امریکہ اور روس کے درمیان جوہری معاہدے کی توسیع

امریکہ اور روس نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کلیدی جوہری معاہدے میں 5 سال کی توسیع کی ہے۔

دونوں حکومتوں نے بدھ کے روز بتایا کہ انہوں نے اسٹراٹیجک اسلحے میں کمی کے معاہدے ’نیو اسٹارٹ‘ کو 5 فروری 2026 تک توستع دینے کی کارروائی مکمل کر لی ہے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک نصب شدہ اسٹراٹیجک نیوکلیئر وار ہیڈز کی تعداد میں کمی کر کے، انہیں ایک ہزار 550 تک لانے کے پابند ہیں۔ معاہدے کے تحت بیلسٹک میزائلوں اور دیگر لانچرز کی تعداد بھی 800 سے زائد نہیں رکھی جا سکتی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ نیو اسٹارٹ معاہدے میں توسیع سے امریکہ، اس کے اتحادی و شراکتدار اور دنیا، زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ چین کے جدید اور بڑھتے ہوئے جوہری اسلحے کے خطرات کو کم کرنے کے لیے بھی اسلحے پر کنٹرول کی کوششیں کریں گے۔