اسرائیل کے ایک جائزے کے مطابق فائزر ویکسین 93 فیصد مؤثر

اسرائیل کے صحت نگہداشت کے ایک سرکاری اہلکار کے مطابق فائزر و بیون ٹیک کی کورونا وائرس کی ویکسین اندازاً 93 فیصد مؤثر ہو گی۔

کووڈ 19 کے خلاف آبادی کو ویکسین کی فراہمی کی کاوشوں کے اعتبار سے اسرائیل دنیا میں سر فہرست ہے۔ اس نے گزشتہ سال دسمبر کے وسط سے ویکسین لگانا شروع کر دی تھی۔ لگ بھگ 36 لاکھ یعنی تقریباً 40 فیصد آبادی کو پہلی خوراک دی جا چکی ہے جبکہ 22 لاکھ 20 ہزار شہریوں کو دوسری خوراک بھی دے دی گئی ہے۔

ویکسینیشن کے ذمہ دار اداروں میں سے ایک ’’مَکّابی ہیلتھ کیئر سروسز‘‘ نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ 5 لاکھ 23 ہزار افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک دیے جانے کے کم از کم ایک ہفتے بعد ان میں سے صرف 5 سو 44 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

مَکّابی کا تخمینہ ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک دیے جانے کے 7 سے 8 روز کے بعد، اس کے مؤثر ہونے کی شرح 93 فیصد ہے۔ اس نے ان اعداد و شمار کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔