اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا آنگ سان سُو چی اور دیگر کی رہائی پر زور

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار میں پیر کے روز فوج کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے کے دوران حراست میں لی گئی محترمہ آنگ سان سُو چی اور دیگر تمام افراد کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔

کونسل کی صدر اور اقوام متحدہ میں برطانیہ کی سفیر محترمہ باربرا وڈورڈ نے جمعرات کے روز ایک پریس بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان سے دو روز قبل میانمار کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کی مذمت کے لیے برطانیہ کی طرف سے پیش کیے گئے بیان کے مسودے پر کونسل کے ارکان کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا۔

پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے میانمار کی فوج کی طرف سے ہنگامی حالت نافذ کرنے کے اعلان اور آنگ سان سُو چی اور صدر وِن مِن سمیت سرکاری عہدیداروں کی ’’جبری حراست‘‘ پر ’’گہری تشویش کا اظہار‘‘ کیا ہے۔