توہوکو خطے میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کم از کم 150 تک پہنچ گئی ہے۔

فُکُوشیما پریفیکچر کے کوری یاما شہر کے ایک رہائشی نے کہا ’’سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ ہر طرف بے ترتیبی ہے۔ افسوس، باورچی خانے کے تمام برتن ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں‘‘۔

میاگی پریفکچر کے ایک رہائشی نے بتایا ’’مجھے دس سال پہلے آنے والا زلزلہ یاد آ گیا۔ یہ ہولناک ہے۔ میں فکرمند ہوں‘‘۔

جوہری ضوابط کے نگران ادارے کے مطابق بحرالکاہل کے ساحل پر واقع جوہری بجلی گھروں میں کسی بھی بڑی خرابی کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

توہوکو اور کانتو خطوں کے لگ بھگ 8 لاکھ 50 ہزار گھروں میں بجلی کی فراہمی بیک وقت منقطع ہو گئی تھی۔ تاہم اسے رفتہ رفتہ بحال کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میاگی اور فُکُوشیما پریفیکچر کے بعض علاقوں میں پائپ ٹوٹنے کی وجہ سے پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔

جاپان کے صفر سے سات کے زلزلہ پیما پر زلزلے کی شدت پانچ-مثبت ریکارڈ کی گئی ہے۔