جاپان اور امریکہ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جاپان میں امریکی افواج کی تعیناتی کے اخراجات میں جاپان کا حصہ، آئندہ مالی سال میں بھی موجودہ سطح پر برقرار رہے گا۔
اخراجات میں جاپان کے حصے کا تعین ہر 5 سال بعد ہوتا ہے۔ جاپان، دیگر اخراجات کے علاوہ امریکی فوجی اڈوں کے ملازمین کی تنخواہیں اور پانی و بجلی جیسی سہولیات کا ایک حصہ برداشت کرتا ہے۔
تازہ ترین مذاکرات نومبر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں شروع ہوئے تھے، جو جاپان کے حصے میں اضافہ چاہتے تھے۔ تاہم فریقین کسی سمجھوتے پر نہیں پہنچ سکے تھے۔ اخراجات کے حصے کا موجودہ معاہدہ رواں مالی سال کے اختتام تک ہے جو مارچ میں ختم ہو گا۔
دونوں فریقوں نے مالی سال 2021 کے لیے جاپان کا حصہ تقریباً ایک ارب 90 کروڑ ڈالر کی موجودہ سطح پر برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے، آئندہ سالوں کے لیے جاپان کے حصے پر مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ ان کا منصوبہ رواں سال کسی سمجھوتے پر پہنچنے کا ہے۔