گیا۔ اس نے طالبہ کو بتایا کہ اُس کی شناخت ایک فراڈ کیس میں مشتبہ شخص کے طور پر ہوئی ہے اور اسے 2 کروڑ 40 لاکھ ین، یا 160,000 ڈالر بطور ضمانت ایک نامزد بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ بعد میں پتہ چلا کہ اس کے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاص طور پر چینی، ویتنامی اور تھائی باشندوں کو نشانہ بنانے والے دھوکہ دہی واقعات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ دھوکہ دہی کے کچھ معاملات میں غیرملکیوں کے آبائی ملک کی پولیس یا سفارتخانے کا عملہ ہونے کا بہانہ کرنے والے، اُن سے اُن کے بینک اکاؤنٹ یا پاسپورٹ کو جرائم کے گروپ کے ذریعہ غیرقانونی طور پر استعمال کیے جانے کی وجہ سے، یا اُن کی رہائشی حیثیت کی تجدید میں دشواریوں کی وجہ سے رقم جمع کروانے کو کہتے ہیں۔

اپنے آپ کو ایسے جرائم سے بچانے کے لیے، آپ کو فون بند کر کے اپنے اہل خانہ، دوستوں یا پولیس سے صورتحال کے بارے میں مشورہ کرنا چاہیے۔ آپ کو نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالوں کا جواب دینے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔

یہ معلومات یکم اپریل 2024 تک کی ہیں۔

2- سرمایہ کاری میں دھوکہ دہی

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ جاپان میں غیرملکی باشندوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ بہت سے غیرملکی بھی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمارے اس سلسلے میں غیرملکیوں کو دھوکہ دہی سے بچنے میں مدد دینے اور جاپان میں بحفاظت رہنے کے طریقوں سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق، سرمایہ کاری کی جعلی اسکیموں کے جال میں پھنسنے کا دعویٰ کرنے والے غیرملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک خاتون کا کہنا ہے کہ اُس نے جون 2023ء میں ہزاروں ین ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے، جس کا اُسے سوشل میڈیا پر ملنے اور اُس کے اپنے ملک سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے بتایا تھا۔ اُس شخص نے خاتون کو ایک ویب سائٹ کا بتایا جہاں بقول اُس کے وہ اچھا منافع کما سکتی تھی۔ پیسوں کی منتقلی کے بعد خاتون کے اکاؤنٹ میں کئی ہزار ین منتقل کیے گئے، جس پر خاتون نے اُس شخص کی باتوں پر یقین کر لیا اور متعدد مواقعوں پر کچھ اور رقم بھی اکاونٹ میں منتقل کی۔ تاہم، جب خاتون نے اُس سے اپنی کچھ رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا، تو اُس کو بتایا گیا کہ رقم کی واپسی کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت ہو گی۔ اِس کے بعد خاتون نے لاکھوں ین بھجوائے۔ مگر اُس شخص نے خاتون سے رابطہ منقطع کر لیا۔ آخرکار خاتون کو احساس ہوا کہ اُس سے دھوکہ ہو گیا ہے۔

ٹوکیو پولیس کے مطابق، 2023ء میں سرمایہ کاری میں ممکنہ دھوکہ دہی کے حوالے سے غیرملکیوں کی جانب سے 100 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔ ممکنہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد کا تعلق چین سے تھا، اِس کے بعد افراد ویتنام، فلپائن اور دیگر کئی ممالک سے تعلق رکھتے تھے۔

اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ہمیشہ محتاط رہیں اور سوشل میڈیا پر آسانی سے دوسروں پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ آپ اُن کی شناخت کی تصدیق نہیں کر سکتے۔ اگر آپ کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے تو پہلے اپنے اہلِ خانہ، دوستوں یا پولیس سے مشورہ کرنا نہ بھولیں۔

یہ معلومات 2 اپریل 2024 تک کی ہیں۔

3- ایئر ٹکٹ فراڈ

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ جاپان میں غیرملکی باشندوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ بہت سے غیرملکی بھی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمارے اس سلسلے میں غیرملکیوں کو دھوکہ دہی سے بچنے میں مدد دینے اور جاپان میں بحفاظت رہنے کے طریقوں سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم فضائی ٹکٹوں کی خریداری میں دھوکہ دہی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق، فضائی ٹکٹوں کی خریداری کی کوشش میں دھوکے کا شکار ہو کر رقم سے محروم ہونے کا دعویٰ کرنے والے غیرملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک شخص کو 2023 میں سوشل میڈیا پر ایک فضائی ٹکٹ ملا، جس کا پورا کرایہ تقریباً 2 لاکھ ین تھا اور یہ ٹکٹ 90 ہزار ین میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ اس شخص نے الیکٹرانک ٹکٹ خریدنے کے لیے بتائے گئے اکاؤنٹ میں رقم بھجوائی۔ روانگی کے دن اس نے ٹکٹ دکھا کر ائیر لائن کے کاؤنٹر پر چیک اِن کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا ٹکٹ خلافِ قاعدہ پایا گیا۔ تب اُسے پتہ چلا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہو گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، رپورٹ کیے گئے زیادہ تر واقعات میں متاثرین کے اپنے ٹکٹ غلط پائے گئے یا ان کی بکنگ منسوخ ہو چکی تھی اور وہ اپنی رقم واپس لینے سے قاصر رہے۔

ممکنہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد چین سے تھی۔ اس کے بعد ویتنام اور فلپائن سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ ان میں بیشتر خواتین اور برسرِ روزگار بالغان تھے۔ ان کا نقصان چند لاکھ ین سے لے کر دس لاکھ ین سے زائد تھا۔

اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے خریداری کا عمل شروع کرنے سے پہلے اس بات کی تصدیق کرنی چاہیے کہ آیا فروخت کنندہ لائسنس یافتہ ٹریول ایجنسی کی طرح قابلِ بھروسہ ادارہ ہے یا نہیں۔ شک ہونے کی صورت میں اپنے اہلِ خانہ، دوستوں یا پولیس سے مشورہ کرنا نہ بھولیں۔

یہ معلومات 3 اپریل 2024 تک کی ہیں۔

4- کرنسی تبادلہ اور غیرملکی ترسیلات

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ جاپان میں غیرملکی باشندوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ بہت سے غیرملکی بھی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمارے اس سلسلے میں غیرملکیوں کو دھوکہ دہی سے بچنے میں مدد دینے اور جاپان میں بحفاظت رہنے کے طریقوں سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج ہم کرنسی کے تبادلے اور بیرونِ ملک ترسیلات کو نشانہ بنانے والی جعلسازیوں پر نظر دوڑائیں گے۔

جاپان میں رہنے والے غیرملکی اکثر کرنسیوں کے تبادلے اور بیرونِ ملک ترسیلات زر سے متعلق مالیاتی خدمات استعمال کرتے ہیں۔ لیکن غیرملکیوں کی طرف سے دائر کردہ دعوؤں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہتے ہیں کہ اس طرح کی خدمات کا استعمال کرتے ہوئے اُن سے رقم کی دھوکہ دہی کی گئی۔

پولیس میں درج کروایا گیا ایک کیس خاتون سے متعلق ہے جسے ایس این ایس کے ذریعے شناسائی ہونے والے نے کمیشن کی ادائیگی کے بغیر رقم کے تبادلے کا لالچ دیا۔ خاتون نے تقریباً 100,000 ین مالیت کی غیرملکی کرنسی ایک نامزد اکاؤنٹ میں منتقل کی، لیکن رقم کا تبادلہ نہیں ہوا، اور اس کا دوسرے فریق سے رابطہ بند ہو گیا۔ درج کروائے گئے دیگر مقدمات میں متاثرین سے کہا گیا تھا کہ وہ ایک مخصوص شخص کو مقررہ جگہ پر ذاتی طور پر نقد رقم حوالے کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 2023ء میں اُنہیں ٹوکیو میں دھوکہ دہی کے 50 سے زائد دعوے موصول ہوئے، جو غیرملکیوں نے کیے تھے۔ متاثرین میں سب سے زیادہ تعداد چین سے تھی، اس کے بعد ویتنام اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے لوگ زیادہ تعداد میں متاثر ہوئے۔ نقصانات لاکھوں ین سے لے کر ایک کروڑ ین سے زیادہ تک کے تھے۔

کرنسیوں کے تبادلے یا رقم بھیجتے وقت خود کو اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے، آپ کو پہلے اس بات کی تصدیق کرنی چاہیے کہ جسے رقم بھیجی جا رہی ہے آیا وہ ایک قابلِ اعتماد ادارہ ہے۔ اگر آپ تھوڑی سی بھی غیریقینی محسوس کرتے ہیں تو رقم ہرگز منتقل نہ کریں، اور ہمیشہ اپنے خاندان، دوستوں یا پولیس سے مشورہ کرنا یاد رکھیں۔

یہ معلومات 4 اپریل 2024 تک کی ہیں۔

5- کریڈٹ کارڈ اور موبائل فون کنٹریکٹ فراڈ

این ایچ کے، روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔ جاپان میں غیرملکی باشندوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ بہت سے غیرملکی بھی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمارے اس سلسلے میں غیرملکیوں کو دھوکہ دہی سے بچنے میں مدد دینے اور جاپان میں بحفاظت رہنے کے طریقوں سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج کی قسط میں ہم کریڈٹ کارڈ اور موبائل فون کنٹریکٹ کے حوالے سے جعلسازی اور دھوکہ دہی کی چالوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

کسی غیرملکی شہری کو جاپان میں مقامی زبان میں کریڈٹ کارڈ یا موبائل فون کے حصول کے لیے درخواست دیتے وقت جاپانی زبان میں ایک خاص سطح کی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ جاپان میں پولیس کو غیرملکی باشندوں کی جانب سے ایسی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ مذکورہ خدمات کے حصول کے لیے درخواست دینے کے بعد اُن سے دھوکہ دہی کی گئی۔ اُن سے کہا گیا کہ کوئی ایجنٹ ان کے لیے معاہدہ کرے گا۔

اطلاعات کے مطابق، بعض متاثرین نے اپنی ذاتی معلومات کریڈٹ کارڈ کنٹریکٹ ایجنٹ کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست فارمیٹ میں درج کیں۔ جلد ہی اُنہیں ادائیگی کے ایسے بہت سے بل موصول ہونے لگے جن کے بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے تھے۔ معاملے کی چھان بین پر معلوم ہوا کہ اُن کے نام پر متعدد کریڈٹ کارڈ بنائے اور خریداری میں استعمال کیے گئے تھے، جس سے وہ بالکل لاعلم تھے۔

ایک دیگر معاملے میں، متاثرین کو سوشل میڈیا پر ایک ایسی سروس ملی جس میں پیشکش کی گئی تھی کہ وہ موبائل فون کنٹریکٹ کرنے میں غیرملکیوں کی مدد کرے گی۔ متاثرین نے اپنا رہائشی کارڈ اور دیگر دستاویزات ایجنٹ کے سپرد کر دیں۔ انہیں موبائل فون تو مل گیا، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ایجنٹ نے بلا اجازت ان کے نام پر متعدد فون کنٹریکٹ کیے تھے۔

اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے، براہ کرم اپنا رہائشی کارڈ یا ذاتی معلومات کسی ایسے فرد کو ہرگز نہ دیں جسے آپ اچھی طرح سے نہیں جانتے۔

یہ معلومات 5 اپریل 2024 تک کی ہیں۔