فُوگین بوساتس (سمانتابھدرا بدھیستوا)
(Fugen Bosatsu zo)

بارہویں صدی میں تخلیق کیا گیا یہ فن پارہ، جاپان میں بُدھ مت کی شاہکار پینٹنگز میں سے ایک ہے۔ یہ تصویر، بدھ مت کے ایک صحیفے سادھارماپندریکا سُترا یعنی لوٹس سُترا کے ایک منظر کی عکاسی کرتی ہے، اس صحیفے کو جاپان میں خصوصی عقیدت و احترام حاصل تھا۔ دھیمے رنگوں کے خاموش لہراتے گرتے ہوئے پھولوں کے بیچوں بیچ، ایک ایسا لمحہ مقیّد ہے کہ فُوگین بوساتس ۔ سمانتابھدرا بدھیستوا سامنے کی جانب دکھائی دیتے چھ دانتوں والے سفید ہاتھی پر بیٹھا، دُور مشرق میں ایک خالص سرزمین سے نمودار ہُوا ہے۔ طول میں 158.8 جبکہ عرض میں 74.8 سینٹی میٹر یہ تصویر، معدنی رنگوں اور سونے چاندی کی تاروں کے استعمال سے ایک ریشمی کپڑے پر تخلیق کی گئی ہے۔ اس پر بنے نقش و نگار سونے کی پتّیوں کی انتہائی عمدہ پٹّیوں کو کپڑے پر چپکانے کی تکنیک ’’کِری کانے‘‘ کی عکاسی کرتے ہوئے خاص طور پر شاندار دکھائی دیتے ہیں۔ یہ تصویر سیاسی اور ثقافتی زندگی میں رچے بسے طبقۂ اشرافیہ کے عمدہ ذوق کی مظہر ہے، لیکن ایسے خوبصورت فن پاروں کی تخلیق کی کچھ دیگر وجوہات بھی تھیں۔