ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین کی جانب سے صنفی مساوات کا پیغام

ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کی انتظامی کمیٹی نے اپنے سربراہ موری یوشیرو کے خواتین بورڈ ارکان سے متعلق بیان کے بارے میں اتوار کے روز اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ مرد و زن کی مساوات، ٹوکیو گیمز کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے۔

’ٹوکیو 2020 اور صنفی مساوات‘ کے عنوان سے جاریکردہ اس پیغام میں انتظامی کمیٹی کے مطابق جناب موری نے کہا ہے ’جاپان آرگنائزنگ کمیٹی کی کونسل کے اجلاس میں میرے حالیہ الفاظ غیر مناسب تھے اور اولمپک و پیرالمپک کی روح کے بھی برعکس تھے‘۔

کمیٹی نے کہا ہے کہ اس کے بنیادی تصور میں ’تنوع اور ہم آہنگی‘ شامل ہے اور صنفی مساوات ٹوکیو گیمز کا ایک بنیادی اصول ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ کے کھیل مرد و زن کی مساوات کے لحاظ سے ہمیشہ سے بڑھ کر ہوں گے۔

مذکورہ کمیٹی نے مزید کہا کہ ٹوکیو 2020 ہمارے تصور کی تجدید ہے اور کھیلوں کی تیاریاں معاشرے کی بہتری، مختلف و متنوع افراد کی شمولیت اور ان کی عزت کے ہدف کے تحت جاری رہیں گی، اور یہ کہ تنوع میں دیگر چیزوں کے علاوہ قوم، نسل اور صنف بھی شامل ہے۔