
آتّوشی – شمالی جاپان میں آباد قدیم آئینُو لوگوں کے روائتی کوٹ ہیں۔ 19 ویں صدی میں جمع کیے گئے آتّوشی کوٹ قومی عجائب گھر ٹوکیو کے مجموعے کا حصّہ ہیں۔ ایک دور تھا کہ جب آئینُو لوگ ہوکائیدو سے روسی مشرقِ بعید تک کے وسیع علاقے میں تجارت کیا کرتے تھے اور یُوں ایک مخصوص ثقافت نے جنم لیا۔ آتّوشی کو روزمرّہ کے پہناوے کے ساتھ ساتھ خاص مواقع پر بھی زیبِ تن کیا جاتا تھا، اور یہ آئینُو لوگوں کی مخصوص علامت رہا۔ اس کے لئے کپڑا لکڑی کے ریشوں سے تیّار کیا جاتا ہے۔ ہیئت میں، یہ کوٹ جاپانی کیمونو سے مشابہ ہیں، لیکن ان کے گہرے نیلے حاشیوں پر ایک بہاؤ کی سی کیفیّت کے حامل کاڑھے گئے آئینُو ڈیزائن نظر کو اپنے حصار میں لے لیتے ہیں۔ اس کے لئے دھاگے کی تیّاری، بُنائی، اور کشیدہ کاری بنیادی طور پر ایسی ہُنروری تصور کی جاتی تھی جسے صرف خواتین ہی انجام دیتی تھیں۔ آج آئینُو ثقافت کو محفوظ کرنے کا عزم ایک بار پھر سے مزید پختہ ہوا ہے اور خواتین آج بھی اُسی روائتی انداز سے آتّوشی تیّار کرتی آ رہی ہیں۔
