
’’ شاہی خاندان کی برطرفی اور روکُوہارا کی جانب سفر‘‘، یہ تیرھویں صدی میں تخلیق کیا جانے والا، ہئے جی خانہ جنگی کے روزنامچوں پر مبنی ، لگ بھگ چالیس سینٹی میٹر چوڑا اور نَو میٹر لمبا ایک طُومار ہے۔ یہ طُومار بارھویں صدی میں رُونما ہونے والے ایک وقوعے کے اصل واقعات کا عکاس ہے، جو اُس دور میں بہت سے سامورائی جنگجوؤں کے دلیرانہ رویّے کو ظاہر کرتا ہے کہ جب اُن کی طاقت اور اُن کا اثر و رسُوخ شہنشاہ اور روائتی حکمران طبقۂ اشرافیہ سے سبقت حاصل کرنے لگا تھا۔ تصاویر پر مبنی یہ طُومار، آٹھویں صدی میں زیادہ تر بدھ مت کے مقدّس مضامین کے تصویری خاکوں کی شکل میں چین سے جاپان منتقل ہوئے۔ انہیں انفرادی انداز سے تیّار کیا گیا اور وسیع تر موضوعات کی حامل کہانیاں تفصیل کے ساتھ بیان کرنے کے لئے یہ طُومار استعمال کیے گئے۔ اس طُومار کی تصاویر ملاحظہ کرنے کے لئے ناظر کو اسے نہائت فعال انداز سے اسے بار بار کھولنا اور لپیٹنا پڑتا ہے۔ یہ تصاویر یکے بعد دیگرے ایک اینیمیٹڈ کارٹون فلم کی مانند نمودار ہوتی ہیں۔ یہ شہ پارہ، سامورائی کی جنگی عظمت کا ایک تصور پیش کرنے کے حوالے سے، دیکھنے کی اس ممتاز تکنیک کے استعمال کا حامل ہے۔
