بھارتی آئی ٹی ماہرین کی تلاش کے لیے جاپانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون

تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی کے اس دور میں جاپانی کمپنیوں کو آئی ٹی انجینیئرز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اب بھارت میں اس شعبے کے ماہرین کے ایک بڑے پُول کے ذریعے انہیں مدد حاصل ہو سکتی ہے۔

ٹوکیو میں قائم آئی ٹی کمپنی سُکِلز، اپریل سے ضرورت کے مطابق ماہرین ڈھونڈنے کا آن لائن پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ یہ جاپانی کمپنیوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین کے ایک نیٹ ورک انڈین انسٹیٹیوٹس آف ٹیکنالوجی کے طلباء کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک کرے گی۔

ابتداء میں الیکٹرانکس سے ملبوسات سازی کی صنعتوں کے اداروں سمیت کوئی 20 کمپنیوں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کی توقع ہے۔ سُکلز کو امید ہے کہ اگلے سال تک تقریباً 100 کمپنیاں اس میں شامل ہو جائیں گی۔

کمپنی کے منتظم اعلیٰ نِشی یاما ناؤتاکا نے کہا کہ بھارت میں جاپان کی منفرد ٹیکنالوجیز میں دلچسپی بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی چاہتی ہے کہ ضرورت کے لحاظ سے بہترین افراد کو متعارف کروائے اور کسی بھی عدم مطابقت سے گریز کرے۔

ٹوکیو میں قائم ایک اور کمپنی ’فورتھ ویلی کنسرج‘ جاپانی کمپنیوں کے عملے کو بھارت کی یونیورسٹیوں میں بھیج کر ان کی تشہیری سرگرمیوں اور طلبہ کے ساتھ انٹرویو کے انتظامات میں مدد فراہم کرے گی۔

جاپان کی بیرونی تجارت کی تنظیم جیٹرو بھی جاپانی کمپنیوں کے لیے انڈین انسٹیٹیوٹس آف ٹیکنالوجی میں ملازمت کے میلے منعقد کرنے میں تعاون کرتی ہے۔