
نُوئی ہاکُو کاڑھے گئے نقش و نگار اور سونے چاندی کی پتّیوں سے مزیّن ایک کیمونو ہے۔ اس بار زیرِ مطالعہ نُوئی ہاکُو سُرخ اور سفید کپڑے کے چوکور اجزاء سے تیار کیا گیا ہے جس پر موسمی پودوں اور پھولوں کے متنوع ڈیزائنوں کی کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ ان ڈیزائنوں کے درمیان خالی جگہوں میں اصل سونے اور چاندی کی پتّیاں استعمال کی گئی تھیں۔ یہ شاندار پوشاک سولہویں صدی کے اواخر اور سترہویں صدی کے اوائل سے تعلق رکھتے مخصوص نقوش کا ابلاغ کرتی ہے اور قیاس کیا جاتا ہے کہ اسے اعلیٰ حیثیت کی حامل کسی خاتون کے لئے تیار کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں یہ نوہ تھیٹر میں اداکاروں کے لباس کے طور پر مستعمل رہی۔ جاپان کے اس خاص نوہ تھیٹر کو طاقتور سامورائی سرداروں اور ان سے بھی زیادہ تویوتومی ہِیدے یوشی کی جانب سے پذیرائی حاصل رہی، یہ وہ شخص تھا جس نے سولہویں صدی کے آخر میں جاپان کو متحد کیا۔ اس نے نہ صرف نوہ اداکاری میں مہارت حاصل کی، بلکہ خود اسٹج پر اس مہارت کے جوہر بھی دکھائے۔ ڈیزائنوں کے ارد گرد کچھ امتیازی علامات کو بغور دیکھا جائے تو یہ خیال ذہن میں اُترتا ہے کہ یہ نُوئی ہاکُو، ممکن ہے کہ خود ہِیدے یوشی کے گھرانے کی ملکیّت رہا ہو گا۔
