برطانوی نگران ادارے نے چائنا ٹی وی کا نشریاتی لائسنس منسوخ کر دیا

برطانیہ میں میڈیا کے نگران ادارے کے مطابق انگریزی زبان میں چلنے والے چین کے سرکاری بین الاقوامی چینل چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن کو ملک میں نشریات پیش کرنے کے لیے دیا گیا اجازت نامہ واپس لے لیا گیا ہے۔

نگران ادارے آفکوم نے چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک، سی جی ٹی این، کے لائسنس کی تنسیخ کا اعلان جمعرات کے روز کیا۔

آفکوم نے کہا ہے کہ برطانیہ کے نشریاتی قوانین کے مطابق ’’نشریات پیش کرنے کی اجازت لینے والوں کو دکھائے جانے والے پروگراموں کی نگرانی سمیت لائسنس یافتہ سروس پر مکمل ایڈیٹوریل کنٹرول حاصل ہونا چاہیے‘‘۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ان قوانین کے تحت، اجازت نامہ لینے والے کسی سیاسی تنظیم کے کنٹرول میں نہیں ہو سکتے‘‘۔

آفکوم کے مطابق تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ سی جی ٹی این سروس کی لائسنس یافتہ چین کی میڈیا کمپنی کو ’’چینل پر پیش کردہ نشریات‘‘ میں ’’ایڈیٹوریل ذمہ داری پر کنٹرول حاصل نہیں‘‘ لہذا ’’یہ نشریات پیش کرنے کی قانونی مجاز نہیں‘‘ ہے۔

آفکوم نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کارپوریشن کو یہ لائسنس منتقل کرنے کی درخواست کی منظوری دینے سے قاصر ہے۔

نگران ادارے نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیم، ’’اجازت نامے کے لیے نا اہل ہو گی، کیونکہ اس کا انتظام ایک ایسے ادارے کے پاس ہے، جس کو حتمی طور پر چین کی کمیونسٹ پارٹی کنٹرول کرتی ہے‘‘۔