وزیر دفاع کی جاپان کی میری ٹائم ایس ڈی ایف کی آبدوز کو پیش آنے والے حادثے پر معذرت

جاپان کے وزیر دفاع کِشی نوبُواو نے جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کی آبدوز اور ایک تجارتی بحری جہاز کے درمیان جاپان کے جنوب مغربی ساحل کے قریب تصادم کے واقعے پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔

آبدوز سورئیو اور بحری جہاز کے درمیان تصادم کا یہ واقعہ جنوبی جاپان میں کوچی پریفیکچر کے ساحل کے نزدیک پیر کے روز پیش آیا ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں آبدوز پر سوار عملے کے تین افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ آبدوز کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

جناب کِشی نے منگل کے روز نامہ نگاروں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت معذرت خواہ ہیں کہ اس حادثے نے عوام میں تشویش کو جنم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کوسٹ گارڈ تصادم کے اس معاملے کی تفتیش کر رہا ہے اور وزارت دفاع اور سیلف ڈیفنس فورسز اس تفتیش میں مکمل تعاون کریں گی۔

منگل کے روز ہی، وزیر ٹرانسپورٹ، آکابا کازُویوشی نے کہا ہے کہ یہ تجارتی جہاز بڑا باربردار بحری جہاز اوشین آرٹیمس تھا، جو ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحری جہاز پر سوار کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور یہ جہاز بلا رکاوٹ جہاز رانی کے قابل تھا۔