جاپانی شہنشاہ اور ملکہ کی پانی سے متعلق آن لائن کانفرنس میں شرکت

جاپان کے شہنشاہ نارُوہیتو اور ملکہ ماساکو نے جمعہ کے روز پانی اور حفظانِ صحت سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کا اہتمام اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حفظانِ آب مشاورتی بورڈ کے سابق ارکان نے کیا۔ یہ مشاورتی بورڈ سنہ 2004 سے دس سال سے زائد عرصہ سرگرمِ عمل رہا تھا۔

بطور ولی عہد، شہنشاہ اس بورڈ کے اعزازی صدر رہ چکے ہیں۔ بورڈ کی صدارت کرنے والے ہالینڈ کے شہنشاہ ویلم الیگزینڈر نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب کیا۔

جاپانی شہنشاہ نے کانفرنس سے انگریزی میں خطاب کیا۔ شاہی امور خانہ افسران کا کہنا ہے کہ شہنشاہ نے پانی سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے عالمی یکجہتی پر زور دیا۔

دس سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکا نے لیکچر سنے اور حفظانِ آب اور دنیا بھر میں محفوظ و صاف پانی کی فراہمی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپانی شہنشاہ، اپنے وسیع مطالعۂ آب کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دو گھنٹہ سے طویل دورانیے کی کانفرنس میں وہ بڑے انہماک سے اہم نکات تحریر کرتے رہے۔