ہاشی موتو سیئکو ٹوکیو اولمپکس انتظامی کمیٹی کی باضابطہ طور پر صدر منتخب

جاپان کی وزیر برائے اولمپکس ہاشی موتو سیئکو، ٹوکیو اولمپکس انتظامی کمیٹی کی باضابطہ طور پر اگلی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔ اُنہوں نے موری یوشیرو کی جگہ لی ہے۔

56 سالہ محترمہ سیئکو نے سیاست پر توجہ مرکوز کرنے کے فیصلے سے قبل چار سرمائی گیمز کے اسپیڈ اسکیٹنگ اور تین گرمائی گیمز کے سائیکلنگ مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔

انتخابی پینل نے یہ فیصلہ کرنے کی غرض سے سلسلہ وار بند کمرہ اجلاس منعقد کیے کہ تیاریوں کے حتمی مہینوں میں منتظمین کی قیادت کسے کرنی چاہیے۔

محترمہ ہاشی موتو کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ منتظمین کو اپنے پیشرو موری یوشیرو کے پیدا کردہ بین الاقوامی تنازعے سے باہر نکالیں۔ جناب موری نے استعفیٰ دینے کی پیشکش گزشتہ ہفتے کی تھی۔ اس سے پہلے انہوں نے صنفی تفریق کے حامل بیانات دیئے تھے جس پر شدید بین الاقوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔