بھارت میں گلیشیئر ٹوٹنے سے 11 افراد ہلاک، 150 لاپتہ

بھارت کی شمالی ریاست اُتر اکھنڈ میں ایک پہاڑی گلیشیئر کے ٹوٹنے کے نتیجے میں برفانی تودے اور کیچڑ نشیبی دریا میں گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق اتوار کے روز شدید سیلاب آنے سے دریا کی نشیبی جانب ایک پن بجلی گھر اور دیگر سہولیات تباہ ہوگئیں۔ اس سانحے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ حکام کے مطابق تقریباً 150 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

فوج اور پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 27 افراد کو بچا لیا ہے، جن میں ایک سرنگ سے نکالے جانے والے 10 کارکن شامل ہیں۔

باور کیا جاتا ہے کہ ایک اور سرنگ میں تقریباً 40 کارکن پھنسے ہوئے ہیں، جہاں امدادی کارکن بھاری مشینری کی مدد سے ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گلیشیئر کے ٹوٹنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔