ہانیوا (مٹّی سے بنی مُورتی) کئیکو زرہ بکتر میں جنگجُو
(Haniwa, Keiko no bujin)

ہانیوا سرخی مائل بھورے رنگ کی کھوکھلی مٹی کی مورتیاں ہیں۔ انہیں با رسُوخ مقامی سرداروں کے مقبروں سے دریافت کیا گیا جو تیسری صدی عیسویں سے لے کر چھٹی صدی کے اختتام تک جاپان بھر میں تعمیر ہوئے۔ ہانیوا مجسمے مکانات سے لے کر انسانی شکل تک طرح طرح کی اشکال میں تخلیق کیے گئے اور انہیں مقبروں کے اوپر یا کنارے کے آس پاس قطار میں رکھا جاتا تھا۔ کئیکو ’’عسکری لباس میں جنگجو‘‘ کا تعلق چھٹی صدی کے آس پاس باور کیا جاتا ہے۔ یہ مجسمہ مشرقی جاپان کے گُمّا پریفکچر سے دریافت ہوا۔ اسکا عسکری لباس اور ہتھیار بہت نفاست اور باریک بینی سے بنائے گئے ہیں اور اُس دور کے جنگجوؤں کے لباس پہننے کے انداز کی عکاسی کرتے ہیں۔ اب تک دریافت ہونے والے متعدد ہانیوا مجسموں میں سے واحد اسی مورتی کو قومی ورثے کی حیثیت حاصل ہے۔ یہ مورتی تصویر ڈاک ٹکٹوں کی زینت بن چکی ہے اور مختلف کارٹونوں اور فلموں میں اسے مرکزی کردار کے طور پر بھی پیش کیا جا چکا ہے۔ قدیم جاپانی، ہانیوا مورتیاں کس لئے بناتے اور مقبروں پر رکھتے تھے؟ کئیکو عسکری لباس میں جنگجو کون تھا؟ ہم اس ہانیوا جنگجو کی داستان کا جائزہ لیں گے جو آج بھی جاپانیوں کو متحیّر کیے ہوئے ہے۔