ویتنامی بیطار اور ہوکائیدو کے گھوڑے
شمالی جاپان کے ہوکائیدو پریفیکچر کے جنوبی علاقے اُراکاوا میں گھڑدوڑ میں حصہ لینے والے گھوڑوں کی پرورش اور تربیت کی جاتی ہے۔ یہاں 150 کے قریب گھوڑوں کے فارمز میں سالانہ 1300 سے زیادہ ایسے گھوڑوں کی پیدائش ہوتی ہے جو آگے چل کر گھڑدوڑ میں حصہ لیتے ہیں۔ تاہم حالیہ عرصے میں یہ فارمز محنت کشوں کی قلت سے متاثر ہیں۔ باؤ اور ہیُو ویتنام سے آئے ہیں اور انہیں ایک ایسے فارم نے ملازمت دی ہے جو گھوڑوں کے مہتمم ملازم رکھ رہا تھا۔ تو انکی روزانہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ (یہ پروگرام پہلی بار 6 جولائی 2021 کو نشر کیا گیا تھا)۔
24 سالہ گُوئین وان باؤ (بائیں) اور 33 سالہ گُوئین وان ہیُو (دائیں)۔ ہر چند کہ ابتدا میں وہ گھوڑوں سے متعلق بہت ہی کم جانتے تھے لیکن وہ، گھڑدوڑ میں حصہ لینے والے گھوڑوں کی افزائش اور پرورش کا ماہر بننے کی راہ پر پوری محنت و لگن کے ساتھ گامزن ہیں۔
یہ فارم ایسے گھوڑوں کی افزائش نسل اور پرورش کرتا ہے جنہیں بعد میں گھڑدوڑ کی تربیت کے لیے بھیج دیا جاتا ہے۔
باؤ اور ہیُو، اسی فارم میں ایک فلیٹ میں ساتھ رہتے ہیں۔ دونوں ہی سند یافتہ بیطار ہیں۔ تاہم جب وہ آئے تھے، جاپانی بالکل نہیں آتی تھی۔