بحیرہ جاپان کے ساحل پر واقع علاقوں میں شدید برفباری کا امکان

جاپان میں محکمہ موسمیات کے حکام خبردار کر رہے ہیں کہ بحیرہ جاپان کے رخ پر واقع علاقوں میں بدھ کے روز شدید برفباری کا امکان ہے۔ وہ لوگوں کو ٹریفک میں ممکنہ خلل سے ہوشیار رہنے کی تلقین کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم دباؤ کا نظام بننے اور موسم سرما کے شدید دباؤ والے پیٹرن نے زیادہ تر ساحلی علاقوں میں شدت اختیار کرتی تیز ہواؤں اور ہوکائیدو کے علاقوں میں شدید برفباری کو جنم دیا ہے۔

بنیادی طور پر بحیرہ جاپان کے ساحلی علاقوں میں برفباری میں شدت آ رہی ہے۔ بعد ازاں بدھ ہی کے روز ہوکائیدو سے لیکر کیوشُو تک کے بحیرہ جاپان کے رخ پر واقع علاقوں میں خصوصی طور پر شدید ہوائیں اور برفباری متوقع ہے۔

موسمیاتی حکام ، شمالی جاپان میں وہائٹ آؤٹ یعنی برفباری کی وجہ سے حد نظر کا صفر ہو جانے جیسی حالت پیدا ہو جانے سے خبردار کر رہے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ برفانی طوفانوں اور اُڑا لے جانے والی ہواؤں کے جنم لینے کا خطرہ ہے۔

ہوکائیدو، توہوکُو اور ہوکُوریکُو خطوں کے قریبی پانیوں میں بلند لہروں اور سمندر کے بپھرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ امکان ہے کہ پیچھے آنے والا سرد ہوا کا ایک طاقتور حجم جمعرات کے اختتام تک، ہوکائیدو سے لیکر کیوشُو تک کے بحیرہ جاپان کے رخ پر واقع خطے میں برفانی طوفان میں وقفے وقفے سے شدت لا سکتا ہے اور مغربی جاپان کے نشیبی علاقوں تک میں زمین پر برف جمع ہو سکتی ہے۔