بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا ٹوکیو اولمپک کمیٹی کے سربراہ کے بیان کو ’’معاملہ ختم شد‘‘ قرار دینے کا اعلان

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، ’’آئی او سی‘‘ نے بیان دیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کی منتظم کمیٹی کے سربراہ کی جانب سے خواتین کے بارے نازیبا بیان پر معذرت کے بعد وہ اس معاملے کو ’’ختم شد‘‘ سمجھتی ہے۔

جناب موری یوشیرو نے بدھ کے روز جاپانی اولمپک کمیٹی کے کونسلروں کے غیر معمولی اجلاس کے دوران کہا تھا کہ خواتین کے ساتھ بورڈ اجلاسوں میں کافی وقت لگتا ہے کیونکہ وہ بہت زیادہ باتیں کرتی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے اس بیان کو جمعرات کے روز واپس لیتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ نا مناسب اور اولمپکس و پیرالمپکس کی روح کے منافی تھے۔

بعد ازاں اسی روز انہوں نے شام کے ایک نیوز پروگرام میں شرکت کی اور کہا کہ ان کی نیت خواتین کی توہین کرنے کی نہیں تھی۔

آئی او سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جناب موری کی معذرت کے بعد وہ اس معاملے کو ’’ختم شد‘‘ باور کرتی ہے۔ اس بیان میں اس امر کو بھی سراہا گیا کہ ٹوکیو گیمز میں خواتین کی شرکت کا تناسب 48.8 فیصد ہونے سے مرد و خواتین اتھلیٹس کی فیصد تعداد لگ بھگ مساوی ہو گی۔