آن سان سُوچی کی عدالتی سماعت کا امکان

توقع ہے کہ میانمار کی برطرف رہنماء آن سان سُوچی کی عدالتی سماعت جلد وڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہو گی۔

انہیں پہلی فروری کو فوجی بغاوت کے موقع پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔

جج کو پیش کردہ پولیس دستاویزات کے مطابق شبہ ہے کہ انہوں نے واکی ٹاکی ریڈیو غیر قانونی طور پر درآمد کیے اور انہیں بلا اجازت استعمال کیا تھا۔

محترمہ سُوچی کی حراست کی میعاد پیر کے روز ختم ہونے والی تھی۔ لیکن ایک جج نے ان کے وکیل کھِن ماؤنگ زو کو بتایا ہے کہ ان کی حراست میں بدھ کے روز تک توسیع کی جائے گی۔

اس وکیل کو یہ بھی بتایا گیا کہ توقع ہے کہ سماعت چند دنوں کے اندر وڈیو کانفرنس کے ذریعے ہو گی۔

مذکورہ وکیل نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگر آن سان سوچی نے وکیل کی خدمات لینے کا اپنا ارادہ واضح کر دیا تو انہیں وکیل سے ملنے کی اجازت ہو گی۔

آن سان سوچی کو حراست میں لیےجانے کے بعد سے انہیں عوام میں نہیں دیکھا گیا۔ مذکورہ وکیل کا کہنا تھا کہ وہ ان سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔