جاپان کی مجموعی ملکی پیداوار میں مسلسل دوسری سہ ماہی میں اضافہ

حکومت جاپان نے مجموعی ملکی پیداوار، جی ڈی پی کے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کر دیا ہے۔

اِن کے مطابق اکتوبر تا دسمبر کے دوران ملکی معیشت میں نمو ہوئی جو پھیلاؤ کی مسلسل دوسری سہ ماہی کی نشاندہی ہے۔

کابینہ دفتر کے مطابق جاپان کی جی ڈی پی میں سالانہ اعتبار سے گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں حقیقی معنوں میں 12.7 فیصد اضافہ ہوا جو کہ معیشت میں جولائی تا ستمبر کے دورانیے میں ہوئے 22.9 فیصد کے تاریخی اضافے کے مقابلے میں کم تر شرحِ نمو ہے۔

حکومتی اعداد و شمار سے یہ غمازی بھی ہوتی ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معیشت پر بوجھ ہونے کے سبب سنہ 2020 میں جی ڈی پی حقیقی معنوں میں 4.8 فیصد تک سکڑی۔ یہ سنہ 2009 کے عالمی مالیاتی بحران کے بعد بدترین کمی ہے۔