
چمکدار رنگوں سے آلو بخارے کے پیڑ اور چاند کی خوبصورت تصویر سے مزین چائے کی پتی کا مرتبان،، 17ویں صدی میں نِنسے کے اسٹوڈیو میں تیار کیا گیا تھا۔ اس میں پیڑ کا تنا اور شاخیں زیادہ تر سبز اور بھورے رنگ، جبکہ آلو بخارے کے پھول شوخ سرخ اور قرمزی رنگوں سے بنائے گئے ہیں۔ چاند سلور رنگ میں جبکہ بادل سنہرے رنگوں کے ہیں۔ اُس دور میں دستیاب تکنیک کے ذریعے ظروف پر پینٹنگ جیسی تصاوہر بنانا انتہائی مشکل تھا۔ کسی ہموار سطح پر بنی ہوئی تصویر کی بجائے، اس کا حقیقی درخت کی مانند ابھرا ہوا ہونا، ننسے کے غیر معمولی ہنر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ مرتبان، شکوکُو خطے کے مارُوگامے علاقے کے حکمران کیوگوکُو تکاتویو نے بنوایا تھا۔ نوجوان تکاتویو، پینٹنگز کا شائق تھا، اور دارالحکومت کیوتو سے بہت متاثر تھا۔ اس کی اس مرتبان کی تیاری کی مشکل خواہش کے جواب میں ننسے نے اپنے ہنر کو بھرپور طور پر استعمال کیا، جس سے فن کا یہ شہ پارہ وجود میں آیا۔ اُن دنوں کیوتو جدید فنون کا مرکز تھا، جہاں فنون کی تکنیک کے معیار کو انتہائی بلندی تک پہنچایا گیا تھا۔
