میاگاوا کوزان کا تخلیق کردہ کیکڑوں سے آراستہ بھورا روغنی پیالہ بمہ اسٹینڈ
(Katsuyu Kani haritsuke Daitsuki Hachi)

مٹی کے سادہ تراش والے بھورے روغنی پیالے کے کنارے سے دو کیکڑے چمٹے ہوئے ہیں۔ ان کیکڑوں کی تمام جزیات کامل طور پر حقیقی ہیں لیکن یہ بھی پیالے کا حصہ ہیں۔ اس پیالے کے خالق سِرامک آرٹسٹ میاگاوا کوزان ہیں جنہوں نے جوانی میں کیوتو میں اور اسکے بعد یوکوہاما منتقل ہونے پر وہاں نام کمایا۔ 19ویں صدی کے دوسرے نصف میں سِرامکس، جاپان کی قابلِ فخر برآمدات تھیں اور انہیں تخلیق کرنے والوں کو اپنا ہنر انتہا کو پہنچانا ہوتا تھا تاکہ دنیا کو متاثر کرنے والی مصنوعات ہی برآمد کی جائیں۔ جاپانی سِرامکس کو یہ عظمت، اُن دنوں مغرب میں منعقدہ عظیم نمائشوں میں حاصل ہوئی تھی۔ کوزان کی شہرت پر انکے غیر معمولی سجاوٹی مجسمہ نما ہائی ریلیوز نے مہر ثبت کی۔ اس نوعیت کی تخلیقات کو تاکااُکی بوری کہا جاتا تھا اور جن کیکڑوں کے بارے میں ہم نے آج جانا وہ بھی ان میں شامل ہیں۔ یہ ایسے ہنرمند کی داستان ہے جس نے روایتی اور جاپان کی بیرونی دنیا کے ساتھ بننے والی نئی سرحدوں پر قومی وقار کا بوجھ اٹھانے کی ذمہ داری نبھائی۔