محترمہ ہاشیموتو ٹوکیو اولمپک و پیرالمپک کمیٹی کے نئے صدر کی واحد امیدوار

این ایچ کے کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ٹوکیو گیمز آرگنائزنگ کمیٹی کے نئے صدر کے لیے امیدوار کا انتخاب کرنے کا ذمہ دار پینل، اپنے انتخاب کی فہرست کو فقط ایک امیدوار یعنی ٹوکیو اولمپک و پیرالمپک گیمز کی وزیر، ہاشیموتو سیکو تک محدود کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

موری یوشیرو کا جانشین امیدوار منتخب کرنے کے ذمہ دار پینل نے بدھ کے روز ٹوکیو میں تقریباً دو گھنٹہ طویل اجلاس منعقد کیا۔ منگل کے بعد یہ اس پینل کا دوسرا اجلاس تھا۔ آٹھ رکنی پینل کے بیشتر ارکان کھلاڑی ہیں۔

جناب موری نے گزشتہ ہفتے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی۔ قبل ازاں خواتین کے خلاف توہین آمیز خیال کیے گئے انکے کلمات پر انہیں سخت مذمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ذرائع نے این ایچ کے کو بتایا ہے کہ پینل محترمہ ہاشیموتو سے منصب قبول کرنے کی درخواست کرنے جا رہا ہے۔

لیکن جب پارلیمان میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان سے جناب موری کی جگہ لینے کی درخواست کی گئی ہے تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پینل نے ابھی محترمہ ہاشیموتو کی رائے معلوم نہیں کی ہے۔

اگر وہ پیشکش قبول کر لیں تو آرگنائزنگ کمیٹی جلد از جلد آئندہ ہفتے بورڈ اجلاس منعقد کر کے اپنے نئے صدر کا باضابطہ انتخاب کر لینے کی امید رکھتی ہے۔