چین نے ملک میں بی بی سی ورلڈ نیوز کی نشریات پر پابندی عائد کر دی

چین کی حکومت نے کہا ہے کہ بی بی سی ورلڈ نیوز کی چین میں نشریات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

چین کی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن نے یہ اعلان جمعے کے روز کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے ٹیلی ویژن چینل نے ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے مطابق خبروں کو حقیقت پر مبنی ہونا چاہیے تھا۔ لہذا چینل نے چین کے قومی مفاد کو نقصان پہنچایا ہے۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے میڈیا کی آزادی ختم کرنے کا ناقابل قبول عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’چین میں میڈیا اور انٹرنیٹ کی آزادی پر عائد پابندیوں کا شمار دنیا بھر میں ایسی سخت ترین پابندیوں میں کیا جاتا ہے اور اس حالیہ اقدام سے دنیا کی نظروں میں چین کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچے گا‘‘۔

قبل ازیں، بی بی سی نے چین کے نیم خود مختار سنکیانگ ویغور خطے میں تعلیم نو کے کیمپوں میں ویغور خواتین سے جنسی زیادتی کی اطلاع دی تھی۔

چین نے برطانیہ کی جانب سے برطانیہ میں چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی نشریات کا لائسنس منسوخ کرنے کی بھی شدید مخالفت ظاہر کی تھی۔