ماسامُونے کی غیر دستخط شدہ تلوار
(Katana mumei Masamune, meibutsu Kanze Masamune)

لمبی، باریک اور نفاست کے ساتھ خم کھاتی ہوئی جاپانی تلوار۔ جاپان میں تلواروں کو ان کے مرصع دستوں اور خوبصورت نیاموں سے ہٹ کر خود تلوار کی دھار کی نفاست کو دیکھنے اور اس کی تعریف کرنے کا رواج بھی پایا جاتا ہے۔ جاپان میں قومی ورثہ قرار دی گئی یہ تلوار مسامُونے کی غیر دستخط شدہ تلوار کہلاتی ہے۔ اس کا ایک اور نام معروف کانزے مسامونے ہے۔ یہ جاپان میں تلوار سازی کے سنہرے دور 14ویں صدی میں جاپان کے مشہور آہن گر اور تلوار ساز ماسامُونے کی تیار کردہ ہے۔ تلوار کو قریب سے دیکھیں تو اس کے فولادی پھل پر، لکڑی کے قدرتی نقش و نگار جیسا ڈیزائن بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ خوبصورت نقش و نگار تلوار کی دھار کو مضبوط اور لچکداربنانے کے عمل کے دوران بنتے ہیں۔ مَسامُونے کی ساختہ تلواروں کو خصوصاً فولاد کی سطح پر موجود شاندار نقوش کے لیے پسند کیا جاتا ہے۔ تاہم، مسامونے کی شخصیت اور اس کا تلوار سازی کا فن، دونوں ہی تاریخ کے پردوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ حکمران طبقے میں مسامونے کی تلوار کا حامل ہونا عزت اور شان سمجھا جاتا تھا۔ سامورائی جنگجُو ان تلواروں کو عزت اور شان کے حامل تحائف کے طور پر بھی استعمال کرتے تھے، جس کے نتیجے میں یہ بہت سے ہاتھوں میں آتی جاتی رہتی تھیں۔