روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

حمل سے ہونے اور بچے کی پیدائش سے متعلقہ طریقۂ کار

1- زچگی کے ہسپتال میں پیشگی بکنگ کروانا

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ جاپان میں غیر ملکیوں کیلئے حمل سے ہونے اور بچّے کی پیدائش سے متعلقہ خدمات کے طریقۂ کار کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔ ہمارے اس تازہ ترین سلسلے میں ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جائے گی۔ آج ہم کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر زچگی کے ہسپتال میں پیشگی بکنگ کروانے کے طریقے سے آغاز کر رہے ہیں۔

جاپان میں خواتین عام طور پر زچگی کے ہسپتال میں بچّے کو جنم دیتی ہیں۔ حمل کے ابتدائی دورانیے میں ہسپتال تلاش کریں اور اپنی بکنگ کروا لیں کیونکہ زچگی کے ہسپتالوں میں داخلے کی گنجائش جلدی ختم ہو جاتی ہے۔ اگر آپ نہیں جانتے کہ کس ہسپتال میں جایا جائے، تو آپ اپنی مقامی حکومت کے دفتر سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں جو مشاورت بھی فراہم کرتا ہے۔

بعض ہسپتالوں میں مترجم کی سہولت دستیاب ہے۔ مثلاً، کاناگاوا پریفیکچر میں واقع کاواساکی میونسپل تاما ہسپتال میں مریضوں کیلئے طبّی مترجم بھیجنے کی سہولت 12 زبانوں میں مفت دستیاب ہے۔

حاملہ غیر ملکی خواتین اگر چاہیں کہ اُنہیں طریقۂ کار کی وضاحت اور ڈاکٹر سے ملاقات کے وقت مترجم کی سہولت فراہم کی جائے تو ایسا ممکن ہو سکتا ہے۔

تاما ہسپتال نے اپنی ویب سائٹ پر انگریزی، چینی اور ویتنامی زبان میں ایک تفصیلی پمفلٹ شائع کر رکھا ہے جس میں حمل کے دوران اور بچّے کی پیدائش کیلئے مطلوبہ طریقۂ کار کی مکمل تفصیلات موجود ہیں۔

بعض علاقوں میں غیر ملکیوں کو اس طرح کی معاونت فراہم کرنے والے ہسپتال موجود ہیں، لہٰذا اپنی مقامی حکومت کے دفتر سے رابطہ کیجیے۔

یہ معلومات 21 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

2- ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق کتابچہ وصول کرنا

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم ماؤں اور چھوٹے بچوں کی صحت سے متعلق کتابچے اور اسے وصول کرنے کے طریقۂ کار پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یہ رپورٹ کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ سے حاصل شدہ معلومات پر مبنی ہے۔

جاپان میں، حاملہ ہونے کی تصدیق کے بعد حاملہ خاتون کیلئے مقامی بلدیاتی حکام کو مطلع کرنا ضروری ہے۔ غیر ملکی حاملہ خواتین بھی ایسا کرنے کی صورت میں جاپانی خواتین کے برابر اعانت حاصل کر سکتی ہیں۔ ایسی اعانت میں ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق کتابچے کا اجراء شامل ہے۔ اس کتابچے کو جاپانی زبان میں ’’بوشی تیچو‘‘ کہا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ کتابچہ خاتون کے حاملہ ہونے سے بچے کے سات سال کی عمر کا ہونے تک استعمال کیا جاتا ہے اور اس میں ماں اور بچے کے طبی معائنوں کے نتائج اور دیگر معلومات کا اندراج کیا جاتا ہے۔ اس کتابچے پر ایک نظر ڈالنے سے طبی عملہ زچگی کے دوران ہونے والی پیشرفت جان سکتا ہے۔ حاملہ خاتون کو مختلف ہسپتال جانے کی اچانک ضرورت پیش آنے کی صورت میں ایک جیسی طبی دیکھ بھال کی سہولت میسر آتی ہے۔

اس کتابچے کا انگریزی، ویت نامی، اور پرتگالی سمیت مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر، ہوکائیدو کے اُوراکاوا قصبے میں مقیم بھارتی خواتین کو ہندی زبان میں شائع کیا گیا کتابچہ جاری کیا گیا ہے۔ جب آپ کو کتابچہ جاری کیا جائے تو اپنی زبان میں کتابچے کی دستیابی کے بارے میں معلوم کیجیے۔

یہ معلومات 22 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

3- ماؤں اور بچوں کیلئے صحت سے متعلق کتابچوں کے متن

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم اس امر پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ اس کتابچے میں ماؤں اور چھوٹے بچوں کی صحت سے متعلق کس قسم کی معلومات ریکارڈ کی جاتی ہے۔ یہ رپورٹ کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ سے حاصل شدہ معلومات پر مبنی ہے۔

اس کتابچے، یعنی بوشی تیچو، میں بنیادی طور پر تین قسم کی معلومات کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔

سب سے پہلے اس میں زچگی کے دوران حاملہ خواتین کے طبی معائنوں کا ریکارڈ درج ہوتا ہے۔ جاپان میں حاملہ خواتین بچے کی پیدائش تک اس قسم کے معائنے کئی بار کرواتی ہیں۔

دوسرے اس میں بچے کی نشوونما کا ریکارڈ درج ہوتا ہے۔ اس میں پیدائش کے بعد بچے کے معائنوں کے نتائج بھی شامل ہوتے ہیں۔

تیسرے اس میں بچے کو ویکسین کے ٹیکے لگوانے کا ریکارڈ بھی ہوتا ہے۔ دو ماہ یا زیادہ عمر کا ہونے پر بچے کو ویکسین کے ٹیکے لگانا شروع کیے جاتے ہیں۔ صحت سے متعلقہ اس کتابچے میں ٹیکے لگوانے کا پورا ریکارڈ درج ہونا چاہیے۔ نرسری، کنڈرگارٹن اور پرائمری اسکولوں میں بچوں کو داخل کرواتے وقت والدین سے بچوں کو لگائے گئے ویکسین کے ٹیکوں کا ریکارڈ پیش کرنے کا کہا جاتا ہے۔ والدین کو یہ کتابچہ کسی محفوظ جگہ سنبھال کر رکھنا چاہیے تاکہ درکار معلومات فراہم کرنے کے لیے اس سے مدد لی جا سکے۔

حاملہ خواتین کو اس کتابچے کے ساتھ کوپن دیے جاتے ہیں، جنہیں وہ طبی معائنے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔ طبی اداروں میں یہ کوپن دکھانے پر بل کے ایک حصے کی لاگت ان کوپنوں کے مساوی کم کر دی جاتی ہے۔ ہر معائنے کے لیے ایک کوپن درکار ہوتا ہے، لیکن تمام کوپن ایک ساتھ پیشگی جاری کر دیے جاتے ہیں۔

یہ معلومات 24 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

4- ماؤں کی صحت کے معائنے

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم زچہ کی صحت کے معائنوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یہ تفصیلات کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر ہیں۔

جاپان میں خواتین کا حاملہ ہونے کی تصدیق کے وقت سے لیکر بچے کی پیدائش تک، ہسپتالوں یا کلینکوں میں باقاعدگی سے معائنے کیے جاتے ہیں۔ طبی عملہ زچہ کا معائنہ کرتا ہے کہ آیا اس کی حالت میں کوئی تبدیلی آئی ہے یا نہیں، آیا جنین ہموار انداز میں بڑھ رہی ہے، اور آیا ان میں سے کسی کو کوئی بیماری یا بے قاعدگی تو لاحق نہیں۔

وہ بچے کی بحفاظت پیدائش کو یقینی بنانے کے لیے زچہ اور بچہ کے لیے صحت کے “بوشی-تیچو” نامی کتابچے میں معائنوں کا ڈیٹا درج کرتے ہیں۔ اس ریکارڈ میں ماں کا وزن، فشارِ خُون، خون کے ٹیسٹ کے نتائج، اور الٹراساؤنڈ کی تصاویر شامل ہیں۔ ڈاکٹر یا دائیاں بعض اوقات متوقع ماؤں کو ان کی غذائیت یا وزن پر قابو پانے کے بارے میں مشورہ دیتی ہیں۔ یہ متوقع مائیں بھی اُن سے سوالات پوچھ سکتی ہیں۔

قبل از پیدائش کے معائنوں اپ کو چھوڑنا ایک بڑا خطرہ پیدا کر سکتا ہے، کیونکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بچے کی پیدائش میں شرکت کرنے والا طبی عملہ یہ نہیں جان سکے گا کہ حمل کے دوران کیا صورتحال تھی۔ کچھ ہسپتال اُن متوقع ماؤں کو داخل نہیں کرتے جنہوں نے طبّی معائنے نہیں کروائے ہوں۔

بچے کی ولادت سے پہلے تقریباً 14 قبل از پیدائش معائنے ہوتے ہیں۔ ان معائنوں کے مالی اخراجات کا کچھ حصہ حکومتی اعانت سے پورا کیا جاتا ہے۔ ہر بار جب آپ معائنہ کروائیں تو اپنے رہائشی علاقے کی بلدیہ سے حاصل کردہ اعانتی ٹکٹ اور بوشی-تیچو ساتھ رکھنا یقینی بنائیں۔

یہ معلومات 27 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

5- بچے کی پیدائش پر بطورِ وظیفہ ملنے والی رقم

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم بچّے کی پیدائش کے بعد بطورِ وظیفہ ملنے والی رقم پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یہ تفصیلات کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر ہیں۔

جاپان میں بچّے کی پیدائش پر اوسطاً پانچ لاکھ ین کے اخراجات آتے ہیں۔ اگر حاملہ خاتون نے صحت کا بیمہ کرا رکھا ہو تو اُنہیں بچّے کی پیدائش پر خصوصی اعانت کی صورت میں یکمشت ادائیگی کر دی جائے گی۔ بچّے کی پیدائش سے قبل ضروری طریقۂ کار مکمل کرلیے جانے کے بعد وہ بیمہ انجمن یا ادارہ جس سے خاتون نے بیمہ کروا رکھا ہے، وہ اُن کی طرف سے اخراجات کی براہِ راست ادائیگی کرے گا۔ لہٰذا بچّے کی پیدائش کے اخراجات کیلئے پیشگی بڑی رقم کا بندوبست کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ماں بننے والی خاتون کو واجب الادا رقم اور ملنے والے وظیفے کے درمیان فرق کو چکانا پڑتا ہے۔ اگر مجموعی طبّی اخراجات کا بِل پانچ لاکھ ین سے کم ہو تو وہ بچ جانے والی رقم حاصل کرنے کی درخواست کرسکتی ہیں۔ ضروری طریقۂ کار کی تفصیلات کیلئے براہِ مہربانی ہسپتال سے مشاورت کیجیے۔

مزید برآں، بچّے کی پیدائش کیلئے اپنے پاس سے طبّی اخراجات کی ادائیگی کرنے والی مائیں بھی وظیفے کی مقررہ رقم حاصل کرنے کی مجاز ہیں۔

اس کے علاوہ، مقامی انتظامیہ کو حاملہ ہونے اور بچّے کی پیدائش کی اطلاع دینے کے بعد ماؤں کو کوپن کی شکل میں 50 ہزار ین کی اعانت بھی ملے گی۔ براہِ مہربانی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے اپنے مقامی بلدیاتی ادارے سے رابطہ کیجیے۔

یہ معلومات 28 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

6- ماؤں/والدین کے لیے کلاسیں

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم زچگی اور بچے کی پرورش کے لیے ماؤں اور والدین کی کلاسوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یہ تفصیلات کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر ہیں۔

ماں بننے والی خواتین کے لیے بلدیات اور ہسپتالوں کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی میٹرنٹی کلاسز میں حاملہ خواتین کو بچوں کی پیدائش اور پرورش سے متعلق تعلیم دی جاتی ہے۔ آئندہ ماں بننے والی حاملہ خواتین کو یہاں دوسری خواتین سے گھلنے ملنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ بعض مقامی حکومتیں اور ہسپتال بھی ماں باپ بننے والے جوڑوں کے لیے کلاسوں کا بندوبست کرتے ہیں۔

زچگی سے لیکر بچّے کی پیدائش کے بعد تک سے متعلقہ ان کلاسوں میں خواتین کو حمل کے دوران اپنی صحت اور غذائیت کا خیال رکھنے کا طریقہ سکھانے کے ساتھ بچے کا ڈائپر تبدیل کرنا اور اسے نہلانا بھی سکھایا جاتا ہے۔ ان کلاسوں میں بچوں کی دیکھ بھال کی مقامی تنظیموں سے متعلق معلومات بھی دی جاتی ہیں۔ غیر ملکی زبان میں معاونت حاصل کرنے کی کی خواہشمند مائیں ان کلاسوں کا اہتمام کرنے والے اداروں سے مشورہ کریں۔

بعض غیر منافع جاتی تنظیمیں، این پی او، بھی خاص کر غیر ملکی حاملہ خواتین کے لیے میٹرنٹی کلاسوں کا اہتمام کرتی ہیں۔ ایسی ہی ایک تنظیم، مدرز ٹری جاپان، کے زیر اہتمام آن لائن میٹرنٹی کلاسوں میں سات زبانوں، انڈونیشیائی، نیپالی، ویت نامی، برمی، تھائی، انگریزی اور چینی میں تعلیم دی جاتی ہے۔ مزید تفصیلات ان کی ویب سائٹ سے حاصل کیجیے۔

یہ معلومات 29 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

7- ہسپتال میں داخلہ اور بچّے کو جنم دینا

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس رواں سلسلے میں جاپان میں زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق ضروری طریقۂ کار اور دستیاب سرکاری خدمات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ آج ہم حاملہ خاتون کے ہسپتال میں داخلے اور بچّہ جنم دینے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یہ تفصیلات کاناگاوا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر ہیں۔

جاپان میں، بچے کی پیدائش کے وقت عورتیں تقریباً پانچ روز تک ہسپتال میں رہتی ہیں۔ ہسپتال حاملہ خواتین کو عام طور پر اُن اشیاء کی فہرست دیتے ہیں جو انہیں بچّے کو جنم دینے کی غرض سے ہسپتال میں داخل ہوتے وقت لانا ہوں گی، اس لیے یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس وہ اشیاء پہلے سے تیار ہیں۔ ضروری اشیاء میں زچہ و بچہ کی صحت کا کتابچہ (بوشی-تیچو)، صحت بیمہ کارڈ اور اُس ہسپتال کا مریض رجسٹریشن کارڈ شامل ہے جہاں آپ داخل ہونے جا رہی ہیں۔ ترجمہ کرنے والی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنا بھی اچھا خیال ہو سکتا ہے۔ ان اشیاء کو وقت سے پہلے تیار رکھنا آپ کو بچّہ جنم دیتے وقت گھبراہٹ سے بچائے گا۔ اس کے علاوہ، آپ کو پہلے سے منصوبہ بنانا چاہیے کہ ہسپتال کیسے جانا ہے۔ جاپان میں تمام ہسپتال بچّے کی پیدائش کے کمرے میں شوہروں یا اہل خانہ کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے پہلے سے چھان بین کرلیں۔

جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو ہسپتال نوزائیدہ بچے کی صحت کے سلسلہ وار معائنے کرتے ہیں۔ اگر آپ نوزائیدہ بچے کی قوّتِ سماعت کی جانچ کا ہیئرنگ اسکریننگ نامی ٹیسٹ کروانا چاہتی ہیں تو براہ کرم پہلے سے درخواست دیں۔

یہ معلومات 30 نومبر 2023 تک کی ہیں۔