روزمرہ زندگی میں سلامتی سے متعلق سوال و جواب

ریچھ کے حملوں میں اضافہ، نقصان کی روکتھام کیسے کی جائے؟

1- کئی علاقوں میں ریچھ کے حملوں میں اضافہ

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں جاپان میں رواں سال ریچھ کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ان کی روکتھام کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ آج ہم موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

این ایچ کے کی جانب سے مرتب کیے گئے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال اپریل سے اکتوبر تک ریچھ کے حملوں میں کم سے کم 180 افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ریکارڈ بلند تعداد ہے جو حکومت کی جانب سے تین سال قبل پورے ایک سال کے دوران ریکارڈ کردہ تعداد 158 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایک ایسے واقعے میں تویاما شہر میں 17 اکتوبر کو ایک 79 سالہ خاتون اپنے ہی گھر کے احاطے میں مردہ پائی گئی تھیں۔ باور کیا گیا ہے کہ خاتون پر ریچھ نے حملہ کیا تھا، کیونکہ نزدیک ہی ریچھ کے پنجوں کے نشانات پائے گئے تھے۔

ایک دوسرے واقعے میں 20 اکتوبر کو اِیواتے پرفیکچر کے ہاچی مانتائی میں پہاڑوں سے خوردنی کھمبیاں جمع کرنے والے ایک جوڑے پر، جن کی عمریں 70 کے پیٹے میں تھیں، ریچھ نے حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں خاتون جانبر نہ ہو سکی تھیں۔ ماچیدا شہر جیسے ٹوکیو کے مضافاتی علاقوں میں بھی ریچھوں کو دیکھا گیا ہے۔

ایک ماہر نے نشاندہی کی ہے کہ ان حملوں میں اضافے کی وجہ غالباً پہاڑوں میں ریچھوں کیلئے خوراک کی قلت ہے۔ ٹوکیو یونیورسٹی آف اگریکلچر اینڈ ٹیکنالوجی کے گریجویٹ اسکول کے پروفیسر کوئیکے شِنسُوکے کا کہنا ہے کہ سال کے اس عرصے میں ریچھ زیادہ تر شاہ بلوط کا پھل کھاتے ہیں، لیکن اس سال زیادہ پھل نہیں لگ رہا ہے، اس لیے یہ جانور انسانی آبادیوں جیسے مقامات پر بھی خوراک تلاش کر رہے ہیں جہاں وہ عموماً نہیں جاتے ہیں۔

یہ معلومات 7 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

2- ریچھ سے ہونے والے نقصان کی روکتھام کے لیے اقدامات

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں جاپان میں رواں سال ریچھ کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ان کی روکتھام کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جو اُس سطح پر پہنچ رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہمارے اس سلسلے میں ان حملوں میں اضافے کے اسباب اور اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات پر نظر دوڑائی جا رہی ہے۔ آج ہم ریچھ کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کی روکتھام کے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ریچھ کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کی روکتھام کرنے کے لیے اس جانور کو انسانی آبادیوں سے دور رکھنا ضروری ہے۔ ریچھ غالباً خوراک کی تلاش میں رہائشی علاقوں میں آتے ہیں۔ انہیں خاص کر املوک اور شاہ بلوط جیسے پھل اور گریاں پسند ہیں۔ لہٰذا پکا ہوا پھل یا گریاں درختوں پر نہ لگی رہنے دیجیے۔ انہیں جس قدر جلد ممکن ہوسکے درخوں پر سے توڑ لیں۔ تمام خوراک استعمال نہ کر سکنے کی صورت میں باقی ماندہ خوراک تلف کر دیجیے تاکہ ریچھ اُن کے قریب نہ آئیں۔

دوسری بات یہ ہے کہ باورچی خانے سے نکلنے والے کچرے یا پالتو جانوروں کی خوراک کو باہر کھلا نہ چھوڑیں۔ ماہرین کے مطابق، ریچھ تیز مہک کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا ان کی مہک کو باہر نکلنے سے روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیے۔

اس کے علاوہ جھاڑیوں جیسے ریچھوں کے چھپنے کے مقامات کو مسمار کرنا بھی اہم ہے۔

ریچھ بعض اوقات شہری علاقوں میں آنے کے بعد خوفزدہ ہو کر عمارتوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا گھروں اور گوداموں کے دروازوں کو تالا لگائیے۔

یہ معلومات 8 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

3- ریچھ کا سامنا ہونے پر کیا کرنا چاہیے؟

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں جاپان میں رواں سال ریچھ کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ان کی روکتھام کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جو اُس سطح پر پہنچ رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہمارے اس سلسلے میں ان حملوں میں اضافے کے اسباب اور اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات پر نظر دوڑائی جا رہی ہے۔ آج ہم دیکھیں گے کہ ریچھ کا سامنا ہونے پر کیا کرنا چاہیے۔

راکُونو گاکُوئین یونیورسٹی کے پروفیسر ساتو یوشی کازُو یہ مشورہ دیتے ہیں۔

اگر آپ کو اپنے قریب ریچھ نظر آتا ہے تو پہلے رک جائیں، پھر ریچھ کو دیکھتے ہوئے آہستہ آہستہ پیچھے ہٹیں اور خود کو ریچھ سے دور کریں۔

اگر آپ کے پاس بیئر ریپیلنٹ اسپرے ہے تو اسے تیار رکھیں تاکہ آپ اسے فوری طور پر استعمال کر سکیں۔ اس اسپرے میں گرم مرچ میں موجود ایک محرک جُز ہوتا ہے، لہٰذا اگر آپ ریچھ کی آنکھوں، ناک اور منہ کو نشانہ بناتے ہیں تو یہ فوری طور پر کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ اسپرے کو خود سے دور رکھیں تاکہ آپ کو خود کوئی تکلیف نہ ہو۔

اگر ریچھ آپ پر حملہ کرتا ہے، تو بیشتر صورتوں میں، یہ صرف آپ کو دھمکی دے رہا ہوتا ہے اور کسی انسان پر سنگین حملہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ اگر آپ ریچھ کے آمنے سامنے آ جاتے ہیں، تو آپ کے زندہ رہنے کے امکانات اُس صورت میں بڑھ جاتے ہیں کہ آپ مزاحمت نہیں کرتے اور اپنے آپ کو بچانے کی جسمانی وضع اختیار کرتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس پشت پر لادا جانے والا بیگ ہے تو زمین پر منہ کے بل لیٹ جائیں تاکہ آپ اپنے پیٹ کی حفاظت کر سکیں۔ آپ کی گردن سب سے زیادہ کمزور ہے، لہٰذا اپنے ہاتھوں کو جوڑ کر اپنی گردن کو ڈھانپ لیں۔

یہ معلومات 9 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

4- سائیکل سواری کرتے وقت ریچھ کا سامنا ہونے کی صورت میں ممکنہ اقدامات

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں جاپان میں رواں سال ریچھ کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ان کی روکتھام کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جو اُس سطح پر پہنچ رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہمارے اس سلسلے میں ان حملوں میں اضافے کے اسباب اور اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات پر نظر دوڑائی جا رہی ہے۔ آج ہم سائیکل سواری کرتے ہوئے ریچھ کا سامنا ہونے کی صورت میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

راکُونو گاکُوئن یونیورسٹی کے پروفیسر ساتو یوشی کازُو کی ماہرانہ رائے ذیل میں پیشِ خدمت ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ نزدیک ریچھ نظر آنے کی صورت میں پیدل چلنے والوں کی طرح پہلے رک جائیں، پھر آہستگی پیچھے چلتے ہوئے دور ہوجائیں اور ریچھ پر نظر رکھتے ہوئے یو ٹرن لے لیں۔

ریچھ سے محفوظ رہنے کا سنہرا اصول فاصلہ رکھتے ہوئے اپنے ہوش و حواس برقرار رکھنا ہے۔ جلد بازی میں بھاگنا خطرناک ہے کیونکہ ریچھوں کو بھاگنے والوں کا تعاقب کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ریچھ فوری طور پر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے لگ بھگ رفتار سے بھاگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چونکہ سائیکل بھی زیادہ آواز پیدا کیے بغیر تیزی سے چل سکتی ہے، لہٰذا سائیکل سواروں اور ریچھوں کا بے دھیانی میں اچانک آمنا سامنا ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ اس امکان کے پیش نظر سائیکل پر ریچھوں کے مسکن کے نزدیک سے گزرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہیے۔

یہ معلومات 10 نومبر 2023 تک کی ہیں۔

5- گاڑی میں ریچھ کا سامنا ہونے پر کیا کرنا چاہیے؟

این ایچ کے روزمرہ زندگی میں سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق سوالات کے جواب دے رہا ہے۔ اس تازہ ترین سلسلے میں جاپان میں رواں سال ریچھ کے بڑھتے ہوئے حملوں اور ان کی روکتھام کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جو اُس سطح پر پہنچ رہے ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہمارے اس سلسلے میں ان حملوں میں اضافے کے اسباب اور اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات پر نظر دوڑائی جا رہی ہے۔ آج ہم جائزہ لیں گے کہ گاڑی چلاتے ہوئے ریچھ کا سامنا ہونے پر کیا کرنا چاہیے۔

کسی بھی گاڑی میں لوگوں کی موجودگی کی صورت میں ریچھوں کے اُس کے خلاف متحرک قدم اُٹھانے کا زیادہ امکان نہیں ہے۔ تاہم پھر بھی، راکُونو گاکُوئین یونیورسٹی کے پروفیسر ساتو یوشی کازُو، درج ذیل مشورہ دیتے ہیں۔

گاڑی کے اندر ہونے کی صورت میں خود کو محفوظ سمجھ کر ریچھ کے قریب نہ جائیں۔ کھڑکیاں بند رکھیں۔ تصاویر لینے کے لیے گاڑی سے باہر نہ نکلیں کیونکہ یہ خطرناک ہے۔

▼گاڑی کا ہارن بجا کر ریچھ کو اشتعال نہ دلائیں۔ اگر ریچھ سڑک کے کنارے کھا رہا ہے اور حرکت نہیں کرتا تو آہستہ آہستہ گاڑی چلاکر اُس کے پاس سے گزر جائیں۔ اگر ریچھ سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس کے جانے تک انتظار کریں اور اس بات کی تصدیق کے بعد گاڑی چلائیں کہ ایسا کرنا محفوظ ہے۔ ریچھ عام طور پر دسمبر میں سردیوں کی نیند لینا شروع کرتے ہیں، لیکن اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ اس سال طویل موسمِ گرما کی وجہ سے اس میں دیر ہوسکتی ہے۔ لوگوں کو اس وقت تک چوکنا رہنا چاہیے جب تک کہ ریچھ خوابِ سرما میں جانا شروع نہ کر دیں۔

یہ معلومات 13 نومبر 2023 تک کی ہیں۔