کورونا وائرس کی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کے لیے کوپن جاری ہونگے

جاپانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ویکسین لگوانے کے لیے درکار کوپن، سب سے پہلے عمر رسیدہ شہریوں کو دیے جائیں گے۔

بلدیات، وسط مارچ سے عمر رسیدہ افراد کو کوپن ارسال کرنے کا آغاز کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ کوپن پر فرد کا نام اور مخصوص سیریل نمبر چھپا ہو گا۔ اس کوپن کا حامل فرد، ویکسین لگانے کے مرکز میں کوپن دکھا کر بلا معاوضہ ٹیکہ لگوا سکے گا۔

بنیادی طور پر مذکورہ فرد کو اُسی بلدیہ میں ٹیکہ لگایا جائے گا جس میں اسکی رہائش ہے لیکن بعض صورتوں میں اس قاعدے سے استثنیٰ ممکن ہے۔

اگر کوئی فرد مختلف بلدیہ میں ٹیکہ لگوانا چاہے تو اسے پیشگی طور پر بلدیہ کو درخواست دینا ہو گی۔

درخواست بذریعہ ڈاک، یا براہ راست بلدیہ دفتر کو یا پھر وزارت صحت کی ویب سائٹ کے ذریعے دی جا سکے گی۔ درخواست ہر فرد کے لیے معین کردہ عرصے کے دوران دینا ہو گی۔ بعض صورتوں میں اس طریقہ کار سے استثنیٰ بھی دیا جا سکتا ہے۔

جاپان میں رہائش پذیر غیر ملکی اُس بلدیہ میں ویکسین لگوا سکیں گے جہاں انکی رہائش کا اندراج ہو۔ باری آنے پر حکومت انکو اطلاع نامے بھیجے گی جن میں بلا معاوضہ ٹیکے لگوانے کا طریقہ کار درج ہو گا۔