حکومت جاپان ہنگامی حالت برقرار رکھے گی

معاشی احیا کے وزیر نِشی مُورا یاسُوتوشی نے طبی نظاموں پر دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت، ہنگامی حالت کو فی الحال برقرار رکھے گی۔

جناب نِشی مُورا نے جمعہ کے روز مشاورتی پینل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ٹوکیو، اوساکا اور سب سے زیادہ متاثرہ 8 دیگر پریفکچروں میں جنوری کے اوائل سے نافذ ہنگامی حالت کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ پینل کا اجلاس کورونا وائرس کے خلاف خصوصی اقدامات کے ترمیم شدہ قانون کے مطابق، انسداد کورونا وائرس کے بنیادی حکومتی رہنما اصولوں کی مجوزہ نظرثانی پر تبادلہ خیال کے لئے منعقد ہوا تھا۔

کووڈ 19 کے خلاف ردعمل کے نگران جناب نِشی مُورا نے بتایا کہ اگرچہ نئے متاثرین کی تعداد میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے تاہم ہسپتالوں اور طبی نگہداشت کے نظاموں پر بدستور بوجھ ہے۔

انہوں نے انتباہ کیا کہ خاص طور پر عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کے مراکز میں کلسٹر انفیکشنز جاری ہیں اور معمر افراد میں متاثرین کی تعداد کم نہیں ہو رہی۔