بائیڈن اور مودی آزادانہ اور کھلے ہند بحرالکاہل پر متفق

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ایک آزاد اور بلاروک ٹوک ہند بحرالکاہل کو فروغ دینے کیلئے قریبی تعاون کرنے پر اتفاق رائے کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پیر کے روز ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ بائیڈن کے منصبِ صدارت سنبھالنے کے بعد سے یہ دونوں رہنماؤں کے مابین پہلی بات چیت تھی۔

وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ بائیڈن اور مودی نے خطے میں جہاز رانی اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ کُواڈ کے ذریعے مضبوط تر علاقائی ڈھانچے کی مشترکہ طور پر حمایت کرنے کی تصدیق کی۔ کُواڈ نامی فورم امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل ہے۔

بائیڈن کے پیشرو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحت امریکہ نے کُواڈ فورم استعمال کرتے ہوئے بحیرۂ جنوبی چین اور دیگر علاقوں میں چین کی پہلے سے زیادہ بحری سرگرمیوں پر قابو پانے کی کوشش کی تھی۔

پیر کے روز کی بات چیت سے معلوم ہوتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اسی مؤقف پر قائم رہے گی۔

صدر بائیڈن نے دنیا بھر میں جمہوری اداروں اور اصولوں کے دفاع کی اپنی خواہش پر بھی زور دیا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے یہ اتفاق رائے بھی کیا کہ میانمار میں قانون کی حکمرانی اور جمہوری عمل لازماً برقرار رکھے جانے چاہیئں۔