وزیراعظم کے بیٹے کی طرف سے کھانے کی مبینہ دعوت پر جاپانی پارلیمان میں بحث

جاپان کی وزارت مواصلات کے ایک سینئر عہدیدار نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے رات کے کھانے پر ہونے والی ایک میٹنگ میں سیٹلائٹ براڈکاسٹنگ کاروبار پر تبادلہ خیال کیا تھا اور اس دعوت کے تمام اخراجات نشریات سے متعلق ایک کمپنی نے برداشت کیے تھے۔ اس کمپنی میں کام کرنے والے وزیراعظم سُوگا یوشی ہیدے کے ایک بیٹے بھی دعوت میں شریک تھے۔

وزارت کے معلومات اور مواصلات بیورو کے سربراہ آکی موتو یوشی نوری نے یہ بات ایوان زیریں کی بجٹ کمیٹی میں جمعے کے روز بتائی۔

ایک جریدے نے حالیہ دنوں میں اطلاع دی تھی کہ جناب سُوگا کے بیٹے نے قانون کی ممکنہ خلاف ورزی کرتے ہوئے جناب آکی موتو اور دیگر سینئر عہدیداروں کی گزشتہ سال متعدد بار خاطر مدارات کی تھی۔ جریدے نے ایک آڈیو ریکارڈنگ کی جزوی تحریری نقل جاری کی تھی، جو اس کے مطابق دسمبر میں ہونے والی ملاقاتوں میں سے ایک میں کی گئی تھی۔

وزارت، نشریاتی شعبے کے معاملات سنبھالتی ہے اور متعلقہ فریقین کی طرف سے سرکاری عہدیدران کو تحائف دینے یا خاطر مدارات کرنے پر پابندی عائد ہے۔