ٹوکیو حصص منڈی کا اشاریہ 29 ہزار کی سطح سے اوپر پہنچ گیا

ٹوکیو حصص منڈی کا معیاری اشاریہ تقریباً ساڑھے 30 سال میں پہلی بار پیر کے روز 29 ہزار سے زیادہ پر پہنچ گیا۔

225 حصص کے نکے اشاریہ کا بند بھاؤ جمعہ کے بند بھاؤ کے مقابلے میں 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 29 ہزار 388 رہا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے اثرات سے نمٹنے کی غرض سے معیشت میں تیزی لانے کے لئے امریکہ کے اضافی اقدامات کی توقع میں سرمایہ کاروں نے خریداری کے آرڈر دیے۔

منڈی ذرائع نے جاپانی کمپنیوں کے اندراج کروائے گئے مضبوط مالیاتی نتائج اور امریکہ، برطانیہ و دیگر ملکوں میں کورونا وائرس ویکسینیشن میں ہونے والی پیشرفت کا حوالہ بھی دیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ حصص قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ بلند توقعات بھی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر محتاط انداز میں نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا کہ جاپان میں ویکسین لگانے کے آغاز سمیت دیگر چیزیں کیا رخ اختیار کریں گی۔