ہایابُوسا 2 کیپسول کی نمائش

این ایچ کے کو معلوم ہوا ہے کہ ایک سیارچے کے نمونے زمین پر واپس لانے والے کیپسول کی مارچ میں ٹوکیو کے جنوب میں واقع کاناگاوا پریفیکچر کے ایک عجائب گھر میں نمائش کی جائے گی۔

سیارچے ریُوگُو سے مٹی کے نمونے لے کر ہایابُوسا 2 کیپسول دسمبر میں زمین پر پہنچا تھا۔ کیپسول میں جمع کیے گئے ان نمونوں کا جاپان خلائی تحقیقاتی ایجنسی، جاکسا، کی ایک تجربہ گاہ میں معائنہ کیا جا رہا ہے۔

خلا میں 5 ارب کلومیٹر کے قریب فاصلہ طے کرنے والے اس کیپسول کو عوام کے سامنے پہلی بار نمائش کے لیے ساگامی ہارا سٹی میوزیم میں 12 سے 16 مارچ تک پانچ دنوں کے لیے رکھا جائے گا۔ یہ عجائب گھر جاکسا کی تجربہ گاہ کے ساتھ واقع ہے۔