قبل از سانحہ یادوں کا ازسرنو دوام
فکوشیما پریفیکچر کے اوکُوما قصبے کا دورہ۔ فکوشیما دائی ایچی ایٹمی بجلی گھر اس قصبے کے ساحلی علاقے میں واقع ہے۔ سنہ 2019 میں اُن علاقوں پر سے انخلا کا حکم اٹھا لیا گیا تھا جنہیں آلودگی سے پاک کیا جا چکا ہے۔ چنانچہ رہائشیوں کی واپسی کے خیرمقدم کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ ایسے حالات میں جب قصبے کی سابقہ شکل و صورت مٹائی جا رہی ہے، مقامی حکومت نے تلفی کے منتظر مقامات سے حاصل کردہ اشیا کو محفوظ کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ (یہ پروگرام پہلی بار، 1 جون 2021 کو نشر کیا گیا تھا۔)
واپسی کے لیے مشکل علاقے میں تاریخی مواد کو بچانے اور محفوظ کرنے کی کوشش کا آغاز سنہ 2017 میں ہوا۔ سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ تابکاری کی سطح قابلِ قبول حدود کے اندر ہے۔
حاصل کردہ اشیا قصبے کے تابکاری سے پاک کردہ جمنازیم میں رکھی جاتی ہیں۔ نجی گھروں اور عوامی مراکز سے نو سو سے زائد اشیا یہاں اکٹھی کی گئی ہیں۔
ریسکیو ٹیم اوکُوما کے اُن رہائشیوں پر مشتمل ہے جو اسی پریفیکچر کے مختلف انخلائی مقامات سے جمع ہوئے ہیں۔ اوکُوما میں پندرہ سو سے زائد گھرانوں کو اپنی اُس زمین سے ہاتھ دھونے کا امکانی خطرہ درپیش تھا جو نسلوں سے انکی خاندانی میراث چلی آ رہی تھی۔