
بان، بُدھ تقریبات میں استعمال کیا جانے والا ایک لمبا، باریک بینر ہے۔ ایسے بینر گُزر جانے والوں کی ارواح کے آرام و سکون یا زمین کی حفاظت کے لئے دعا وغیرہ کے دوران آویزاں کیے جاتے تھے۔ اگرچہ یہ بینر ریشم سے بنائے جاتے تھے، لیکن زیرِ مطالعہ یہ کانجو۔بان، گلٹ اور تانبے کی انتہائی باریک پلیٹوں سے بنایا گیا ہے۔ اور اس بینر کی کوئی دوسری مثال دستیاب نہیں ہے۔ 7 ویں صدی کے دوسرے نصف میں بنایا گیا یہ بینر نسل در نسل منتقل ہوتا ہوا جاپان کے ایک انتہائی قدیم مندر ہوریوجی پہنچا۔ یہ بینر پانچ میٹر سے زیادہ لمبا ہے اور عمدہ مُنبّت کاری سے مزیّن ہے جو کہ بُدھا اور آسمانوں میں آزادانہ محوِ رقص فرشتوں کی شبیہوں کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ منفرد اور شاندار بینر، قیاس ہے کہ جاپان میں بُدھ مت کو فروغ دینے والے شاہزادے شوتوکُو تائیشی کی بیٹی کے ایما پر تخلیق کیا گیا تھا۔ قومی عجائب گھر ٹوکیو کے مُہتمم جناب کاکُویُوکی مِیتا کے خیال کے مطابق اُس نے یہ بینر اپنے بڑے بھائی کی یاد میں بنوایا، جس نے شاہی جانشینی کے تنازعات کا شکار ہو کر خود کُشی کر لی تھی۔
