جاپان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے میانمار میں حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف مذمتی قرار داد تیار کر لی

جاپان کی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، ایل ڈی پی، نے ایک قرار داد تیار کی ہے، جس میں میانمار کی فوج کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے کی مذمت کی گئی ہے۔

ایل ڈی پی کے قانون سازوں نے جمعے کے روز ایک مشترکہ اجلاس میں یہ قرار داد تیار کی ہے۔

اس قرار داد میں فوج کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میانمار کی فوج کے اقدامات جمہوریت رائج کرنے کے عمل کے خلاف ہیں۔

اس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ میانمار سے مضبوط تعلقات رکھنے والے ملک کی حیثیت سے جاپان کو انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہے۔ بیان میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ میانمار کی فوج کو اسٹیٹ کونسلر آنگ سان سُو چی سمیت تمام زیر حراست افراد فوری رہا کرنے اور گزشتہ سال کےعام انتخابات کے نتائج پر مبنی جمہوری سیاسی نظام بحال کرنے کا کہا جائے۔