چینی وزیر خارجہ کا امریکہ سے دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر زور

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک فوری عالمی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

جناب وانگ پیر کے روز دارالحکومت بیجنگ میں چین-امریکہ تعلقات کے موضوع پر منعقدہ آن لائن فورم سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی چین سے متعلق پالیسی پر تنقید کی۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات کو مستحکم ترقی کی نہج پر واپس لانے کے لیے پہلے غلط فہمیوں کی دیواروں کو توڑنا ہوگا۔

جناب وانگ نے درخواست کی کہ امریکہ چینی مصنوعات پر سے غیر مناسب محصولات ختم کرے اور چینی کمپنیوں سمیت تحقیقی و تعلیمی اداروں پر یکطرفہ طور پر عائد کردہ اپنی پابندیوں کو اٹھائے۔

چینی وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی عالمگیر وباء، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی اقتصادی بحالی کو بین الاقوامی برادری کے لیے سب سے زیادہ اہم اہداف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی بھلائی کے لیے چین ان تین شعبوں میں امریکہ کے ساتھ پالیسیوں کو مربوط بنانے اور ملکر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔